یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • جاگو14 اپریل ص.‏ 10-‏11
  • آنسوؤں کا بہنا—‏ایک حیرت‌انگیز عمل

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • آنسوؤں کا بہنا—‏ایک حیرت‌انگیز عمل
  • جاگو!‏—‏2014ء
  • ملتا جلتا مواد
  • ہم یسوع مسیح کے آنسوؤں سے کیا سیکھ سکتے ہیں؟‏
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—‏2022ء
  • یہوواہ کی نظر میں آپ کا ایک ایک آنسو قیمتی ہے
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—‏2024ء
  • ‏”‏دیکھ مَیں سب چیزوں کو نیا بنا دیتا ہوں“‏
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے—2014ء
  • قارئین کے سوال
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے—2013ء
مزید
جاگو!‏—‏2014ء
جاگو14 اپریل ص.‏ 10-‏11
ایک آدمی کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے ہیں

آنسوؤں کا بہنا ایک حیرت‌انگیز عمل

آنسوؤں سے ہمارا بہت پُرانا ناتا ہے۔ جب ہم نے اِس دُنیا میں آنکھ کھولی تو سب سے پہلا کام جو ہم نے کِیا، وہ رونا تھا۔ ایک ماہر کے مطابق بچے کا رونا اُس کے لیے آنول‌نال کا کام کرتا ہے کیونکہ رو کر وہ اپنی جسمانی اور جذباتی ضروریات پوری کرواتا ہے۔ ننھے بچوں کے معاملے میں تو یہ بات سمجھ آتی ہے کہ وہ رو کر اپنی بات بتاتے ہیں۔ لیکن جب ہم بڑے ہو جاتے ہیں تو ہم کیوں روتے ہیں جبکہ ہم اپنی بات کو کسی اَور طرح سے بھی بتا سکتے ہیں؟‏

جذباتی آنسو مختلف وجوہات کی بِنا پر ہماری آنکھوں سے بہتے ہیں، مثلاً جب ہم دُکھی ہوتے ہیں، کسی بات پر پریشان ہوتے ہیں یا پھر کسی جسمانی یا نفسیاتی تکلیف کا شکار ہوتے ہیں۔ لیکن ہماری آنکھوں میں اُس وقت بھی آنسو آتے ہیں جب ہم بہت زیادہ خوش ہوتے ہیں، ہمارے دل سے کوئی بوجھ ہٹ جاتا ہے یا ہمیں کامیابی ملتی ہے۔ یہ آنسو خوشی کے آنسو ہوتے ہیں۔ کبھی‌کبھار کسی کو روتا دیکھ کر بھی ہماری آنکھیں بھر آتی ہیں۔ مثال کے طور پر ماریہ کہتی ہیں:‏ ”‏جب کوئی کسی بات پر روتا ہے، چاہے یہ بات دُکھ کی ہو یا خوشی کی، اُسے روتا دیکھ کر مجھے بھی رونا آ جاتا ہے۔“‏ شاید کبھی‌کبھار فلم میں کوئی جذباتی سین دیکھ کر یا کتاب میں کوئی جذباتی بات پڑھ کر آپ کی آنکھوں میں بھی آنسو آئے ہوں۔‏

ایک لڑکی کی آنکھ سے آنسو بہہ رہے ہیں، ایک بچہ رو رہا ہے اور ایک عورت کی آنکھ سے آنسو بہہ رہے ہیں

رونے کی وجہ چاہے کچھ بھی ہو، یہ ایک ایسا عمل ہے جس میں کچھ کہے بغیر ہی دوسرے ہماری بات سمجھ جاتے ہیں۔ اِس سلسلے میں کتاب بڑوں کا رونا (‏انگریزی میں دستیاب)‏ میں بتایا گیا ہے کہ ”‏چند ہی اَور ایسے طریقے ہیں جن میں کسی کو تھوڑے سے وقت میں بہت کچھ بتایا جا سکتا ہے۔“‏ آنسو ایک شخص میں کچھ کرنے کی ترغیب بھی پیدا کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر کوئی شخص کسی بات پر دُکھی ہو کر روتا ہے تو زیادہ‌تر لوگوں کے دل پر اُس شخص کے آنسوؤں کا بہت گہرا اثر ہوتا ہے۔ اِس کی وجہ یہ ہے کہ اُنہیں احساس ہو جاتا ہے کہ رونے والا شخص کسی تکلیف میں ہے۔ اِس کے نتیجے میں شاید وہ اُس کو تسلی دینے کی کوشش کرتے ہیں یا اُس کی مدد کرتے ہیں۔‏

