یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • م25 نومبر ص.‏ 2-‏7
  • بڑھاپے میں بھی اپنی خوشی برقرار رکھیں

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • بڑھاپے میں بھی اپنی خوشی برقرار رکھیں
  • مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—‏2025ء
  • ذیلی عنوان
  • ملتا جلتا مواد
  • اپنی خوشی کو برقرار رکھنا مشکل کیوں ہو سکتا ہے؟‏
  • آپ اپنی خوشی کیسے برقرار رکھ سکتے ہیں؟‏
  • دوسرے مدد کیسے کر سکتے ہیں؟‏
  • عمررسیدہ بہن بھائیوں کو بیش‌قیمت خیال کریں
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—‏2021ء
  • یہوواہ خدا اپنے عمررسیدہ خادموں کی قدر کرتا ہے
    مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏2008ء
  • خدا کے وفادار بندوں کے آخری الفاظ سے سیکھیں
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—‏2024ء
  • خاکساری سے تسلیم کریں کہ آپ سب باتوں کو نہیں جانتے
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—‏2025ء
مزید
مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—‏2025ء
م25 نومبر ص.‏ 2-‏7

مطالعے کا مضمون نمبر 44

گیت نمبر 138‏:‏ سفید بال خوب‌صورت تاج ہیں

بڑھاپے میں بھی اپنی خوشی برقرار رکھیں

‏”‏ وہ بڑھاپے میں بھی پھل دیں گے۔“‏‏—‏زبور 92:‏14‏۔‏

غور کریں کہ ‏.‏ ‏.‏ ‏.‏

بوڑھے لوگوں کے لیے اپنی خوشی کو برقرار رکھنا ضروری کیوں ہے اور وہ یہ کیسے کر سکتے ہیں۔‏

1-‏2.‏ یہوواہ خدا اپنے بوڑھے بندوں کو کیسا خیال کرتا ہے؟ (‏زبور 92:‏12-‏14‏؛ تصویر کو بھی دیکھیں۔)‏

دُنیا بھر میں لوگ بڑھاپے کو فرق نظر سے دیکھتے ہیں۔ کچھ لوگ اِسے عزت کی بات سمجھتے ہیں جبکہ کچھ لوگ اِسے چھپانے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر اُنہیں اپنے سر پر ایک بھی سفید بال نظر آتا ہے تو وہ اِسے فوراً نکالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ لیکن چاہے وہ جتنی بھی کوشش کر لیں، وہ بڑھتی عمر کو نہیں روک سکتے۔‏

2 ہمارا آسمانی باپ بڑھاپے کو دُنیا کے لوگوں سے بالکل فرق نظر سے دیکھتا ہے۔ وہ اپنے بوڑھے بندوں کو کیسا خیال کرتا ہے؟ (‏اَمثا 16:‏31‏)‏ بائبل میں اُس نے اُنہیں خوب‌صورت درختوں کی طرح کہا ہے۔ ‏(‏زبور 92:‏12-‏14 کو پڑھیں۔)‏ کیوں؟ کیونکہ ایک درخت جتنا پُرانا ہوتا ہے، وہ اُتنا ہی زیادہ پتوں اور پھولوں سے بھرا ہوا اور خوب‌صورت دِکھتا ہے۔ اِس کی ایک مثال جاپانی چیری کا درخت ہے جس پر بہت ہی دلکش پھول لگتے ہیں۔ دُنیا کے سب سے خوب‌صورت درختوں میں سے کچھ درخت تو ہزار سال سے بھی زیادہ پُرانے ہیں۔ تو یہوواہ نے اپنے بوڑھے بندوں کو خوب‌صورت درختوں کی طرح کہنے سے ظاہر کِیا ہے کہ وہ اُس کی نظر میں بہت بیش‌قیمت اور خوب‌صورت ہیں۔ یہوواہ اپنے بوڑھے بندوں کے بالوں کی سفیدی کو نہیں بلکہ اُن کی شان‌دار خوبیوں کو دیکھتا ہے۔ وہ اِس بات کی بہت قدر کرتا ہے کہ اُس کے یہ بندے کئی سالوں سے اچھے اور بُرے وقت میں وفاداری سے اُس کی خدمت کر رہے ہیں۔‏

