یرمیاہ
22 یہوواہ فرماتا ہے: ”یہوداہ کے بادشاہ کے محل میں جاؤ اور یہ پیغام سناؤ۔ 2 تُم یہ کہنا: ”داؤد کے تخت پر بیٹھنے والے یہوداہ کے بادشاہ! تُم، تمہارے خادم اور تمہارے لوگ جو اِن دروازوں سے داخل ہوتے ہیں، یہوواہ کا کلام سنیں۔ 3 یہوواہ فرماتا ہے: ”اِنصاف اور نیکی کی راہ پر چلو۔ جس شخص کو لُوٹا جا رہا ہے، اُسے دھوکےباز کے ہاتھ سے چھڑاؤ۔ کسی پردیسی سے بدسلوکی نہ کرو، کسی یتیم یا بیوہ کو نقصان نہ پہنچاؤ اور اِس جگہ کسی بےقصور کا خون نہ بہاؤ۔ 4 اگر تُم اِن باتوں پر اچھی طرح عمل کرو گے تو داؤد کے تخت پر بیٹھنے والے بادشاہ اپنے خادموں اور اپنے لوگوں کے ساتھ رتھوں اور گھوڑوں پر سوار ہو کر اِس محل کے دروازوں سے داخل ہوں گے۔““
5 یہوواہ فرماتا ہے: ”لیکن اگر تُم اِن باتوں پر عمل نہیں کرو گے تو مَیں اپنی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ یہ محل تباہ ہو جائے گا۔“
6 کیونکہ یہوواہ یہوداہ کے بادشاہ کے محل کے بارے میں یہ فرماتا ہے:
”تُو میرے لیے جِلعاد کی طرح ہے،
ہاں، لبنان کی چوٹی کی طرح۔
لیکن مَیں تجھے ویرانہ بنا دوں گا؛
تیرا کوئی بھی شہر آباد نہیں ہوگا۔
7 مَیں تیرے خلاف تباہ کرنے والوں کو مقرر* کروں گا؛
اُن میں سے ہر ایک کے پاس اپنے ہتھیار ہوں گے۔
وہ تیرے عمدہ دیوداروں کو کاٹ ڈالیں گے
اور اُنہیں آگ میں جھونک دیں گے۔
8 بہت سی قومیں اِس شہر کے پاس سے گزریں گی اور ایک دوسرے سے کہیں گی: ”یہوواہ نے اِس عظیم شہر کے ساتھ ایسا کیوں کِیا؟“ 9 اور وہ لوگ جواب میں کہیں گے: ”کیونکہ اُنہوں نے اپنے خدا یہوواہ کے عہد کو ترک کر دیا اور دوسرے خداؤں کے سامنے جھکنے لگے اور اُن کی خدمت کرنے لگے۔““
10 مُردہ شخص کے لیے نہ رو
اور اُس کے لیے ماتم نہ کرو۔
اِس کی بجائے اُس کے لیے پھوٹ پھوٹ کر رو جو جا رہا ہے
کیونکہ وہ اپنی پیدائش کے ملک کو دیکھنے کے لیے نہیں لوٹے گا۔
11 کیونکہ یہوواہ یوسیاہ کے بیٹے سلّوم* کے بارے میں جو یہوداہ کا بادشاہ ہے اور اپنے باپ یوسیاہ کی جگہ حکمرانی کر رہا ہے اور اِس جگہ سے جا چُکا ہے، یہ فرماتا ہے: ”وہ یہاں کبھی نہیں لوٹے گا۔ 12 وہ اُس جگہ مر جائے گا جہاں اُسے قیدی بنا کر لے جایا گیا ہے اور اِس ملک کو پھر کبھی نہیں دیکھے گا۔“
13 اُس شخص پر افسوس جو اپنا گھر بُرائی سے بناتا ہے
اور اپنے اُوپر والے کمرے بےاِنصافی سے؛
جو اپنے پڑوسی سے مُفت میں خدمت کراتا ہے
اور اُس کی مزدوری دینے سے اِنکار کر دیتا ہے؛
14 جو کہتا ہے: ”مَیں اپنے لیے ایک بہت بڑا گھر بناؤں گا
جس کے اُوپر والے کمرے کُھلے کُھلے ہوں گے؛
مَیں اُس میں کھڑکیاں لگاؤں گا
اور دیودار کے تختے بھی اور اُن پر تیز سُرخ رنگ کراؤں گا۔“
15 کیا تُم اِس لیے حکمرانی کرتے رہو گے کیونکہ تُم نے دیودار کے اِستعمال میں دوسروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے؟
