مہنگائی کا طوفان—سامنا کیسے کریں؟
کُھلے دل سے دیں
ہو سکتا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے آپ کے لیے اپنی ضرورتیں پوری کرنا مشکل ہو اِس لیے شاید آپ کو دوسروں کو کُھلے دل سے دینا آسان نہ لگے۔ لیکن جب آپ دوسروں کو کُھلے دل سے دیں گے تو آپ خود اِس بات کا تجربہ کریں گے کہ آپ مہنگائی سے اچھی طرح نمٹ سکتے ہیں۔ آپ اُس وقت بھی بچت کر سکتے ہیں جب آپ دوسروں کو کُھلے دل سے دے رہے ہوتے ہیں۔
یہ ضروری کیوں ہے؟
چھوٹے چھوٹے طریقوں سے بھی دوسروں کو کُھلے دل سے دینے سے ہمیں خوشی مل سکتی ہے اور ہمیں اپنے بارے میں اچھا لگ سکتا ہے۔ کچھ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دوسروں کو دینے سے ہماری جسمانی اور ذہنی صحت پر اچھا اثر پڑتا ہے۔ مثال کے طور پر اِس طرح ہماری پریشانی، ذہنی دباؤ، بلڈپریشر، یہاں تک کہ درد اور تکلیف کم ہو جاتی ہے۔ اِس سے ہمیں نیند بھی اچھی آتی ہے۔
جب ہم دوسروں کی پیسوں کے ذریعے یا کسی اَور طریقے سے مدد کرتے ہیں تو ہمارے لیے اُس وقت دوسروں سے مدد قبول کرنا آسان ہو جاتا ہے جب ہمیں مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔ اِنگلینڈ میں رہنے والے ہاورڈ نے کہا: ”ہم ہر وقت دوسروں کو کُھلے دل سے دینے اور اُن کی مدد کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔ اِس طرح مجھے اور میری بیوی کو اُس وقت کسی سے مدد قبول کرنا زیادہ مشکل نہیں لگتا جب ہمیں اِس کی ضرورت ہوتی ہے۔“ یہ سچ ہے کہ جو لوگ کُھلے دل سے دوسروں کو دیتے ہیں، وہ اِس لیے ایسا نہیں کرتے کہ اُنہیں بدلے میں کچھ ملے۔ لیکن جب اُنہیں مدد کی ضرورت ہوتی ہے تو اُنہیں ایسے سچے دوست ملتے ہیں جو اُن کی مدد کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔
آپ کیا کر سکتے ہیں؟
اپنی چیزیں دوسروں کے ساتھ بانٹیں۔ چاہے آپ کے پاس دوسروں کو دینے کے لیے زیادہ کچھ نہیں ہے پھر بھی آپ اُن کو کچھ نہ کچھ دے سکتے ہیں، پھر چاہے یہ صرف ایک وقت کا سادہ سا کھانا ہی کیوں نہ ہو۔ ڈنکن اپنے گھر والوں کے ساتھ یوگنڈا میں رہتے ہیں اور وہ بہت غریب ہیں لیکن وہ پھر بھی بہت کُھلے دل والے ہیں۔ اُنہوں نے کہا: ”مَیں اور میری بیوی ہر اِتوار کو کسی نہ کسی کو سادہ سے کھانے پر اپنے گھر بُلاتے ہیں۔ ہمیں دوسروں کے ساتھ وقت گزار کر اچھا لگتا ہے۔“
بےشک ہمیں دوسروں کے ساتھ اپنی چیزیں بانٹے وقت سمجھداری سے کام لینا چاہیے۔ ہمیں اِس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ ہم دوسروں کو اِتنا نہ دے دیں کہ ہمارے گھر والوں کے لیے کچھ نہ بچے۔—ایوب 17:5۔
یہ کر کے دیکھیں: آپ کسی کو سادہ سے کھانے پر یا چائے پر بُلا سکتے ہیں۔ اگر آپ کے پاس ایسی چیزیں ہیں جنہیں آپ اب اِستعمال نہیں کرتے تو آپ اُنہیں اپنے دوستوں یا پڑوسیوں کو دے سکتے ہیں تاکہ اُنہیں اِن چیزوں سے فائدہ ہو سکے۔
دوسروں کو دینے کے کچھ اَور طریقے۔ کچھ تحفے دینے کے لیے پیسوں کی ضرورت نہیں ہوتی۔ مثال کے طور پر ہموقت نکال کر دوسروں کے لیے کچھ ایسے کام کر سکتے ہیں جن سے اُنہیں فائدہ ہو۔ پیار سے بولے جانے والے تھوڑے سے لفظ بھی کسی تحفے سے کم نہیں ہوتے۔ دوسروں کو بتائیں کہ آپ اُن سے کتنا پیار کرتے ہیں اور اُن کی کتنی قدر کرتے ہیں۔
یہ کر کے دیکھیں: دوسروں کی مدد کرنے کے لیے گھر کے کاموں میں اُن کا ہاتھ بٹائیں، اُن کے گھر کی مرمت کرنے یا خریداری کرنے میں اُن کی مدد کریں۔ اپنے کسی دوست کو کوئی کارڈ لکھیں یا میسج بھیجیں، چاہے اُس میں صرف یہی لکھا ہو کہ آپ اُن کے بارے میں سوچ رہے تھے۔
جب آپ دوسروں کو دینے کے موقعے ڈھونڈتے ہیں تو آپ کو بہت سی برکتیں ملتی ہیں۔