سبق نمبر 16
ایوب کون تھے؟
ملک عُوض میں ایک شخص رہتا تھا جو یہوواہ کی عبادت کرتا تھا۔ اُس کا نام ایوب تھا۔ ایوب بہت امیر تھے اور اُن کا بہت بڑا گھرانہ تھا۔ وہ بہت رحمدل تھے۔ وہ غریبوں کی مدد کرتے تھے۔ وہ اُن عورتوں کی مدد کرتے تھے جن کے شوہر فوت ہو گئے تھے اور اُن بچوں کی بھی جن کے امی ابو نہیں تھے۔ ایوب اچھے کام کرتے تھے۔ لیکن کیا اِس کا مطلب یہ تھا کہ ایوب پر کوئی مشکل نہیں آنی تھی؟
شیطان ایوب کو دیکھ رہا تھا پر ایوب یہ نہیں جانتے تھے۔ یہوواہ نے شیطان سے کہا: ”کیا تُو نے میرے بندے ایوب کو دیکھا ہے؟ زمین پر اُس جیسا اَور کوئی نہیں۔ وہ میری بات مانتا ہے اور صحیح کام کرتا ہے۔“ شیطان نے کہا: ”وہ تو تیری بات مانے گا ہی۔ تُو اُس کی حفاظت کرتا ہے اور اُسے برکت دیتا ہے۔ تُو نے اُسے زمین اور جانور دیے ہیں۔ یہ سب کچھ اُس سے لے لے اور پھر وہ تیری عبادت کرنا چھوڑ دے گا۔“ یہوواہ نے کہا: ”تُو اُس کا اِمتحان لے سکتا ہے۔ مگر اُس کی جان نہ لینا۔“ یہوواہ نے شیطان کو یہ اِجازت کیوں دی کہ وہ ایوب کو آزمائے؟ کیونکہ یہوواہ کو یقین تھا کہ ایوب مشکلوں میں بھی اُس کے وفادار رہیں گے۔
شیطان ایوب کو آزمانے کے لیے اُن پر بہت سی مشکلیں لانے لگا۔ سب سے پہلے اُس نے ملک سبا کے کچھ لوگوں کو بھیجا جنہوں نے ایوب کے بیل اور گدھے چُرا لیے۔ پھر آگ کی وجہ سے ایوب کی ساری بھیڑیں مر گئیں۔ پھر کچھ کسدی آئے اور اُنہوں نے ایوب کے اُونٹ چُرا لیے۔ ایوب کے جو نوکر اِن جانوروں کی دیکھبھال کر رہے تھے، وہ بھی مارے گئے۔ پھر ایوب پر سب سے بڑی مشکل آئی۔ جب اُن کے سب بچے ایک گھر میں دعوت کے لیے جمع تھے تو گھر کی چھت گِرنے کی وجہ سے وہ سب مر گئے۔ ایوب بہت دُکھی ہو گئے۔ لیکن اُنہوں نے یہوواہ کی عبادت کرنی نہیں چھوڑی۔
شیطان ایوب پر اَور بھی مصیبتیں لانا چاہتا تھا۔ اِس لیے اُس نے اُن کی صحت کو نقصان پہنچایا اور ایوب کے پورے جسم پر پھوڑے نکل آئے۔ ایوب بہت تکلیف میں تھے۔ وہ نہیں جانتے تھے کہ اُن کے ساتھ یہ سب کچھ کیوں ہو رہا ہے۔ لیکن وہ پھر بھی یہوواہ کی عبادت کرتے رہے۔ خدا یہ سب کچھ دیکھ رہا تھا اور ایوب سے بہت خوش تھا۔
پھر شیطان نے ایوب کو آزمانے کے لیے تین آدمیوں کو اُن کے پاس بھیجا۔ اُنہوں نے ایوب سے کہا: ”تُم نے کوئی بہت بڑا گُناہ کر کے اُسے چھپایا ہے۔ اِسی لیے خدا تمہیں سزا دے رہا ہے۔“ ایوب نے کہا: ”مَیں نے کوئی غلط کام نہیں کِیا۔“ لیکن پھر ایوب کو لگنے لگا کہ خدا ہی اُن پر یہ مصیبتیں لا رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ خدا اُن کے ساتھ نااِنصافی کر رہا ہے۔
اِلیہو نام کا ایک آدمی یہ ساری باتچیت سُن رہا تھا۔ اُس نے کہا: ”آپ سب جو کچھ کہہ رہے ہیں، وہ غلط ہے۔ یہوواہ ہماری سوچ سے بہت زیادہ بڑا ہے۔ وہ کبھی لوگوں کے ساتھ بُرا نہیں کرتا۔ وہ سب کچھ دیکھتا ہے اور مشکلوں سے نکلنے میں لوگوں کی مدد کرتا ہے۔“
پھر یہوواہ نے ایوب سے بات کی اور کہا: ”جب مَیں آسمان اور زمین کو بنا رہا تھا تو تُم کہاں تھے؟ تُم نے کیوں کہا کہ مَیں نے نااِنصافی کی ہے؟ تُم نہیں جانتے کہ یہ سب کیوں ہو رہا ہے پھر بھی تُم نے یہ سب کچھ کہا۔“ ایوب نے اپنی غلطی مانی اور کہا: ”مَیں غلط تھا! اب تک تو مَیں نے صرف تیرے بارے میں سنا تھا لیکن اب مَیں تجھے جان گیا ہوں۔ تُو سب کچھ کر سکتا ہے۔ مَیں نے جو کچھ بھی کہا، مَیں اُس پر شرمندہ ہوں۔“
جب ایوب کی آزمائش ختم ہو گئی تو یہوواہ نے پھر سے اُنہیں اچھی صحت دی اور اُنہیں پہلے سے بھی زیادہ چیزیں دیں۔ ایوب نے ایک لمبی اور خوشیوں بھری زندگی گزاری۔ یہوواہ نے ایوب کو برکت دی کیونکہ اُنہوں نے مشکلوں میں بھی یہوواہ کی بات مانی۔ کیا آپ بھی ایوب کی طرح بنیں گے اور اُس وقت بھی یہوواہ کی عبادت کریں گے جب ایسا کرنا مشکل ہوگا؟
”آپ نے ایوب کی ثابتقدمی کے بارے میں سنا ہے اور یہ بھی دیکھا ہے کہ یہوواہ نے اُن کو اجر دیا۔“—یعقوب 5:11