سبق نمبر 69
جبرائیل مریم سے ملنے گئے
الیشبع کی ایک رشتےدار تھی جس کا نام مریم تھا اور وہ الیشبع سے عمر میں چھوٹی تھی۔ مریم گلیل کے شہر ناصرت میں رہتی تھیں۔ مریم کی منگنی یوسف سے ہو چُکی تھی جو کہ ایک بڑھئی تھے۔ جب الیشبع کو حاملہ ہوئے چھ مہینے ہو چُکے تھے تو جبرائیل مریم سے ملنے گئے۔ اُنہوں نے مریم سے کہا: ”سلام مریم! یہوواہ نے آپ کو برکت دی ہے۔“ مریم جبرائیل کی بات کا مطلب نہیں سمجھ پائی تھیں۔ جبرائیل نے اُن سے کہا: ”آپ حاملہ ہوں گی اور آپ کا ایک بیٹا ہوگا۔ آپ اُس کا نام یسوع رکھنا۔ وہ ایک بادشاہ ہوگا اور اُس کی بادشاہت کبھی ختم نہیں ہوگی۔“
مریم نے کہا: ”لیکن یہ کیسے ہو سکتا ہے؟ میری تو ابھی شادی بھی نہیں ہوئی۔“ جبرائیل نے کہا: ”یہوواہ کے لیے کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔ پاک روح آپ پر نازل ہوگی اور آپ کا ایک بیٹا ہوگا۔ آپ کی رشتےدار الیشبع بھی حاملہ ہیں۔“ پھر مریم نے فرشتے سے کہا: ”مَیں یہوواہ کی بندی ہوں۔ جیسا آپ نے کہا ہے ویسا ہی ہو۔“
مریم الیشبع سے ملنے اُن کے شہر گئیں جو کہ پہاڑی علاقے میں تھا۔ جب مریم نے الیشبع کو سلام کہا تو الیشبع کے پیٹ میں بچہ اُچھل پڑا۔ الیشبع پاک روح سے معمور ہو گئیں اور اُنہوں نے کہا: ”مریم! یہوواہ نے آپ کو برکت دی ہے۔ یہ میرے لیے کتنا بڑا اعزاز ہے کہ میرے مالک کی ماں مجھ سے ملنے آئی ہے۔“ مریم نے کہا: ”مَیں پورے دل سے یہوواہ کی بڑائی کرتی ہوں۔“ مریم تین مہینے تک الیشبع کے پاس ہی رہیں اور پھر اپنے گھر ناصرت واپس چلی گئیں۔
جب یوسف کو پتہ چلا کہ مریم حاملہ ہیں تو اُنہوں نے مریم سے منگنی توڑنے کا سوچا۔ لیکن خواب میں اُنہیں ایک فرشتہ دِکھائی دیا جس نے اُن سے کہا: ”مریم کو اپنے گھر لانے سے نہ ہچکچائیں۔ اُنہوں نے کچھ غلط نہیں کِیا۔“ اِس لیے یوسف مریم کو اپنی بیوی بنا کر گھر لے آئے۔
’آسمان میں اور زمین پر یہوواہ جو چاہتا ہے، وہ کرتا ہے۔‘—زبور 135:6