زبور
چڑھائی کا گیت۔ داؤد کا گیت۔
122 مَیں بہت خوش ہوا جب لوگ مجھ سے کہنے لگے:
”آؤ یہوواہ کے گھر چلیں۔“
2 اَے یروشلم! اب ہم نے تیرے دروازوں سے اندر قدم رکھے ہیں۔
3 یروشلم ایک ایسے شہر کی طرح بنایا گیا ہے
جس کے حصے آپس میں جُڑے ہیں۔
4 قبیلے اُوپر اُس شہر میں گئے ہیں،
ہاں، یاہ* کے قبیلے اِسرائیل کو دی گئی یاددہانیوں کے مطابق
یہوواہ کے نام کی بڑائی کرنے وہاں گئے ہیں
5 کیونکہ وہاں اِنصاف کرنے کے لیے تخت،
ہاں، داؤد کے گھرانے کے تخت لگائے گئے تھے۔
6 یروشلم کی سلامتی مانگو۔
اَے شہر! تجھ سے پیار کرنے والے محفوظ رہیں گے۔
7 تیری مضبوط دیواروں* میں امن رہے
اور تیرے مضبوط بُرجوں میں سلامتی۔
8 مَیں اپنے بھائیوں اور ساتھیوں کی خاطر کہوں گا:
”تجھ میں امنوسلامتی رہے۔“
9 مَیں یہوواہ اپنے خدا کے گھر کی خاطر
تیری خوشحالی کے لیے دُعا کروں گا۔