سبق نمبر 49
ایک بُری ملکہ کو سزا ملی
بادشاہ اخیاب کو یزرعیل میں اپنے محل کی کھڑکی سے انگور کا ایک باغ نظر آتا تھا۔ یہ باغ نبوت نام کے ایک شخص کا تھا۔ اخیاب چاہتا تھا کہ وہ باغ اُس کو مل جائے اور اُس نے اِسے نبوت سے خریدنے کی کوشش کی۔ لیکن نبوت نے انگور کا باغ بیچنے سے منع کر دیا کیونکہ اُنہیں یہ باغ وراثت میں ملا تھا اور وراثت میں ملنے والی زمین کو بیچنا یہوواہ کے قانون کے خلاف تھا۔ کیا اخیاب نے اِس بات کی قدر کی کہ نبوت صحیح کام کرنا چاہ رہے ہیں؟ جی نہیں۔ اخیاب کو تو بہت غصہ آیا۔ وہ اِتنے غصے میں تھا کہ وہ نہ تو اپنے کمرے سے باہر آ رہا تھا اور نہ ہی کچھ کھا رہا تھا۔
اخیاب کی بیوی بہت بُری تھی۔ اُس کا نام اِیزِبل تھا۔ اُس نے اخیاب سے کہا: ”تُم اِسرائیل کے بادشاہ ہو۔ تُم جو چاہو، تمہیں مل سکتا ہے۔ مَیں تمہیں وہ زمین دِلاؤں گی۔“ اُس نے شہر کے بزرگوں کو خط لکھے اور اُن سے کہا کہ وہ نبوت پر خدا کی توہین کا اِلزام لگا کر اُسے پتھر مار مار کر مار ڈالیں۔ بزرگوں نے وہی کِیا جو اِیزِبل نے اُن سے کہا تھا۔ پھر اِیزِبل نے اخیاب سے کہا: ”نبوت مر چُکا ہے۔ اب وہ باغ تمہارا ہے۔“
اِیزِبل نے صرف نبوت کو ہی نہیں بلکہ اَور بھی ایسے بہت سے لوگوں کو مار ڈالا تھا جو یہوواہ سے پیار کرتے تھے اور جنہوں نے کچھ غلط نہیں کِیا تھا۔ وہ بُتوں کی پوجا کرتی تھی اور اَور بھی بہت سے بُرے کام کرتی تھی۔ یہوواہ اُس کے سارے بُرے کام دیکھ رہا تھا۔ اُس نے اِیزِبل کے ساتھ کیا کِیا؟
اخیاب کی موت کے بعد اُس کا بیٹا یہورام بادشاہ بنا۔ یہوواہ نے یاہو نام کے ایک شخص کو اِیزِبل اور اُس کے گھر والوں کو سزا دینے بھیجا۔
یاہو اپنے رتھ پر سوار ہو کر یزرعیل گئے جہاں اِیزِبل رہتی تھی۔ یہورام اپنے رتھ پر یاہو سے ملنے آیا اور اُس نے اُن سے پوچھا: ”کیا ہمارے بیچ امن ہے؟“ یاہو نے کہا: ”جب تک تمہاری ماں اِیزِبل بُرے کام کرنا نہیں چھوڑے گی تب تک امن نہیں ہو سکتا۔“ یہورام نے اپنا رتھ گھما کر وہاں سے بھاگنے کی کوشش کی۔ لیکن یاہو نے اُس پر تیر چلایا اور وہ مر گیا۔
پھر یاہو اِیزِبل کے محل گئے۔ جب اِیزِبل کو پتہ چلا کہ یاہو آ رہے ہیں تو اُس نے میکاپ کِیا، اپنے بال بنائے اور کھڑکی سے نیچے دیکھنے لگی۔ جب یاہو وہاں پہنچے تو اُس نے اُن سے بڑی بُری طرح بات کی۔ یاہو نے اُونچی آواز میں اِیزِبل کے نوکروں سے کہا: ”اِسے نیچے پھینک دو!“ نوکروں نے اِیزِبل کو کھڑکی سے نیچے پھینک دیا اور وہ مر گئی۔
اِس کے بعد یاہو نے اخیاب کے 70 بیٹوں کو بھی مار دیا اور پورے ملک سے بعل کی پرستش کو ختم کر دیا۔ اِس سے پتہ چلتا ہے کہ یہوواہ سب کچھ جانتا ہے اور وہ صحیح وقت پر بُرے کام کرنے والوں کو سزا دیتا ہے۔
”چاہے ایک شخص لالچ کر کے وراثت پا بھی لے، آخر میں اُسے برکت نہیں ملے گی۔“—اَمثال 20:21