سبق نمبر 43
بادشاہ داؤد کا گُناہ
جب ساؤل فوت ہوئے تو داؤد بادشاہ بنے۔ اُس وقت وہ 30 سال کے تھے۔ جب داؤد کو بادشاہ بنے کچھ سال ہو چُکے تھے تو ایک رات اُنہوں نے اپنے محل کی چھت سے ایک خوبصورت عورت کو دیکھا۔ جب اُنہوں نے اُس کے بارے میں پوچھا تو اُنہیں پتہ چلا کہ اُس کا نام بَتسبع ہے اور وہ اُوریاہ نام کے ایک فوجی کی بیوی ہے۔ داؤد نے بَتسبع کو اپنے محل میں بُلوایا۔ اُنہوں نے بَتسبع کے ساتھ جنسی تعلق قائم کِیا اور وہ حاملہ ہو گئیں۔ داؤد نے اپنی اِس غلطی کو چھپانے کے لیے اپنی فوج کے سربراہ سے کہا کہ وہ اُوریاہ کو جنگ میں سب سے آگے رکھے اور باقی سارے فوجی پیچھے ہٹ جائیں۔ جب اُوریاہ جنگ میں مارے گئے تو داؤد نے بَتسبع سے شادی کر لی۔
یہوواہ یہ سارے بُرے کام دیکھ رہا تھا۔ اُس نے کیا کِیا؟ اُس نے اپنے نبی ناتن کو داؤد کے پاس بھیجا۔ ناتن نے داؤد سے کہا: ”ایک امیر آدمی کے پاس بہت سی بھیڑیں تھیں اور ایک غریب آدمی کے پاس صرف ایک چھوٹا میمنا تھا جس سے وہ بہت زیادہ پیار کرتا تھا۔ اُس امیر آدمی نے غریب آدمی کا وہ میمنا لے لیا۔“ یہ سُن کر داؤد کو بہت غصہ آیا اور اُنہوں نے کہا: ”اُس امیر آدمی کو مار ڈالنا چاہیے!“ پھر ناتن نے داؤد سے کہا: ”وہ امیر آدمی آپ ہیں۔“ داؤد کو بہت دُکھ ہوا۔ اُنہوں نے ناتن سے کہا: ”مَیں نے یہوواہ کے خلاف گُناہ کِیا ہے۔“ اِس گُناہ کی وجہ سے داؤد اور اُن کے گھرانے پر بہت سی مشکلیں آئیں۔ یہوواہ نے داؤد کو سزا دی لیکن اُس نے اُنہیں زندہ رہنے دیا کیونکہ وہ ایماندار اور خاکسار تھے۔
داؤد یہوواہ کے لیے ایک ہیکل بنانا چاہتے تھے۔ لیکن یہوواہ نے داؤد کے بیٹے سلیمان کو ہیکل بنانے کے لیے چُنا۔ داؤد نے سلیمان کی مدد کرنے کے لیے تیاریاں کرنی شروع کر دیں اور کہا: ”یہوواہ کی ہیکل بہت عالیشان ہونی چاہیے۔سلیمان ابھی چھوٹے ہیں۔ لیکن مَیں اُن کی مدد کروں گا اور ساری تیاریاں کروں گا۔“ داؤد نے ہیکل بنانے کے لیے اپنا بہت سا پیسہ عطیات کے طور پر دیا۔ اُنہوں نے ہیکل بنوانے کے لیے ماہر کاریگروں کو بھی ڈھونڈا۔ اُنہوں نے سونا اور چاندی جمع کی اور صُور اور صیدا سے دیودار کی لکڑی منگوائی۔ اپنی زندگی کے آخری دنوں میں داؤد نے سلیمان کو ہیکل کا نقشہ دیا اور اُن سے کہا: ”یہوواہ نے مجھے کہا ہے کہ مَیں یہ باتیں آپ کے لیے لکھوں۔ یہوواہ آپ کی مدد کرے گا۔ اِس لیے ڈرنا نہیں۔ہمت رکھنا اور کام میں لگے رہنا۔“
”جو اپنے گُناہوں پر پردہ ڈالتا ہے، وہ کامیاب نہیں ہوگا لیکن جو اِن کا اِقرار کرتا اور اِنہیں چھوڑ دیتا ہے، اُس پر رحم کِیا جائے گا۔“—اَمثال 28:13