ایک بوڑھے میاں بیوی باہر پارک میں بیٹھے ہیں جہاں ہر طرف پھولوں سے بھرے چیری کے درخت لگے ہیں۔‏

جیسے جیسے ایک درخت پُرانا ہوتا ہے، وہ اَور زیادہ خوب‌صورت اور دلکش بن جاتا ہے۔ اِسی طرح جیسے جیسے خدا کے ایک بندے کی عمر بڑھتی ہے، وہ اُس کی اور دوسروں کی نظر میں اپنی خوبیوں کی وجہ سے اَور بھی دلکش ہو جاتا ہے۔ (‏پیراگراف نمبر 2 کو دیکھیں۔)‏


3.‏ ایک مثال دے کر بتائیں کہ یہوواہ اپنے بوڑھے بندوں کے ذریعے اپنے مقصد کو کیسے پورا کرتا ہے۔‏

3 یہوواہ کی نظر میں ایک شخص کی قدر اُس کی بڑھتی عمر کی وجہ سے گھٹ نہیں جاتی۔‏a یہوواہ اکثر اپنے بوڑھے بندوں کے ذریعے بہت سے اہم اور حیرت‌انگیز کام کرتا ہے۔ مثال کے طور پر جب اُس نے سارہ کے بارے میں کہا کہ وہ ایک بیٹے کو جنم دیں گی جس سے ایک بڑی قوم اور مسیح آئے گا تو اُس وقت سارہ بوڑھی ہو چُکی تھیں۔ (‏پید 17:‏15-‏19‏)‏ اور جب یہوواہ نے موسیٰ کو یہ حکم دیا تھا کہ وہ بنی‌اِسرائیل کو مصر سے آزاد کرائیں تو اُس وقت موسیٰ بھی کافی بوڑھے ہو چُکے تھے۔ (‏خر 7:‏6، 7)‏ اِس کے علاوہ یوحنا رسول بھی اُس وقت بہت بوڑھے تھے جب یہوواہ نے اُنہیں بائبل کی پانچ کتابیں لکھنے کے لیے اپنی پاک روح دی۔‏

4.‏ اَمثال 15:‏15 کے مطابق کیا چیز مشکلوں کو برداشت کرنے میں بوڑھے بہن بھائیوں کی مدد کر سکتی ہے؟ (‏تصویر کو بھی دیکھیں۔)‏

4 جیسے جیسے ایک شخص کی عمر بڑھتی ہے، اُسے نئی نئی مشکلوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایک بہن نے اپنی بڑھتی عمر کے بارے میں بات کرتے ہوئے مذاق سے کہا:‏ ”‏بڑھاپے کی مشکلوں کو برداشت کرنا بڑے جگرے کا کام ہے!‏“‏ لیکن یہوواہ آپ کی مدد کر سکتا ہے تاکہ آپ اِن مشکلوں کو برداشت کرتے ہوئے خوشی خوشیb زندگی گزار سکیں۔ ‏(‏اَمثال 15:‏15 کو پڑھیں۔)‏ اِس مضمون میں ہم کچھ ایسی باتوں پر غور کریں گے جن پر عمل کرنے سے بوڑھے بہن بھائی اپنی خوشی برقرار رکھ سکتے ہیں۔ پھر ہم اِس بات پر بھی غور کریں گے کہ دوسرے بہن بھائی اپنی کلیسیا کے بوڑھے بہن بھائیوں کی مدد کیسے کر سکتے ہیں۔ لیکن آئیے سب سے پہلے اِس بارے میں بات کرتے ہیں کہ بڑھاپے میں اپنی خوشی کو برقرار رکھنا مشکل کیوں ہو سکتا ہے۔‏

پچھلی تصویر میں دِکھائے گئے وہی بوڑھے میاں بیوی ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے ہوئے چیری کے درخت کے نیچے کھڑے ہیں جو خوب‌صورت پھولوں سے بھرا ہوا ہے۔‏

اگر آپ اُن اچھی چیزوں پر دھیان دیں گے جو یہوواہ آپ کے لیے کر رہا ہے تو آپ بڑھاپے میں آنے والی مشکلوں کے باوجود خوش رہ پائیں گے۔ (‏پیراگراف نمبر 4 کو دیکھیں۔)‏


