خدا کے نزدیک جائیں
”دیکھ مَیں سب چیزوں کو نیا بنا دیتا ہوں“
کیا آپ چاہتے ہیں کہ آپ اور آپ کے گھر والوں کی صحت اچھی ہو اور آپ سب ایک لمبی زندگی گزاریں؟ کیا آپ کا ارمان ہے کہ آپ ایک ایسی دُنیا میں رہیں جہاں دُکھتکلیف اور موت کا نامونشان بھی نہ ہو؟ لیکن کیا آپ کا یہ خواب کبھی پورا ہوگا؟ جیہاں۔ خدا نے وعدہ کِیا ہے کہ وہ بہت جلد ایک ایسی دُنیا قائم کرے گا جہاں دُکھدرد اور موت نہیں ہوگی۔ آئیں، دیکھتے ہیں کہ اِس سلسلے میں مکاشفہ 21:3-5 میں کیا لکھا ہے۔—اِن آیتوں کو پڑھیں۔
”[خدا] اُن کی آنکھوں کے سب آنسو پونچھ دے گا۔“ (مکاشفہ 21:4) خدا کس قسم کے آنسوؤں کو پونچھ دے گا؟ وہ خوشی کے آنسوؤں کو یا اُن آنسوؤں کو نہیں پونچھے گا جو ہماری آنکھوں کو خشک ہونے سے بچاتے ہیں۔ دراصل وہ اُن تمام آنسوؤں کو پونچھ دے گا جو کسی تکلیف یا غم کی وجہ سے ہماری آنکھوں میں آتے ہیں۔ خدا نہ صرف ہمارے آنسوؤں کو پونچھے گا بلکہ وہ اُن دُکھوں اور مصیبتوں کو ہی مٹا دے گا جو آنسوؤں کا باعث بنتی ہیں۔
”نہ موت رہے گی۔“ (مکاشفہ 21:4) موت ایک ایسی چیز ہے جس کی وجہ سے اِنسانوں کی آنکھوں میں سب سے زیادہ آنسو آتے ہیں۔ لیکن یہوواہ خدا اپنے بندوں کو موت کی گِرفت سے آزاد کرا دے گا۔ وہ ایسا کیسے کرے گا؟ وہ موت کی اصل وجہ یعنی اُس گُناہ کو ہی مٹا دے گا جو ہمیں آدم سے ورثے میں ملا ہے۔ (رومیوں 5:12) یہوواہ خدا یسوع مسیح کی قربانی کی بِنا پر اُن تمام اِنسانوں کو بےعیب بنا دے گا جو اُس کے وفادار رہیں گے۔a پھر وہ اِنسان کے سب سے آخری دُشمن یعنی موت کو ’نیست کر دے گا۔‘ (1-کرنتھیوں 15:26) یوں اِنسان خدا کے مقصد کے مطابق ہمیشہ تک زندہ رہ سکیں گے۔
درد نہیں رہے گا۔ (مکاشفہ 21:4) کس قسم کا درد نہیں رہے گا؟ خدا ہر طرح کے جسمانی، ذہنی اور جذباتی درد کو ختم کر دے گا جو گنہگار اور عیبدار ہونے کی وجہ سے ہمیں سہنے پڑتے ہیں۔
بہت جلد ایک ایسی دُنیا کا خواب حقیقت بن جائے گا جہاں آنسو، موت اور دُکھدرد کا نامونشان نہیں ہوگا۔ لیکن شاید آپ سوچیں کہ ”یہ دُنیا کہاں پر ہوگی؟ کیا خدا اِنسانوں کو ایسی زندگی آسمان پر دے گا؟“ نہیں۔ اِس سلسلے میں دو وجوہات پر غور کریں۔ پہلی وجہ یہ ہے کہ خدا کا وعدہ اِن الفاظ سے شروع ہوتا ہے: ”خدا کا خیمہ آدمیوں کے درمیان ہے۔“ اور آدمی یعنی اِنسان زمین پر رہتے ہیں۔ (مکاشفہ 21:3) دوسری وجہ یہ کہ خدا کے وعدے کے مطابق ’موت نہیں رہے گی۔‘ موت کو اُسی جگہ سے ختم کِیا جا سکتا ہے جہاں یہ راج کرتی ہے۔ یہ آسمان پر نہیں بلکہ زمین پر راج کر رہی ہے۔ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خدا کے وعدے کے مطابق اِنسان زمین پر دُکھتکلیف اور موت سے آزاد زندگی گزاریں گے۔
خدا اُن تمام مصیبتوں اور دُکھوں کو مٹا دے گا جن کی وجہ سے اِنسان کی آنکھ میں آنسو آتے ہیں۔
یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ ہم اُس کے وعدے پر پورا بھروسا رکھیں۔ اِس لئے اُس نے اپنے وعدے کے آخر میں کہا: ”دیکھ مَیں سب چیزوں کو نیا بنا دیتا ہوں۔ . . . یہ باتیں سچ اور برحق ہیں۔“ (مکاشفہ 21:5) کیوں نہ آپ اِس بارے میں سیکھیں کہ آپ اور آپ کے عزیز اُن لوگوں میں کیسے شامل ہو سکتے ہیں جو اپنی آنکھوں سے خدا کے اِس وعدے کو پورا ہوتے دیکھیں گے؟
اِن ابواب کو پڑھیں:
1-پطرس 1–5؛ 1-پطرس 1–3؛ 1-یوحنا 1–5؛ 2-یوحنا 1–13؛ 3-یوحنا 1–41؛ یہوداہ 1–25 –مکاشفہ 1–22
a یسوع مسیح کی قربانی کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لئے کتاب پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں کے باب 5 کو دیکھیں۔ (یہ کتاب یہوواہ کے گواہوں نے شائع کی ہے۔)