یہوواہ خدا کی حمد کرنـے کے اَور زیادہ موقعے
۱. کس نئے بندوبست کی وجہ سے اب ہم یہوواہ خدا کی اَور زیادہ حمد کر سکتے ہیں؟
۱ مارچ کے مہینے سے یہ نیا بندوبست شروع ہوا کہ مبشر مارچ اور اپریل کے مہینوں میں اور حلقے کے نگہبان کے دورے کے مہینے میں مددگار پہلکار کے طور پر ۳۰ گھنٹے مُنادی کر سکتے ہیں۔ اگر حلقے کے نگہبان کا دورہ ایک مہینے کے آخر میں شروع ہوتا ہے اور اگلے مہینے کے شروع میں ختم ہوتا ہے تو مبشر اِن میں سے کسی بھی مہینے میں مددگار پہلکار کے طور پر ۳۰ گھنٹے خدمت کر سکتے ہیں۔ تمام مددگار پہلکار اُس پورے اجلاس میں شریک ہو سکتے ہیں جو حلقے کے نگہبان کے دورے میں خصوصی پہلکاروں اور پہلکاروں کے لئے منعقد کِیا جاتا ہے۔ جن بہنبھائیوں کے لئے مددگار پہلکار کے طور ۵۰ گھنٹے خدمت کرنا مشکل ہے، اب وہ اِس بندوبست کی وجہ سے سال میں چار بار مددگار پہلکار کے طور پر خدمت کر سکتے ہیں اور یوں یہوواہ خدا کی اَور زیادہ حمد کر سکتے ہیں۔—زبور ۱۰۹:۳۰؛ ۱۱۹:۱۷۱۔
۲. جو بہنبھائی حلقے کے نگہبان کے دورے میں مددگار پہلکار کے طور پر خدمت کریں گے، اُن کو کیا موقعے ملیں گے؟
۲ حلقے کے نگہبان کے دورے میں: اب بہت سے بہنبھائی حلقے کے نگہبان کے دورے میں مددگار پہلکار کے طور پر خدمت کر سکیں گے۔ اِس طرح اُن کو حلقے کے نگہبان کے ساتھ مُنادی کرنے اور اُس سے حوصلہافزائی حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ (روم ۱:۱۱، ۱۲) شاید حلقے کے دورے کے دوران مددگار پہلکار ایک دن چھٹی لے سکتے ہیں تاکہ وہ حلقے کے نگہبان کے ساتھ مل کر مُنادی کر سکیں۔ جو بہنبھائی پیر سے جمعے تک کام کرتے ہیں، وہ ہفتے یا اتوار کے دن نگہبان کے ساتھ مُنادی کرنے کا بندوبست بنا سکتے ہیں۔ اِس کے ساتھساتھ جب مددگار پہلکار اُس اجلاس میں شرکت کریں گے جو خصوصی پہلکاروں اور پہلکاروں کے لئے منعقد کِیا جاتا ہے تو اِس سے اُن کی بہت حوصلہافزائی ہوگی۔
۳. مارچ اور اپریل کے مہینوں میں مددگار پہلکار کے طور پر خدمت کرنا کیوں فائدہمند ہے؟
۳ مارچ اور اپریل میں: پہلے ہم صرف یسوع مسیح کی یادگاری والے مہینے میں مددگار پہلکار کے طور پر ۳۰ گھنٹے مُنادی کر سکتے تھے۔ لیکن اب ہم دو مہینوں میں ایسا کر سکتے ہیں۔ یوں ہم یہوواہ خدا کے حضور اپنی ”حمد کی قربانی“ کو دُگنا کر سکتے ہیں۔ (عبر ۱۳:۱۵) مارچ اور اپریل کے مہینوں میں مددگار پہلکار کے طور پر خدمت کرنے کا بڑا فائدہ ہے۔ ہر سال اِن مہینوں میں ہم لوگوں میں یسوع مسیح کی یادگاری تقریب کے دعوتنامے تقسیم کرتے ہیں۔ اِس کے علاوہ اِن مہینوں میں بہت سے مبشر مُنادی کے کام میں زیادہ وقت صرف کرتے ہیں۔ اِس وجہ سے ہمیں مختلف بہنبھائیوں کے ساتھ مُنادی کرنے کا موقع ملتا ہے۔ یادگاری تقریب کے بعد ہم اِس پر آنے والے لوگوں کے پاس دوبارہ جاتے ہیں اور اُن کو خاص تقریر پر آنے کی یاددہانی کراتے ہیں۔ کیا آپ کا دل آپ کو ترغیب دے گا کہ آپ مددگار پہلکار کے طور پر خدمت کرنے کے بندوبست سے فائدہ اُٹھائیں؟—لو ۶:۴۵۔