سبق نمبر 60
ایک ایسی حکومت جو ہمیشہ تک رہے گی
ایک رات نبوکدنضر نے ایک عجیب خواب دیکھا۔ وہ اِتنا پریشان ہو گیا تھا کہ وہ پوری رات سو نہیں پایا۔ اُس نے اپنے جادوگروں کو بُلایا اور اُن سے کہا: ”مجھے میرے خواب کا مطلب بتاؤ۔“ اُنہوں نے کہا: ”بادشاہ سلامت! بتائیں کہ آپ نے کیا خواب دیکھا ہے۔“ لیکن نبوکدنضر نے اُن سے کہا: ”نہیں! تُم بتاؤ کہ مَیں نے کیا خواب دیکھا ورنہ مَیں تمہیں مار ڈالوں گا!“ اُنہوں نے دوبارہ کہا: ”ہمیں بتائیں کہ آپ نے کیا خواب دیکھا ہے۔ پھر ہم آپ کو اُس کا مطلب بتا پائیں گے۔“ بادشاہ نے کہا: ”تُم لوگ مجھے ٹالنا چاہ رہے ہو۔ بتاؤ کہ مَیں نے کیا خواب دیکھا ہے!“ اُنہوں نے بادشاہ سے کہا: ”اِس پوری زمین پر کوئی ایسا شخص نہیں ہے جو آپ کو بتا سکے کہ آپ نے کیا خواب دیکھا ہے۔ آپ جو چاہ رہے ہیں، وہ نہیں ہو سکتا۔“
نبوکدنضر کو اِتنا غصہ آیا کہ اُس نے ملک کے سارے دانشوروں کو مار ڈالنے کا حکم دے دیا۔ اِن دانشوروں میں دانیایل، سدرک، میسک اور عبدنجو بھی تھے۔ دانیایل نے بادشاہ سے تھوڑا وقت مانگا۔ پھر اُنہوں نے اور اُن کے دوستوں نے یہوواہ سے دُعا کی اور اُس سے مدد مانگی۔ یہوواہ نے کیا کِیا؟
یہوواہ نے ایک رُویا میں دانیایل کو نبوکدنضر کا خواب دِکھایا اور اِس کا مطلب بھی بتایا۔ اگلے دن دانیایل بادشاہ کے ایک خادم کے پاس گئے اور اُس سے کہا: ”کسی دانشور کو مت مارنا۔ مَیں بادشاہ کے خواب کا مطلب بتا سکتا ہوں۔“ وہ خادم دانیایل کو نبوکدنضر کے پاس لایا۔ دانیایل نے بادشاہ سے کہا: ”خدا نے آپ کو بتا دیا ہے کہ مستقبل میں کیا ہوگا۔ آپ نے خواب میں ایک بہت بڑی مورت دیکھی تھی جس کا سر سونے کا، سینہ اور بازو چاندی کے، پیٹ اور رانیں پیتل کی، ٹانگیں لوہے کی اور پاؤں لوہے اور مٹی کے تھے۔ پھر پہاڑ سے ایک پتھر آیا جو مورت کے پاؤں سے ٹکرایا۔ وہ مورت ٹکڑے ٹکڑے ہو کر بالکل خاک بن گئی اور ہوا اُسے اُڑا لے گئی۔ وہ پتھر بڑا پہاڑ بن گیا اور پوری زمین پر پھیل گیا۔“
پھر دانیایل نے کہا: ”آپ کے خواب کا مطلب یہ ہے: آپ کی حکومت سونے کا سر ہے۔ چاندی وہ حکومت ہے جو آپ کے بعد آئے گی اور اُس کے بعد جو حکومت آئے گی، وہ تانبے کی طرح ہوگی۔ وہ پوری زمین پر حکومت کرے گی۔ اِس سے اگلی حکومت لوہے کی طرح مضبوط ہوگی۔ پھر ایک ایسی حکومت آئے گی جو بٹی ہوئی ہوگی۔ وہ کچھ معاملوں میں لوہے کی طرح مضبوط ہوگی اور کچھ معاملوں میں مٹی کی طرح کمزور۔ جو پتھر پہاڑ بن گیا تھا، وہ خدا کی حکومت ہے۔ یہ حکومت باقی سب حکومتوں کو ختم کر دے گی اور ہمیشہ تک قائم رہے گی۔“
نبوکدنضر دانیایل کے سامنے زمین تک جھکا۔ اُس نے کہا: ”تمہارے خدا نے تمہیں اِس خواب کا مطلب بتایا۔ اُس جیسا کوئی اَور خدا نہیں۔“ دانیایل کی جان لینے کی بجائے نبوکدنضر نے اُنہیں دانشوروں کا سربراہ اور بابل کے پورے صوبے کا حاکم بنایا۔ کیا آپ نے دیکھا کہ یہوواہ نے دانیایل کی دُعا کا جواب کیسے دیا؟
”اُنہوں نے اُن بادشاہوں کو اُس جگہ جمع کِیا جسے عبرانی میں ہرمجِدّون کہتے ہیں۔“—مُکاشفہ 16:16