اپنی خوشی کو برقرار رکھنا مشکل کیوں ہو سکتا ہے؟‏

5.‏ کس بات کی وجہ سے شاید ہمارے بوڑھے بہن بھائی بے‌حوصلہ ہو جائیں؟‏

5 کون سی بات شاید آپ کو بے‌حوصلہ کر دے؟ ہو سکتا ہے کہ آپ اِس وجہ سے مایوس ہو جائیں کہ اب آپ پہلے کی طرح کچھ کام نہیں کر سکتے۔ آپ تو شاید بڑی حسرت سے اُن دنوں کو یاد کرنے لگیں جب آپ جوان ہوا کرتے تھے اور آپ کی صحت اچھی تھی۔ (‏واعظ 7:‏10‏)‏ مثال کے طور پر رُوبی نام کی بہن نے کہا:‏ ”‏مَیں پہلے کی طرح ہل جل نہیں سکتی۔ میرے جسم میں اِتنا شدید درد رہتا ہے کہ میرے لیے اکثر کپڑے تک پہننا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ کبھی کبھار تو مجھ سے پیر اُٹھا کر موزے تک نہیں پہنے جاتے۔ میرے ہاتھ جوڑوں کے درد کی وجہ سے اکٹر گئے ہیں جس کی وجہ سے میرے لیے چھوٹے موٹے کام کرنا بھی مشکل ہوتا ہے۔“‏ اور بھائی ہیرلڈ نے جو بیت‌ایل میں خدمت کرتے ہیں، کہا:‏ ”‏مجھے تو یقین نہیں آتا کہ مَیں کیا سے کیا ہو گیا ہوں۔ کبھی کبھار تو مَیں اِس وجہ سے بہت غصے میں آ جاتا ہوں کہ اب مَیں اپنی پسند کے کام نہیں کر سکتا۔ پہلے مَیں بہت چست ہوتا تھا۔ مجھے فارغ وقت میں بیس بال کھیلنا بہت اچھا لگتا تھا۔ ایک وقت تھا جب لوگ کہتے تھے کہ ”‏ہیرلڈ کی طرف بال پھینکو، اِن سے کبھی نشانہ نہیں چُوکے گا۔“‏ لیکن اب مجھے لگتا ہے کہ نشانہ لگانا تو دُور کی بات، مجھ سے تو بال تک نہیں پھینکی جائے گی۔“‏

6.‏ (‏الف)‏اَور کن باتوں کی وجہ سے شاید کچھ بوڑھے لوگ بے‌حوصلہ ہو جائیں؟ (‏ب)‏کیا چیز بوڑھے لوگوں کی یہ اندازہ لگانے میں مدد کر سکتی ہے کہ اب اُنہیں گاڑی چلانا چھوڑ دینی چاہیے یا نہیں؟ (‏اِس شمارے میں مضمون ”‏کیا اب مجھے گاڑی چلانا چھوڑ دینی چاہیے؟‏‏“‏ کو دیکھیں۔)‏

6 شاید آپ اِس وجہ سے بھی بے‌حوصلہ اور مایوس ہو جائیں کہ اب آپ کو اُن کاموں کے لیے دوسروں کی مدد کی ضرورت پڑتی ہے جو پہلے آپ خود کِیا کرتے تھے۔ شاید آپ کی دیکھ‌بھال کرنے والا شخص اِن کاموں کو کرنے کے لیے آپ کے گھر آتا ہے یا پھر شاید آپ اپنے بچوں میں سے کسی ایک کے گھر شفٹ ہو گئے ہیں۔ شاید آپ اِس وجہ سے بھی بہت مایوس ہو جائیں کہ اب بگڑتی صحت یا کمزور نظر کی وجہ سے آپ اکیلے کچھ جگہوں پر نہیں جا سکتے یا پھر گاڑی، سائیکل یا موٹر سائیکل نہیں چلا سکتے۔ بے‌شک اِن باتوں کی وجہ سے آپ بہت پریشان ہو سکتے ہیں!‏ لیکن یاد رکھیں کہ یہوواہ اور آپ کے پیاروں کی نظر میں آپ کی قدر اِس بات پر نہیں ٹکی کہ آپ خود سے اپنا خیال رکھ سکتے ہیں یا نہیں، اکیلے کہیں آ جا سکتے ہیں یا نہیں یا پھر گاڑی چلا سکتے ہیں یا نہیں۔ یقین مانیں، یہوواہ آپ کے احساسات کو اچھی طرح سے سمجھتا ہے۔ یہوواہ کی نظر میں یہ بات بہت اہمیت رکھتی ہے کہ آپ اُس سے اور اپنے ہم‌ایمانوں سے کتنی محبت کرتے ہیں۔ اور یہی بات آپ کو اُس کی نظر میں قیمتی بناتی ہے۔—‏1-‏سمو 16:‏7‏۔‏

