سبق نمبر 17
موسیٰ نے یہوواہ کی عبادت کرنے کا فیصلہ کِیا
مصر میں یعقوب کا گھرانہ بنیاِسرائیل کے نام سے جانا جانے لگا۔ یعقوب اور یوسف کے فوت ہو جانے کے بعد مصر پر ایک نیا فِرعون حکومت کرنے لگا۔ اُسے ڈر تھا کہ بنیاِسرائیل مصریوں سے زیادہ بڑی اور طاقتور قوم بن جائیں گے۔ اِس لیے فِرعون نے بنیاِسرائیل کو غلام بنا لیا۔ وہ زبردستی اُن سے اینٹیں بنواتا تھا اور کھیتوں میں اُن سے سخت کام کرواتا تھا۔ مصری بنیاِسرائیل سے بہت محنت کراتے تھے لیکن بنیاِسرائیل تعداد میں بڑھتے جا رہے تھے۔ فِرعون کو یہ اچھا نہیں لگا۔ اُس نے حکم دیا کہ اب سے بنیاِسرائیل میں جو بھی لڑکا پیدا ہوگا، اُسے مار ڈالا جائے۔ ذرا سوچیں کہ اِس وجہ سے بنیاِسرائیل کتنے ڈر گئے ہوں گے!
بنیاِسرائیل میں یوکبد نام کی ایک عورت تھی۔ اُن کا ایک بیٹا پیدا ہوا جو بہت پیارا تھا۔ یوکبد نے اپنے بچے کو بچانے کے لیے اُسے ایک ٹوکری میں ڈال دیا اور اُس ٹوکری کو دریائےنیل میں جھاڑیوں کے بیچ چھپا دیا۔ اُس بچے کی بہن کا نام مریم تھا۔ مریم قریب ہی کھڑی دیکھ رہی تھیں کہ اب آگے کیا ہوگا۔
فِرعون کی بیٹی دریا میں نہانے آئی۔ اُسے وہ ٹوکری نظر آئی جس میں بچہ تھا اور وہ بچہ رو رہا تھا۔ فِرعون کی بیٹی کو اُس بچے پر بہت پیار آیا۔ مریم نے فِرعون کی بیٹی سے پوچھا: ”کیا مَیں کسی عورت کو لے کر آؤں جو اِس بچے کو دودھ پلائے اور اِس کا خیال رکھے؟“ فِرعون کی بیٹی نے کہا: ”ٹھیک ہے۔“ پھر مریم اپنی امی یوکبد کو لائیں۔ فِرعون کی بیٹی نے اُن سے کہا: ”اِس بچے کو دودھ پلانا اور اِس کا خیال رکھنا۔ مَیں تمہیں اِس کے پیسے دوں گی۔“
جب وہ بچہ بڑا ہوا تو یوکبد اُسے فِرعون کی بیٹی کے پاس لے کر آئیں۔ اُس نے بچے کا نام موسیٰ رکھا اور اُسے اپنے بچے کی طرح پالا۔ موسیٰ ایک شہزادے تھے اور وہ جو چاہتے اُنہیں مل سکتا تھا۔ لیکن موسیٰ یہوواہ کو کبھی نہیں بھولے۔ اُنہیں پتہ تھا کہ وہ مصری نہیں ہیں بلکہ اُن کی قوم بنیاِسرائیل ہے۔ اُنہوں نے یہوواہ کی عبادت کرنے کا فیصلہ کِیا۔
جب موسیٰ 40 سال کے ہوئے تو اُنہوں نے سوچا کہ وہ اپنی قوم کے لوگوں کی مدد کریں گے۔ جب اُنہوں نے دیکھا کہ ایک مصری ایک ایسے غلام کو مار رہا ہے جس کا تعلق بنیاِسرائیل سے تھا تو اُنہوں نے اُس مصری کو اِتنی زور سے مارا کہ وہ مر گیا۔ موسیٰ نے اُس کی لاش کو ریت میں چھپا دیا۔ جب فِرعون کو اِس بارے میں پتہ چلا تو اُس نے موسیٰ کو مار ڈالنے کی کوشش کی۔ لیکن موسیٰ مِدیان نام کے علاقے میں بھاگ گئے۔ یہوواہ نے مِدیان میں موسیٰ کا خیال رکھا۔
”ایمان کی بدولت [موسیٰ] نے فرعون کی بیٹی کا بیٹا کہلانے سے اِنکار کر دیا۔ اُنہوں نے . . . خدا کے بندوں کے ساتھ بدسلوکی برداشت کرنے کا اِنتخاب کِیا۔“—عبرانیوں 11:24، 25