سبق نمبر 85
یسوع نے سبت کے دن معجزہ کِیا
فریسیوں کو یسوع سے نفرت تھی اور وہ اُنہیں گِرفتار کرنے کی کوئی وجہ ڈھونڈ رہے تھے۔ وہ کہتے تھے کہ یسوع کو سبت کے دن بیماروں کو ٹھیک نہیں کرنا چاہیے۔ ایک بار سبت کے دن یسوع کو ایک اندھا آدمی دِکھا جو سڑک پر بھیک مانگ رہا تھا۔ یسوع نے اپنے شاگردوں سے کہا: ”ابھی آپ دیکھیں گے کہ خدا کی طاقت اِس آدمی کی مدد کیسے کرتی ہے۔“ اُنہوں نے زمین پر تھوکا اور مٹی کا لیپ بنا کر اُس کی آنکھوں پر لگایا۔ یسوع نے اُس سے کہا: ”جا کر سِلُوام کے تالاب میں مُنہ دھوئیں۔“ اُس آدمی نے ایسا ہی کِیا اور زندگی میں پہلی بار اُسے دِکھائی دینے لگا۔
لوگ یہ سب دیکھ کر بڑے حیران ہوئے۔ اُنہوں نے کہا: ”کیا یہ وہی آدمی ہے جو سڑک پر بیٹھ کر بھیک مانگتا تھا یا کیا یہ اُس کی طرح لگ رہا ہے؟“ اُس آدمی نے کہا: ”مَیں ہی وہ آدمی ہوں جو پیدائش سے اندھا تھا۔“ لوگوں نے اُس سے پوچھا: ”اب تمہیں کیسے دِکھائی دینے لگا ہے؟“ جب اُس نے اُنہیں بتایا کہ اُس کے ساتھ کیا ہوا ہے تو لوگ اُسے فریسیوں کے پاس لے گئے۔
اُس آدمی نے فریسیوں سے کہا: ”یسوع نے مٹی کا لیپ بنا کر میری آنکھوں پر لگایا اور مجھ سے مُنہ دھونے کے لیے کہا۔ جب مَیں نے ایسا کِیا تو مجھے نظر آنے لگا۔“ فریسیوں نے کہا: ”اگر یسوع سبت کے دن لوگوں کو ٹھیک کر رہا ہے تو وہ خدا کی طرف سے نہیں آیا کیونکہ وہ سبت نہیں مناتا۔“ لیکن دوسرے لوگوں نے کہا: ”اگر یہ خدا کی طرف سے نہ ہوتا تو یہ کبھی ایسے معجزے نہ کر پاتا۔“
فریسیوں نے اُس آدمی کے ماں باپ کو بُلایا اور اُن سے پوچھا: ”آپ کے بیٹے کی آنکھیں اب کیسے ٹھیک ہو گئی ہیں؟“ اُس آدمی کے ماں باپ بہت ڈر گئے کیونکہ فریسیوں نے کہا تھا کہ اگر کوئی شخص یسوع پر ایمان لائے گا تو اُسے عبادتگاہ سے نکال دیا جائے گا۔ اِس لیے اُنہوں نے کہا: ”ہمیں نہیں پتہ۔ آپ اُسی سے پوچھ لیں۔“ فریسیوں نے اُس آدمی سے اَور سوال پوچھنے شروع کر دیے۔ پھر اُس آدمی نے کہا: ”مَیں نے آپ کو سب کچھ بتا دیا ہے۔ آپ پھر بھی مجھ سے سوال کیوں پوچھتے جا رہے ہیں؟“ فریسیوں کو بہت غصہ آیا اور اُنہوں نے اُس آدمی کو عبادتگاہ سے نکال دیا۔
یسوع اُس آدمی سے ملنے گئے اور اُس سے پوچھا: ”کیا آپ مسیح پر ایمان رکھتے ہیں؟“ اُس آدمی نے کہا: ”اگر مجھے پتہ ہوتا کہ وہ کون ہے تو مَیں ضرور ایسا کرتا۔“ یسوع نے کہا: ”مَیں ہی مسیح ہوں۔“ یسوع نے اُس آدمی کے لیے کتنی زیادہ محبت دِکھائی! اُنہوں نے نہ صرف اُسے ٹھیک کِیا بلکہ اُس کی مدد بھی کی تاکہ وہ اُن پر ایمان لا سکے۔
”آپ غلطی پر ہیں کیونکہ آپ کو نہ تو صحیفوں کا علم ہے اور نہ ہی خدا کی طاقت کا۔“—متی 22:29