یسعیاہ
18 بھنبھناتے کیڑے مکوڑوں کے ملک پر افسوس
جو اِیتھیوپیا کے دریاؤں کی سرزمین میں ہے!
2 وہ سمندر کے راستے آبی نرسل* کی کشتیوں میں
پانیوں کے پار قاصد بھیجتا ہے اور کہتا ہے:
”تیزرفتار قاصدو!
ایک لمبی تڑنگی اور نرموملائم جِلد والی قوم کے پاس جاؤ،
اُس قوم کے پاس جس کا ڈر ہر جگہ پھیلا ہوا ہے،
ہاں، اُس قوم کے پاس جو طاقتور ہے اور فتح پر فتح حاصل کر رہی ہے*
اور جس کا ملک دریا بہا لے گئے ہیں۔“
3 ملک کے سب باشندو اور زمین کے رہنے والو!
جو تُم دیکھو گے، وہ پہاڑوں پر کھڑے کیے گئے جھنڈے کی طرح ہوگا
اور تُم ایک آواز سنو گے جو نرسنگے* کی آواز کی طرح ہوگی
4 کیونکہ یہوواہ نے مجھ سے یہ کہا ہے:
”مَیں پُرسکون رہوں گا اور اپنی مستقل جگہ کو* دیکھوں گا
جیسے دھوپ کے ساتھ چِلچِلاتی گرمی ہو،
جیسے کٹائی کے موسم کی تپش میں اوس کا بادل ہو۔
5 کٹائی سے پہلے جب کلیاں پھوٹ چُکی ہوں گی
اور پھول پکے ہوئے انگور بن رہے ہوں گے
تو شاخوں کو درانتی سے کاٹ دیا جائے گا
اور ڈالیوں کو کاٹ کر پھینک دیا جائے گا۔
6 اُن سب کو پہاڑوں کے شکاری پرندوں
اور زمین کے درندوں کے لیے چھوڑ دیا جائے گا۔
گرمی کے موسم میں شکاری پرندے اُنہیں کھائیں گے
اور کٹائی کے موسم میں زمین کے سب درندے۔
7 اُس وقت فوجوں کے خدا یہوواہ کے لیے ایک نذرانہ لایا جائے گا
جو ایک لمبیتڑنگی اور نرموملائم جِلد والی قوم کی طرف سے ہوگا،
اُس قوم کی طرف سے جس کا ڈر ہر طرف پھیلا ہوا ہے،
ہاں، اُس قوم کی طرف سے جو طاقتور ہے اور فتح پر فتح حاصل کر رہی ہے*
اور جس کا ملک دریا بہا لے گئے ہیں۔
یہ نذرانہ اُس جگہ لایا جائے گا جو فوجوں کے خدا یہوواہ کے نام سے جانی جاتی ہے یعنی کوہِصِیّون پر۔