والدین کے نام ایک خاص خط
حال ہی میں اسپین کی دو نوعمر لڑکیوں نے اپنے والدین کے نام ایک قدرافزائی ظاہر کرنے والا خط لکھا۔ کچھ اقتباسات پیشِخدمت ہیں:
ہمارے پیارے والدین، پیپے اور واسنتا کے نام:
کہاں سے شروع کریں؟ ہم آپ سے بہت سی باتیں کہنا چاہتی ہیں مگر انہیں چند الفاظ میں بیان کرنا نہایت مشکل ہے۔ ہم اپنی ۱۷ اور ۱۵ سالہ زندگی کیلئے آپکا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہیں جس کے دوران آپ نے ہمیں بھرپور تحفظ فراہم کِیا اور خوب محبت دکھائی۔
ہم ہمیشہ ہی سے آپ کے نظریات اور اُصولوں سے واقف تھیں۔ بعضاوقات ہم سوچتی تھیں کہ ہمیں وقتِمقررہ پر گھر کیوں لوٹنا چاہئے لیکن اب یہ دیکھ لینے کے بعد کہ اُن نوجوانوں کا کیا حال ہوا ہے جن پر اُنکے والدین نے کوئی پابندی نہیں لگائی تھی، ہم یہ سمجھ گئی ہیں کہ وہ اُصول ہمارے لئے واقعی باعثِتحفظ ثابت ہوئے ہیں۔
مسیحی اجلاسوں سے بِلاوجہ غیرحاضر نہ ہونے کے آپکے نمونے سے اور اتوار کے دِن آپکے ساتھ مُنادی کرنے سے ہماری بہت مدد ہوئی ہے۔ اتوار کی صبح ہمیں یہ پوچھنے کی ضرورت نہیں ہوتی تھی کہ آیا ہم میدانی خدمت میں جا رہے ہیں۔ ہم بخوبی جانتی تھیں کہ ہم جا رہے ہیں!
ہماری پرورش میں مہماننوازی سیکھنا بھی شامل رہا ہے۔ ہمارے گھر پر بہتیرے مہمان آتے رہے ہیں اور آپ اُنکی خاطرداری میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔ ہم بچپن سے اپنی ننھی آنکھوں سے یہ سب کچھ دیکھتی آئی ہیں اور ہم اس بات کی قدر کرتی ہیں کہ ہمارے والدین اپنی مثال آپ ہیں۔
ہمیں آپ سے بہتر کوئی نہیں جانتا۔ آپ ہمارے بہترین دوست ہیں جن پر ہمیں پورا بھروسہ ہے۔
آخر میں، ہم یہ کہنا چاہتی ہیں کہ ہم آپ سے بہت پیار کرتی ہیں۔ آپ ہمارے والدین ہیں اور ہم کبھی بھی کسی دوسرے کو آپکی جگہ نہیں دینگی۔ تاہم اگر ہمیں کبھی اپنے والدین اور اپنے طرزِزندگی کا ازسرِنو انتخاب کرنا پڑا تو ہم بِلاشُبہ آپ ہی کو منتخب کرینگی اور پھر سے ایسی ہی زندگی بسر کرنا چاہیں گی۔
پیاربھرے بوسوں کیساتھ، آپکی بیٹیاں،
اسمرلڈا اور یولینڈ