یرمیاہ
17 ”یہوداہ کا گُناہ لوہے کے قلم سے لکھا گیا ہے۔
اِسے ہیرے کی نوک سے اُن کے دل کی تختی پر
اور اُن کی قربانگاہوں کے سینگوں پر کندہ کِیا گیا ہے۔
2 اُن کے بیٹے بھی اُن کی قربانگاہوں اور مُقدس بَلّیوں* کو یاد کرتے ہیں
جو گھنے درختوں کے پاس، اُونچی پہاڑیوں پر
3 اور کُھلے میدانوں میں پہاڑوں پر تھیں۔
تیرے سارے علاقوں میں پھیلے گُناہ کی وجہ سے
مَیں تیرا مالودولت اور تیرے سارے خزانے،
ہاں، تیری اُونچی جگہیں لُوٹ کے مال کے طور پر دے دوں گا۔
4 تُو خود اپنی وہ وراثت گنوا بیٹھے گا جو مَیں نے تجھے دی تھی
اور مَیں تجھ سے اُس ملک میں تیرے دُشمنوں کی خدمت کراؤں گا جس کے بارے میں تُو نہیں جانتا
کیونکہ تُم لوگوں نے میرے غصے کی آگ بھڑکائی ہے۔*
یہ ہمیشہ جلتی رہے گی۔“
5 یہوواہ یہ فرماتا ہے:
”اُس شخص* پر لعنت ہے جو اِنسانوں پر بھروسا کرتا ہے؛
جو اِنسانی طاقت پر بھروسا کرتا ہے*
اور جس کا دل یہوواہ سے پھر جاتا ہے۔
6 وہ ریگستان میں کھڑے اکیلے درخت کی طرح بن جائے گا۔
وہ کوئی اچھی چیز نہیں دیکھے گا
بلکہ ویرانے میں سُوکھی جگہوں اور سیمزدہ زمین پر بسے گا
جہاں کوئی نہیں رہ سکتا۔
8 وہ ایسے درخت کی طرح بن جائے گا جو پانی کے پاس لگایا گیا ہے
اور جو اپنی جڑیں ندی کی طرف پھیلاتا ہے۔
اُسے شدید گرمی کا احساس نہیں ہوگا
بلکہ اُس کے پتّے ہمیشہ ہرے بھرے رہیں گے۔
وہ خشکسالی کے سال میں پریشان نہیں ہوگا
اور نہ ہی پھل دینا چھوڑے گا۔
9 دل ہر چیز سے زیادہ دھوکےباز اور بےصبر* ہے۔
اِسے کون جان سکتا ہے؟
10 مَیں یہوواہ دل کو پرکھتا ہوں
اور گہرائیوں میں موجود خیالات* کو جانچتا ہوں
تاکہ ہر ایک کو اُس کی روِش،
ہاں، اُس کے کاموں کے پھل کے مطابق بدلہ دوں۔
11 جو شخص بےایمانی* سے دولت حاصل کرتا ہے،
وہ اُس مادہ تیتر کی طرح ہے جو کسی اَور کے انڈوں پر بیٹھتی ہے۔
دولت اُسے آدھی عمر میں چھوڑ دے گی
اور آخر میں وہ بےوقوف ثابت ہوگا۔“
12 وہ شاندار تخت جسے شروع سے بلند کِیا گیا ہے،
ہمارا مُقدس مقام ہے۔
13 اَے یہوواہ! اِسرائیل کی اُمید!
جو لوگ تجھے چھوڑ دیتے ہیں، اُن سب کو شرمندہ کِیا جائے گا۔
جو لوگ تجھ سے* برگشتہ ہو جاتے ہیں، اُن کے نام خاک پر لکھے جائیں گے
کیونکہ اُنہوں نے یہوواہ کو، ہاں، زندگی کے پانی کے چشمے کو ترک کر دیا ہے۔
14 اَے یہوواہ! مجھے شفا دے اور مَیں ٹھیک ہو جاؤں گا۔
مجھے بچا لے اور مَیں بچ جاؤں گا
کیونکہ مَیں صرف تیری ہی بڑائی کرتا ہوں۔
15 دیکھ! وہ مجھ سے پوچھتے ہیں:
”یہوواہ کا کلام کہاں ہے؟
اب مہربانی کر کے اِسے پورا ہونے دے!“
16 لیکن جہاں تک میری بات ہے، مَیں ایک چرواہے کے طور پر تیرے پیچھے چلنا چھوڑ کر نہیں بھاگا
اور نہ ہی مَیں نے تباہی کے دن کی خواہش کی۔
تُو میرے مُنہ سے نکلنے والی ہر بات کو اچھی طرح جانتا ہے؛
وہ سب تیرے سامنے ہی ہوئی ہیں!
