یرمیاہ
43 جب یرمیاہ نے سب لوگوں کو یہ ساری باتیں بتا لیں جو اُن لوگوں کے خدا یہوواہ کی طرف سے تھیں یعنی ہر وہ بات جسے بتانے کے لیے اُن کے خدا یہوواہ نے اُنہیں بھیجا تھا 2 تو ہوسعیاہ کا بیٹا عزریاہ، قریح کا بیٹا یوحنان اور سب گستاخ* آدمی یرمیاہ سے کہنے لگے: ”تُم جھوٹ بول رہے ہو! ہمارے خدا یہوواہ نے تمہیں یہ کہنے کے لیے نہیں بھیجا کہ ”مصر جا کر وہاں نہ بسو۔“ 3 اصل میں نِیریاہ کا بیٹا بارُوک تمہیں ہمارے خلاف اُکسا رہا ہے تاکہ ہمیں کسدیوں کے حوالے کر دیا جائے اور وہ ہمیں مار ڈالیں یا قیدی بنا کر بابل لے جائیں۔“
4 اِس لیے قریح کے بیٹے یوحنان، فوج کے سب سربراہوں اور سب لوگوں نے یہوواہ کی یہ بات نہیں مانی کہ وہ ملک یہوداہ میں ہی رہیں۔ 5 اِس کی بجائے قریح کے بیٹے یوحنان اور فوج کے سب سربراہوں نے یہوداہ کے لوگوں کے بچے ہوئے سارے حصے کو ساتھ لیا۔ یہ وہ لوگ تھے جو اُن سب قوموں سے ملک یہوداہ میں بسنے کے لیے لوٹ آئے تھے جن میں اُنہیں تتربتر کِیا گیا تھا۔ 6 اُنہوں نے مردوں، عورتوں، بچوں، بادشاہ کی بیٹیوں اور ہر اُس شخص* کو ساتھ لیا جسے محافظوں کا سربراہ نبوزرادان سافن کے بیٹے اخیقام کے بیٹے جدلیاہ کی نگرانی میں چھوڑ گیا تھا۔ اُنہوں نے یرمیاہ نبی اور نِیریاہ کے بیٹے بارُوک کو بھی ساتھ لیا۔ 7 وہ یہوواہ کی نافرمانی کرتے ہوئے مصر چلے گئے اور تحفنیس تک پہنچ گئے۔
8 تحفنیس میں یہوواہ کا یہ کلام یرمیاہ تک پہنچا: 9 ”اپنے ہاتھ میں بڑے پتھر لو اور اُنہیں یہودی آدمیوں کے سامنے تحفنیس میں فِرعون کے محل کے دروازے پر اینٹوں کے چبوترے میں گارے میں چھپا دو۔ 10 پھر تُم اُن سے کہنا: ”فوجوں کا خدا یہوواہ جو اِسرائیل کا خدا ہے، فرماتا ہے: ”مَیں اپنے خادم یعنی بابل کے بادشاہ نبوکدنضر* کو بُلا رہا ہوں اور مَیں اُس کا تخت اِن پتھروں کے بالکل اُوپر لگاؤں گا جنہیں مَیں نے چھپایا ہے اور وہ اپنا شاہی خیمہ اِن پر تانے گا۔ 11 وہ آئے گا اور ملک مصر پر حملہ کرے گا۔ جن کے لیے جانلیوا وبا ہے، اُنہیں جانلیوا وبا لگے گی؛ جن کے لیے قید ہے، وہ قید میں جائیں گے اور جن کے لیے تلوار ہے، وہ تلوار سے مریں گے۔ 12 مَیں مصر کے خداؤں کے مندروں* کو آگ لگا دوں گا اور وہ اُنہیں جلا دے گا اور اُنہیں قیدی بنا کر لے جائے گا۔ وہ ملک مصر کو اپنے گِرد ایسے لپیٹ لے گا جیسے چرواہا اپنی چادر کو لپیٹتا ہے اور وہ صحیح سلامت وہاں سے نکل جائے گا۔ 13 وہ مصر میں بیتشمس* کے ستونوں کے ٹکڑے ٹکڑے کر دے گا اور مصر کے خداؤں کے مندروں* کو آگ سے جلا دے گا۔“““