کہانی نمبر ۴۵
دریا کا پانی کہاں گیا؟
ذرا تصویر کو دیکھیں۔ بنیاسرائیل دریائےیردن کو پار کر رہے ہیں۔ لیکن دریا کا پانی کہاں گیا؟ کچھ منٹ پہلے دریا میں بہت سارا پانی تھا کیونکہ اُس موسم میں بہت بارش ہوتی تھی اور دریا کا پانی چڑھ جاتا تھا۔ لیکن اب دریا کا پانی سُوکھ گیا ہے اور بنیاسرائیل خشک زمین سے دریا پار کر رہے ہیں۔ یاد ہے کہ بنیاسرائیل نے بحرِقلزم بھی اِسی طرح سے پار کِیا تھا؟ آئیں، دیکھتے ہیں کہ دریائےیردن کا پانی کیسے خشک ہو گیا۔
جب بنیاسرائیل دریائےیردن کو پار کرنے والے تھے تو یہوواہ خدا نے یشوع سے کہا کہ ”کاہن عہد کے صندوق کو اُٹھائیں اور بنیاسرائیل کے آگےآگے چلیں۔ جب کاہن اپنے پاؤں دریا میں ڈالیں گے تو پانی بہنا بند ہو جائے گا۔“
پھر کاہنوں نے عہد کے صندوق کو اُٹھایا اور لوگوں کے آگےآگے چلنے لگے۔ دریا کا پانی بہت گہرا تھا اور بڑی تیزی سے بہہ رہا تھا۔ لیکن کاہنوں نے یہوواہ خدا پر بھروسا کِیا اور اپنے پاؤں پانی میں ڈال دئے۔ جیسے ہی اُنہوں نے پانی میں پاؤں ڈالے، دریا کا پانی رُک گیا۔ یہ ایک معجزہ تھا۔ یہوواہ خدا نے دریا کے پانی کو کہیں دُور روک دیا تھا۔ اِس لئے اُس جگہ جہاں بنیاسرائیل تھے، دریا خشک ہو گیا۔
کاہن دریا کے بیچ میں جا کر کھڑے ہو گئے۔ کیا آپ اُن کو تصویر میں دیکھ سکتے ہیں؟ اِس کے بعد بنیاسرائیل خشک دریا میں سے گزر کر دوسری طرف چلے گئے۔
جب بنیاسرائیل نے دریا پار کر لیا تو یہوواہ خدا نے یشوع سے کہا کہ ”۱۲ طاقتور آدمیوں سے کہو کہ اُس جگہ سے جہاں کاہن کھڑے ہیں، ۱۲ پتھر اُٹھا لیں اور اِن کو اپنے ساتھ لے جائیں۔ پھر جس جگہ تُم آج رات ٹھہرو گے، وہاں اِن پتھروں کا ڈھیر لگا دو۔ بہت سال بعد جب تمہارے بچے پوچھیں گے کہ یہ پتھر یہاں کیوں پڑے ہیں تو تُم اُن کو بتانا کہ جب کاہن عہد کے صندوق کے ساتھ دریائےیردن کو پار کر رہے تھے تو یہوواہ خدا نے دریا کا پانی خشک کر دیا۔ پتھروں کا یہ ڈھیر اُس معجزے کی یادگار ہے۔“ اِس کے بعد یشوع نے ۱۲ اَور پتھر لئے اور جس جگہ کاہن دریا میں کھڑے تھے، وہاں اِن کا ڈھیر لگا دیا۔
پھر یشوع نے اُن کاہنوں سے کہا کہ ”عہد کے صندوق کے ساتھ دریا کے کنارے پر آ جاؤ۔“ جیسے ہی کاہن دریا میں سے نکلے، دریا میں پھر سے پانی بہنے لگا۔
یشوع ۳:۱-۱۷؛ یشوع ۴:۱-۱۸۔