سبق نمبر 25
عبادت کے لیے خیمۂاِجتماع
جب موسیٰ کوہِسینا پر تھے تو یہوواہ نے اُنہیں ایک خاص خیمہ بنانے کو کہا جہاں بنیاِسرائیل یہوواہ کی عبادت کر سکیں۔ اِسے خیمۂاِجتماع کہا جاتا تھا۔ یہ ایسا خیمہ تھا جسے لوگ ہر جگہ ساتھ لے کر جا سکتے تھے۔
یہوواہ نے کہا: ”لوگوں سے کہو کہ وہ خیمۂاِجتماع بنانے کے لیے جو کچھ بھی دے سکتے ہیں، دیں۔“ بنیاِسرائیل نے سونا، چاندی، تانبا، قیمتی پتھر اور زیور دیے۔ اُنہوں نے اُون، لینن، جانوروں کی کھالیں اور اَور بھی بہت سی چیزیں دیں۔ لوگ کُھلے دل سے اِتنی زیادہ چیزیں لا رہے تھے کہ موسیٰ کو اُنہیں یہ کہنا پڑا: ”اَور چیزیں نہ لائیں! ہمارے پاس بہت چیزیں ہو گئی ہیں۔“
بہت سے ماہر آدمیوں اور عورتوں نے خیمۂاِجتماع بنانے کے کام میں مدد کی۔ یہوواہ نے اُنہیں یہ کام کرنے کے لیے سمجھ دی۔ کچھ نے دھاگہ بنایا اور کچھ نے دھاگہ بُن کر کپڑا بنایا۔ کچھ لوگوں نے قیمتی پتھر لگائے، کچھ نے سونے کی چیزیں بنائیں اور کچھ نے لکڑی تراش کر چیزیں بنائیں۔
لوگوں نے خیمۂاِجتماع بالکل ویسے ہی بنایا جیسے یہوواہ نے اُن سے کہا تھا۔ اُنہوں نے مُقدس مقام اور مُقدسترین مقام کے بیچ میں لگانے کے لیے ایک خوبصورت سا پردہ بنایا۔ مُقدسترین مقام میں عہد کا صندوق تھا جو کیکر کی لکڑی اور سونے سے بنا ہوا تھا۔ مُقدس مقام میں سونے کا شمعدان، ایک میز اور بخور جلانے کے لیے قربانگاہ تھی۔ صحن میں پیتل کا حوض اور ایک بڑی قربانگاہ تھی۔ عہد کے صندوق کو دیکھ کر بنیاِسرائیل کو یاد آتا تھا کہ اُنہوں نے یہوواہ سے یہ وعدہ کِیا ہے کہ وہ ہمیشہ اُس کی بات مانیں گے۔ کیا آپ کو پتہ ہے کہ عہد کیا ہوتا ہے؟ عہد ایک خاص طرح کا وعدہ ہوتا ہے۔
یہوواہ نے ہارون اور اُن کے بیٹوں کو چُنا تاکہ وہ خیمۂاِجتماع میں کاہنوں کے طور پر کام کر سکیں۔ اُنہیں خیمۂاِجتماع کا خیال رکھنا تھا اور یہوواہ کے حضور قربانیاں چڑھانی تھیں۔ ہارون کاہنِاعظم تھے اور صرف وہ ہی مُقدسترین مقام میں جا سکتے تھے۔ وہ سال میں ایک بار اپنے گُناہوں، اپنے گھر والوں کے گُناہوں اور پوری قوم کے گُناہوں کی معافی کے لیے قربانی چڑھاتے تھے۔
بنیاِسرائیل نے مصر سے نکلنے کے ایک سال بعد خیمۂاِجتماع کو بنانے کا کام ختم کر لیا۔ اب اُن کے پاس ایک ایسی جگہ تھی جہاں وہ یہوواہ کی عبادت کر سکتے تھے۔
خیمۂاِجتماع یہوواہ کی شان سے بھرا رہتا تھا اور اِس کے اُوپر ایک بادل تھا۔ جب تک بادل خیمۂاِجتماع کے اُوپر رہتا تھا تب تک بنیاِسرائیل وہیں خیمے لگا کر رکھتے تھے۔ لیکن جیسے ہی بادل اُٹھ جاتا تھا، وہ سمجھ جاتے تھے کہ اب آگے بڑھنے کا وقت آ گیا ہے۔ وہ خیمۂاِجتماع کو اُٹھا کر بادل کے پیچھے پیچھے چلتے تھے۔
”اِس کے ساتھ ہی مَیں نے تخت سے ایک اُونچی آواز سنی جس نے کہا: ”دیکھیں! خدا کا خیمہ اِنسانوں کے درمیان ہے۔ وہ اُن کے ساتھ رہے گا اور وہ اُس کے بندے ہوں گے۔ اور خدا خود اُن کے ساتھ ہوگا۔““—مُکاشفہ 21:3