باب 8
یسوع کے خون کا پیاسا بادشاہ
یسوع کے ماں باپ پناہ لینے کے لیے اُنہیں مصر لے گئے
یوسف اپنی بیوی اور بچے کے ساتھ ناصرت منتقل ہو گئے
یوسف کو ابھی ابھی خواب میں یہوواہ کا فرشتہ دِکھائی دیا تھا جس نے اُن سے کہا: ”اُٹھیں! بچے اور اُس کی ماں کو لے کر مصر بھاگ جائیں اور اُس وقت تک وہاں رہیں جب تک کہ مَیں آپ کو واپس آنے کو نہ کہوں کیونکہ ہیرودیس اِس بچے کو ڈھونڈے گا تاکہ اِسے مروا ڈالے۔“ (متی 2:13) یوسف نے اُٹھ کر جلدی سے مریم کو جگایا اور اُنہیں فرشتے کی بات بتائی۔
یوسف اور مریم اُسی وقت اپنے بیٹے کو لے کر بیتلحم سے بھاگ گئے۔ اُنہوں نے بالکل صحیح وقت پر ایسا کِیا کیونکہ بادشاہ ہیرودیس کو پتہ چل گیا تھا کہ نجومیوں نے اُس کو دھوکا دیا ہے۔ بادشاہ نے نجومیوں سے کہا تھا کہ وہ یسوع سے مل کر دوبارہ اُس کے پاس آئیں اور اُسے بتائیں کہ یسوع کہاں رہ رہے ہیں۔ لیکن نجومیوں نے ایسا نہیں کِیا بلکہ وہ کسی اَور راستے اپنے ملک واپس چلے گئے۔ بادشاہ ہیرودیس آگ بگولا ہو گیا۔ وہ یسوع کو مار ڈالنا چاہتا تھا اِس لیے اُس نے حکم دیا کہ بیتلحم اور اُس کے اِردگِرد کے سارے علاقوں میں دو سال یا اِس سے کم عمر کے سب لڑکوں کو مار ڈالا جائے۔ اِس عمر کا حساب اُس نے اُس تاریخ سے لگایا تھا جب نجومیوں نے پہلی بار ستارے کو دیکھا تھا۔
لڑکوں کا یہ قتلِعام بہت ہی گھناؤنی حرکت تھی! ہمیں نہیں پتہ کہ اُس وقت کتنے لڑکوں کو مار ڈالا گیا لیکن وہ سارا علاقہ اُن ماؤں کے رونے اور سسکیوں سے گُونج اُٹھا جن کے بچے مارے گئے تھے۔ یوں یہوواہ کے نبی یرمیاہ کی ایک پیشگوئی پوری ہوئی۔—یرمیاہ 31:15۔
اِس دوران یوسف اور مریم نے مصر میں پناہ لی اور وہاں رہنے لگے۔ پھر ایک رات یہوواہ کا فرشتہ دوبارہ سے یوسف کو خواب میں دِکھائی دیا اور اُن سے کہنے لگا: ”اُٹھیں، بچے اور اُس کی ماں کو لے کر ملک اِسرائیل جائیں کیونکہ جو لوگ بچے کی جان لینا چاہتے تھے، وہ مر گئے ہیں۔“ (متی 2:20) اِس سے یوسف جان گئے کہ اب وہ اپنے ملک واپس لوٹ سکتے ہیں۔ اِس طرح بائبل کی یہ پیشگوئی پوری ہوئی کہ خدا نے ”اپنے بیٹے کو مصر سے بلایا۔“—ہوسیع 11:1۔
یوسف کا اِرادہ تھا کہ وہ یہودیہ کے علاقے میں شہر بیتلحم کے نزدیک بس جائیں کیونکہ مصر جانے سے پہلے وہ وہاں رہ رہے تھے۔ لیکن پھر اُنہیں پتہ چلا کہ ہیرودیس کا ظالم بیٹا ارخلاؤس اپنے باپ کی جگہ یہودیہ کا بادشاہ بن گیا ہے۔ اِس کے علاوہ خدا نے بھی خواب میں اُنہیں یہودیہ جانے سے خبردار کِیا۔ اِس لیے یوسف اپنی بیوی اور بچے کو گلیل لے گئے اور شہر ناصرت میں رہنے لگے۔ یہیں پر یسوع پلے بڑھے جس کی وجہ سے یہ پیشگوئی پوری ہوئی کہ ”وہ ناصری کہلائے گا۔“—متی 2:23۔