تمہارا باپ بھی کھاتا اور پیتا تھا
لیکن وہ اِنصاف اور نیکی کی راہ پر چلتا تھا
اور اِس وجہ سے اُس کا بھلا ہوا۔
16 اُس نے مصیبت کے ماروں اور غریبوں کے قانونی حق کا دِفاع کِیا
اِس لیے سب اچھا ہوا۔
یہوواہ فرماتا ہے: ”کیا مجھے جاننے کا یہی مطلب نہیں ہے؟
17 لیکن تمہاری نظریں اور تمہارا دل صرف بےایمانی کی کمائی،
بےقصوروں کا خون بہانے
اور دھوکے اور لُوٹمار پر لگا ہے۔“
18 اِس لیے یہوواہ یوسیاہ کے بیٹے یہویقیم کے بارے میں جو یہوداہ کا بادشاہ ہے، یہ فرماتا ہے:
”وہ یہ کہتے ہوئے اُس کے لیے ماتم نہیں کریں گے:
”ہائے میرے بھائی! ہائے میری بہن!“
وہ یہ کہتے ہوئے اُس کے لیے ماتم نہیں کریں گے:
”ہائے مالک! ہائے اُس کی شانوشوکت!“
19 اُس کی لاش کے ساتھ گدھے کی لاش جیسا سلوک کِیا جائے گا؛
اُسے گھسیٹ کر یروشلم کے دروازوں سے باہر پھینک دیا جائے گا۔“
20 لبنان جا* اور چلّا؛
بسن میں اپنی آواز بلند کر
اور عباریم سے اُونچی آواز میں چلّا
کیونکہ تجھے شدت سے چاہنے والوں کو کچل دیا گیا ہے۔
21 مَیں نے تجھ سے تب بات کی جب تُو خود کو محفوظ محسوس کرتی تھی۔
لیکن تُو نے کہا: ”مَیں تیری بات نہیں مانوں گی۔“
تُو جوانی سے ایسا ہی کرتی آئی ہے
کیونکہ تُو نے میری بات نہیں مانی۔
22 ایک ہوا تیرے سب چرواہوں کی گلّہبانی کرے گی
اور تجھے شدت سے چاہنے والوں کو قیدی بنا کر لے جایا جائے گا۔
پھر تجھے تیری ساری مصیبتوں کی وجہ سے شرمندہ اور رُسوا کِیا جائے گا۔
23 اَے لبنان میں رہنے والی!
اَے دیوداروں کے بیچ بسنے والی!
جب تجھے دردیں لگیں گی تو تُو کتنا کراہے گی!
تُو بچے کو جنم دینے والی عورت کی طرح تڑپے گی!“
24 ”زندہ خدا یہوواہ فرماتا ہے: ”یہوداہ کے بادشاہ اور یہویقیم کے بیٹے کونیاہ!* مجھے اپنی قسم کہ اگر تُم میرے دائیں ہاتھ میں مُہر والی انگوٹھی بھی ہوتے تو مَیں تمہیں اُتار کر پھینک دیتا! 25 مَیں تمہیں اُن کے حوالے کر دوں گا جو تمہاری جان لینے پر تُلے ہیں، اُن کے حوالے جن سے تُم ڈرتے ہو، ہاں، بابل کے بادشاہ نبوکدنضر* اور کسدیوں کے حوالے۔ 26 مَیں تمہیں اور تمہاری ماں کو جس نے تمہیں جنم دیا، ایک دوسرے ملک میں پھینک دوں گا جس میں تُم پیدا نہیں ہوئے تھے اور تُم وہیں مرو گے۔ 27 تُم اُس ملک میں پھر کبھی نہیں لوٹو گے جس کے لیے تُم ترستے ہو۔
28 کیا یہ آدمی کونیاہ محض ایک حقیر اور ٹوٹا ہوا برتن ہے،
ایک ایسا برتن جسے کوئی رکھنا نہیں چاہتا؟
اُسے اور اُس کی اولاد کو ایک ایسے ملک میں کیوں پھینک دیا گیا
جس کے بارے میں وہ نہیں جانتے؟“
29 اَے زمین،* اَے زمین، اَے زمین! یہوواہ کا کلام سُن۔
30 یہوواہ فرماتا ہے:
”لکھ کہ یہ آدمی بےاولاد ہے
جسے اپنی زندگی میں کوئی کامیابی نہیں ملے گی
کیونکہ اُس کی اولاد میں سے کوئی بھی داؤد کے تخت پر بیٹھنے
اور دوبارہ یہوداہ پر حکمرانی کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا۔““