باب 9
آپ اجلاسوں کی تیاری کیسے کر سکتے ہیں؟
کمبوڈیا
یوکرین
اگر آپ کسی یہوواہ کے گواہ کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کر رہے ہیں تو یقیناً آپ پہلے سے اُس مضمون کی تیاری کرتے ہوں گے جس پر آپ مل کر غور کریں گے۔ اِسی طرح اگر آپ کلیسیا کے اجلاسوں سے زیادہ فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو پہلے سے اُن مضامین کا مطالعہ کریں جن پر اجلاس کے دوران بات کی جائے گی۔ اِس سلسلے میں ایک اچھا معمول قائم کرنا فائدہمند ہوگا۔
فیصلہ کریں کہ آپ کب اور کہاں تیاری کریں گے۔ آپ کو کس وقت پڑھنا زیادہ آسان لگتا ہے؟ صبحصبح کام پر جانے سے پہلے یا پھر شام کو، جب بچے سو جاتے ہیں؟ شاید آپ کے پاس زیادہ دیر تک مطالعہ کرنے کا وقت نہ ہو۔ لیکن پھر بھی اِس کے لئے باقاعدگی سے وقت نکالیں اور کسی بھی چیز کو اِس معمول میں رُکاوٹ نہ ڈالنے دیں۔ کسی ایسی جگہ پر بیٹھ کر مطالعہ کریں جہاں زیادہ شور نہ ہو۔ ریڈیو، ٹیوی اور موبائل فون کو بند کر دیں۔ مطالعہ شروع کرنے سے پہلے دُعا کریں تاکہ آپ دن بھر کی پریشانیوں کو بھول جائیں اور دل لگا کر پاک کلام پر غور کر سکیں۔—فلپیوں 4:6، 7۔
جواب تیار کریں۔ سب سے پہلے، مضمون کا سرسری جائزہ لیں۔ عنوان پر نظر ڈالیں اور پھر مضمون کے ہر حصے کے عنوان پر غور کریں۔ اِس طرح آپ کو پتہ چلے گا کہ مضمون کس موضوع پر ہے۔ مضمون میں دی گئی تصویروں کو دیکھیں اور اُن سوالوں پر غور کریں جو مضمون کے اہم نکات کو اُجاگر کرنے کے لئے دئے گئے ہیں۔ پھر تفصیل سے مضمون کا جائزہ لیں۔ باریباری ہر پیراگراف کو پڑھیں اور اِس کے سوال کا جواب ڈھونڈیں۔ پیراگراف میں جن آیتوں کا حوالہ دیا گیا ہے، اُن کو بائبل میں پڑھیں اور اِس بات پر سوچبچار کریں کہ پیراگراف کے ساتھ اِن کا کیا تعلق ہے۔ (اعمال 17:11) پیراگراف میں ایسے لفظوں پر نشان لگائیں جن سے آپ کو بعد میں جواب یاد آئے۔ پھر اگر آپ چاہیں تو آپ اجلاس کے دوران ہاتھ کھڑا کر سکتے ہیں اور اپنے لفظوں میں مختصر سا جواب دے سکتے ہیں۔
جب آپ اُن مضامین کا پہلے سے مطالعہ کریں گے جن پر اجلاس میں غور کِیا جاتا ہے تو آپ خدا کے کلام سے بہت سی نئی باتیں سیکھیں گے اور یوں اپنے علم کے خزانے کو بھریں گے۔—متی 13:51، 52۔
آپ اجلاسوں کی تیاری کرنے کے لئے کونسا معمول بنا سکتے ہیں؟
آپ اجلاس پر جواب دینے کے لئے تیاری کیسے کر سکتے ہیں؟