17 میرے لیے دہشت کا باعث نہ بن۔
تُو مصیبت کے دن میری پناہگاہ ہے۔
18 مجھے اذیت دینے والے شرمندہ ہوں
لیکن مجھے شرمندہ نہ ہونے دے۔
وہ دہشتزدہ ہوں
لیکن مجھے دہشتزدہ نہ ہونے دے۔
اُن پر مصیبت کا دن لا
اور اُنہیں کچل کر بالکل* تباہ کر دے۔
19 یہوواہ نے مجھ سے یہ کہا: ”جاؤ اور لوگوں کے بیٹوں کے دروازے پر کھڑے ہو جس سے یہوداہ کے بادشاہ اندر آتے اور باہر جاتے ہیں اور پھر جا کر یروشلم کے سب دروازوں پر بھی کھڑے ہو۔ 20 تُم اُن سے کہنا: ”یہوداہ کے بادشاہو، یہوداہ کے سب لوگو اور یروشلم کے سب باشندو! تُم جو اِن دروازوں سے داخل ہوتے ہو، یہوواہ کا کلام سنو۔ 21 یہوواہ یہ فرماتا ہے: ”تُم* خبردار رہو! سبت کے دن کوئی بوجھ نہ اُٹھاؤ اور نہ اُسے یروشلم کے دروازوں سے اندر لاؤ۔ 22 تُم سبت کے دن اپنے گھر سے کوئی بوجھ باہر نہ لانا اور نہ ہی کوئی کام کرنا۔ تُم سبت کے دن کو پاک رکھنا جیسے مَیں نے تمہارے باپدادا کو حکم دیا تھا۔ 23 لیکن اُنہوں نے میری بات نہیں سنی اور اِس پر کان نہیں لگایا۔ وہ ڈھیٹھ بن گئے* اور اُنہوں نے میری بات ماننے اور اِصلاح قبول کرنے سے اِنکار کر دیا۔““
24 ”یہوواہ فرماتا ہے: ”لیکن اگر تُم سختی سے میری بات پر عمل کرو گے اور سبت کے دن اِس شہر کے دروازوں سے کوئی بوجھ اندر نہیں لاؤ گے اور سبت کے دن کوئی کام نہ کر کے اِسے پاک رکھو گے 25 تو داؤد کے تخت پر بیٹھنے والے بادشاہ اور حاکم بھی رتھوں اور گھوڑوں پر سوار ہو کر اِس شہر کے دروازوں سے داخل ہوں گے، ہاں، وہ اور اُن کے حاکم، یہوداہ کے آدمی اور یروشلم کے باشندے داخل ہوں گے اور یہ شہر ہمیشہ آباد رہے گا۔ 26 لوگ یہوداہ کے شہروں، یروشلم کے اِردگِرد کے علاقوں، بِنیامین کے علاقے، نشیبی علاقے، پہاڑی علاقے اور نِجِب* سے یہوواہ کے گھر آئیں گے۔ وہ بھسم ہونے والی سالم قربانیاں، دوسری قربانیاں، اناج کے نذرانے، لوبان اور شکرگزاری کی قربانیاں لائیں گے۔
27 لیکن اگر تُم میری بات نہ مان کر سبت کے دن کو ناپاک کرو گے اور سبت کے دن بوجھ اُٹھاؤ گے اور اِسے یروشلم کے دروازوں سے اندر لاؤ گے تو مَیں یروشلم کے دروازوں کو آگ لگا دوں گا اور وہ اُس کے مضبوط بُرجوں کو ضرور بھسم کر دے گی اور کبھی نہیں بُجھے گی۔“““