بعض ماہرین کا ماننا ہے کہ رونا بہت فائدہ‌مند عمل ہے کیونکہ اِس طرح ہمارا دل ہلکا ہو جاتا ہے لیکن جو لوگ اکثر اپنے آنسوؤں کو روک لیتے ہیں، اُن کی صحت پر بُرا اثر پڑ سکتا ہے۔ دیگر کا ماننا ہے کہ سائنسی لحاظ سے یہ بات ثابت نہیں ہوئی کہ رونے سے ہماری جسمانی یا نفسیاتی صحت پر اچھا اثر پڑتا ہے۔ بات چاہے کچھ بھی ہو، کچھ جائزوں کے مطابق 85 فیصد عورتوں اور 73 فیصد آدمیوں نے رونے کے بعد خود کو بہت ہلکاپھلکا محسوس کِیا۔ اِس سلسلے میں نومی کے بیان پر غور کریں۔ وہ کہتی ہیں:‏ ”‏کبھی‌کبھی مَیں اپنے دل کا بوجھ ہلکا کرنے کے لیے رو لیتی ہوں۔ رونے کے بعد مَیں ایک گہری سانس لیتی ہوں اور پھر معاملے کو صحیح زاویے سے دیکھنے کے قابل ہو جاتی ہوں۔“‏

کچھ جائزوں کے مطابق 85 فیصد عورتوں اور 73 فیصد آدمیوں نے رونے کے بعد خود کو بہت ہلکاپھلکا محسوس کِیا۔‏

لیکن محض رونے سے ہی دل کا بوجھ ہلکا نہیں ہوتا۔ ہمارے رونے پر لوگ جس طرح کا ردِعمل دِکھاتے ہیں، وہ بھی بہت معنی رکھتا ہے۔ مثال کے طور پر جب لوگ ہمیں روتا دیکھ کر ہمیں تسلی دیتے ہیں یا ہماری مدد کرتے ہیں تو ہمیں بہت سکون ملتا ہے۔ لیکن اگر لوگ ہمارے آنسوؤں کو دیکھ کر کوئی اچھا ردِعمل نہیں دِکھاتے تو شاید ہم شرمندہ ہو جاتے ہیں یا یہ سوچنے لگتے ہیں کہ اُنہیں ہماری پرواہ نہیں ہے۔‏

رونے کے بارے میں ابھی بھی بہت سی ایسی باتیں ہیں جنہیں ہم نہیں جانتے۔ لیکن ہم یہ ضرور جانتے ہیں کہ جذبات کے اِظہار میں آنسوؤں کا بہنا خدا کی طرف سے ایک نعمت ہے۔‏

کیا آپ کو پتہ ہے؟‏

جب بچہ پیدا ہوتا ہے تو روتے وقت اُس کی آنکھوں سے عموماً آنسو نہیں نکلتے۔ اُس کی آنکھوں میں اِتنی رطوبت ہوتی ہے کہ وہ خشک نہیں ہوتیں۔ لیکن پیدائش کے کچھ ہفتوں بعد آنسوؤں کی نالیاں پوری طرح سے کام کرنے لگتی ہیں اور پھر بچہ آنسوؤں کے ساتھ روتا ہے۔‏

آنسوؤں کی تین قسمیں

  • آنکھ کو تر رکھنے والے آنسو:‏ آنسو کے غدود ہماری آنکھوں میں مسلسل نمی پیدا کرتے ہیں جس سے ہماری آنکھیں محفوظ رہتی ہیں اور خشک نہیں ہوتیں۔ یہ نمی ہماری بینائی کو بھی بہتر بناتی ہے۔ ہر بار جب ہم پلک جھپکتے ہیں، یہ نمی ہماری آنکھوں میں پھیل جاتی ہے۔‏

  • ردِعمل کے آنسو:‏ اِس طرح کے آنسو اُس وقت ہماری آنکھوں میں آتے ہیں جب اِن میں کوئی چیز چلی جاتی ہے۔ یہ آنسو جمائی لیتے اور ہنستے وقت بھی ہماری آنکھوں میں آ جاتے ہیں۔‏

  • جذباتی آنسو:‏ یہ آنسو صرف اِنسانوں کی آنکھوں میں آتے ہیں۔ جب ہم بہت جذباتی ہوتے ہیں تو ہماری آنکھوں میں یہ آنسو آتے ہیں۔ ردِعمل کے آنسوؤں کی نسبت اِن آنسوؤں میں 24 فیصد زیادہ پروٹین پایا جاتا ہے۔‏

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں