سبق نمبر 79
یسوع نے بہت سے معجزے کیے
یسوع زمین پر خدا کی بادشاہت کی خوشخبری سنانے آئے تھے۔ یہوواہ نے اُنہیں پاک روح دی تاکہ وہ معجزے کر سکیں اور لوگوں کو یہ دِکھا سکیں کہ بادشاہ بننے کے بعد وہ کیا کچھ کریں گے۔ وہ کسی بھی طرح کی بیماری کو دُور کر سکتے تھے۔ وہ جہاں بھی جاتے تھے، بیمار لوگ اُن کے پیچھے آتے تھے اور وہ اُنہیں ٹھیک کر دیتے تھے۔ اندھے دیکھنے لگے، بہرے سننے لگے اور جو بستر سے اُٹھ نہیں سکتے تھے، وہ چلنے پھرنے لگے۔ یسوع نے تو لوگوں میں سے بُرے فرشتوں کو بھی نکالا۔ اگر کوئی شخص یسوع کے کپڑوں کے کونے کو بھی چُھو لیتا تھا تو وہ ٹھیک ہو جاتا تھا۔ یسوع جہاں بھی جاتے تھے، لوگ اُن کے پیچھے پیچھے آتے تھے۔ یسوع اُس وقت بھی لوگوں کو اپنے پاس آنے سے نہیں روکتے تھے جب وہ کچھ وقت کے لیے اکیلے رہنا چاہتے تھے۔
ایک بار جب یسوع ایک گھر میں رُکے ہوئے تھے تو کچھ لوگ اُن کے پاس ایک ایسے آدمی کو لائے جو اپنے بستر سے اُٹھ نہیں سکتا تھا۔ لیکن گھر میں اِتنی زیادہ بِھیڑ تھی کہ وہ اندر نہیں آ پائے۔ اِس لیے اُنہوں نے چھت کھول کر اِس میں ایک بڑا سا سوراخ کر دیا اور اُس آدمی کو نیچے یسوع کے پاس اُتار دیا۔ پھر یسوع نے اُس آدمی سے کہا: ”اُٹھیں اور چلیں پھریں!“ جب وہ چلنے پھرنے لگا تو لوگ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے۔
ایک بار جب یسوع ایک گاؤں میں جا رہے تھے تو دُور ہی دس ایسے آدمی کھڑے تھے جنہیں کوڑھ کی بیماری تھی۔ اُنہوں نے چلّا کر کہا: ”یسوع! ہماری مدد کریں۔“ اُس زمانے میں کوڑھیوں کو دوسرے لوگوں کے پاس آنے کی اِجازت نہیں تھی۔ یسوع نے اُن آدمیوں سے کہا کہ وہ ہیکل جائیں کیونکہ یہوواہ کی شریعت میں کہا گیا تھا کہ جب کوئی کوڑھی ٹھیک ہو جائے تو وہ ہیکل جائے۔ جب وہ ہیکل جا رہے تھے تو وہ راستے میں ہی ٹھیک ہو گئے۔ جب اُن میں سے ایک کوڑھی نے دیکھا کہ وہ ٹھیک ہو گیا ہے تو وہ واپس آیا اور اُس نے یسوع کو شکریہ کہا اور خدا کی بڑائی کی۔ اُن دس آدمیوں میں سے صرف ایک نے یسوع کو شکریہ کہا۔
ایک عورت 12 سال سے بیمار تھی اور وہ فوراً ٹھیک ہونا چاہتی تھی۔ وہ ایک بِھیڑ میں یسوع کے پیچھے آئی اور اُس نے یسوع کی چادر کو چُھوا۔ وہ اُسی وقت ٹھیک ہو گئی۔ یسوع نے پوچھا: ”میری چادر کو کس نے چُھوا ہے؟“ وہ عورت بہت ڈر گئی۔ لیکن اُس نے یسوع کو بتایا کہ اُس نے ایسا کِیا ہے۔ یسوع نے اُسے تسلی دی اور اُس سے کہا: ”بیٹی! جیتی رہیں۔“
یائیر نام کے ایک پیشوا نے یسوع سے کہا: ”میرے گھر چلیں! میری بچی بہت بیمار ہے۔“ لیکن جب تک یسوع یائیر کے گھر پہنچے تب تک وہ بچی مر چُکی تھی۔ جب یسوع یائیر کے گھر پہنچے تو اُنہوں نے دیکھا کہ بہت سے لوگ ماتم کرنے آئے ہوئے ہیں۔ یسوع نے اُن سے کہا: ”روئیں مت۔ بچی مری نہیں بلکہ سو رہی ہے۔“ اُنہوں نے اُس بچی کا ہاتھ پکڑا اور اُس سے کہا: ”بیٹی، اُٹھ جاؤ!“ وہ بچی فوراً اُٹھ بیٹھی اور یسوع نے اُس کے امی ابو سے کہا کہ وہ اُسے کھانے کے لیے کچھ دیں۔ ذرا سوچیں کہ اُس کے امی ابو کتنے خوش ہوئے ہوں گے!
”خدا نے یسوع ناصری کو پاک روح سے مسح کِیا اور اُنہیں طاقت بخشی۔ اور وہ سارے ملک میں گھومے اور اُنہوں نے لوگوں کے ساتھ بھلائی کی اور ایسے لوگوں کو شفا دی جو اِبلیس کے ظلم کا شکار تھے کیونکہ خدا اُن کے ساتھ تھا۔“—اعمال 10:38