سبق نمبر 27
وہ لوگ یہوواہ کے خلاف ہو گئے
جب بنیاِسرائیل ویرانے میں تھے تو کچھ وقت بعد قورح، داتن، ابیرام اور 250 آدمی موسیٰ کے خلاف ہو گئے۔ وہ کہنے لگے: ”بہت ہو گیا! کس نے تمہیں ہمارا رہنما اور ہارون کو کاہنِاعظم بنایا ہے؟ یہوواہ صرف تمہارے اور ہارون کے ساتھ نہیں، ہم سب کے ساتھ ہے۔“ یہوواہ کو یہ بالکل اچھا نہیں لگا۔ یہوواہ کی نظر میں یہ ایسے ہی تھا جیسے وہ اُس کے خلاف جا رہے ہوں۔
موسیٰ نے قورح اور اُس کے ساتھیوں سے کہا: ”کل خیمۂاِجتماع آنا اور اپنے ساتھ کوئلہ رکھنے والے برتن میں بخور لے کر آنا۔ یہوواہ دِکھا دے گا کہ اُس نے کسے چُنا ہے۔“
اگلے دن قورح اور 250 آدمی خیمۂاِجتماع میں موسیٰ سے ملنے گئے۔ وہاں وہ کاہنوں کی طرح بخور جلانے لگے۔ یہوواہ نے موسیٰ اور ہارون سے کہا: ”قورح اور اُس کے آدمیوں سے دُور چلے جاؤ۔“
قورح موسیٰ سے ملنے خیمۂاِجتماع گیا تھا۔ لیکن داتن، ابیرام اور اُن کے گھر والوں نے وہاں جانے سے منع کر دیا تھا۔ یہوواہ نے بنیاِسرائیل سے کہا کہ وہ قورح، داتن اور ابیرام کے خیموں سے دُور ہو جائیں۔ وہ فوراً اُن کے خیموں سے دُور ہو گئے۔ داتن، ابیرام اور اُن کے گھر والے اپنے خیموں کے باہر کھڑے تھے۔ اچانک زمین پھٹ گئی اور اُنہیں نگل گئی! خیمۂاِجتماع پر آسمان سے آگ آئی اور اُس نے قورح اور اُس کے 250 آدمیوں کو جلا کر راکھ کر دیا۔
پھر یہوواہ نے موسیٰ سے کہا: ”ہر قبیلے کے سردار کی لاٹھی لو اور اُس پر اُس کا نام لکھ دو۔ لیکن لاوی کے قبیلے کی لاٹھی پر ہارون کا نام لکھنا۔ اِن لاٹھیوں کو خیمۂاِجتماع کے اندر رکھ دینا اور جس شخص کو مَیں نے چُنا ہوگا، اُس کی لاٹھی پر پھول کھلیں گے۔“
اگلے دن موسیٰ ساری لاٹھیاں نکال کر باہر لائے اور قبیلے کے سرداروں کو دِکھائیں۔ صرف ہارون کی لاٹھی پر پھول کِھلے ہوئے تھے اور بادام لگے ہوئے تھے۔ اِس طرح یہوواہ نے یہ ثابت کِیا کہ اُس نے ہارون کو ہی کاہنِاعظم چُنا ہے۔
”اُن لوگوں کے فرمانبردار اور تابعدار ہوں جو آپ کی پیشوائی کرتے ہیں۔“—عبرانیوں 13:17