7.‏ اگر آپ اِس وجہ سے مایوس ہیں کہ آپ اپنے جیتے جی اِس دُنیا کے خاتمے کو نہیں دیکھ سکیں گے تو آپ کون سی بات یاد رکھ سکتے ہیں؟‏

7 ہو سکتا ہے کہ آپ اِس وجہ سے مایوس ہو جائیں کہ شاید آپ اپنے جیتے جی اِس بُری دُنیا کا خاتمہ نہیں دیکھ پائیں گے۔ آپ اپنے دل سے اِس مایوسی کو کیسے نکال سکتے ہیں؟ یہ یاد رکھنے کی کوشش کریں کہ یہوواہ بُری دُنیا کو ختم کرنے کے معاملے میں صبر سے کام کیوں لے رہا ہے۔ (‏یسع 30:‏18‏)‏ اُس کے صبر کرنے کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کو اُسے جاننے اور اُس کی خدمت کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ (‏2-‏پطر 3:‏9‏)‏ تو جب بھی آپ بے‌حوصلہ ہونے لگیں تو اِس بارے میں سوچیں کہ یہوواہ کے صبر کی وجہ سے بہت سے لوگوں کو فائدہ ہو رہا ہے۔ شاید اِن میں سے کچھ تو آپ کے اپنے رشتے‌دار بھی ہیں۔‏

8.‏ بڑھاپے کی وجہ سے کچھ بوڑھے لوگوں کو کس مشکل کا سامنا ہو سکتا ہے؟‏

8 کبھی کبھار بیمار ہونے یا کسی تکلیف سے گزرنے کی وجہ سے ہم سبھی ایسی باتیں کہہ جاتے ہیں جن پر بعد میں ہمیں پچھتاوا ہوتا ہے۔ (‏واعظ 7:‏7؛‏ یعقو 3:‏2‏)‏ مثال کے طور پر جب یہوواہ کے بندے ایوب تکلیفوں کا سامنا کر رہے تھے تو وہ کچھ ”‏بے‌تُکی باتیں“‏ کہہ بیٹھے۔ (‏ایو 6:‏1-‏3‏)‏ کبھی کبھار بوڑھے لوگ اپنی بیماری یا کچھ دوائیاں لینے کی وجہ سے چڑچڑے ہو جاتے ہیں حالانکہ وہ عام طور پر ایسے نہیں ہوتے۔ لیکن ہمیں کبھی بھی اپنی بیماری یا بڑھاپے کو بہانہ بنا کر دوسروں کے ساتھ بُری طرح سے پیش نہیں آنا چاہیے اور نہ ہی یہ توقع کرنی چاہیے کہ ہمیشہ دوسرے ہی ہمارے لیے کام کریں۔ اگر کبھی ہمیں محسوس ہوتا ہے کہ ہم دوسروں کے ساتھ سختی سے پیش آئے ہیں تو ہمیں اُن سے معافی مانگنے میں شرمندگی نہیں محسوس کرنی چاہیے۔—‏متی 5:‏23، 24‏۔‏

آپ اپنی خوشی کیسے برقرار رکھ سکتے ہیں؟‏

چیری کے درخت کی شاخیں جن پر بہت خوب‌صورت پھول لگے ہیں۔ چھوٹی تصویروں میں وہ مختلف طریقے دِکھائے گئے ہیں جن کے ذریعے بوڑھے بہن بھائی اپنی خوشی برقرار رکھ سکتے ہیں۔ اِن تصویروں کے بارے میں پیراگراف 9 سے 13 میں بات کی گئی ہے۔‏

آپ بڑھاپے میں آنے والی مشکلوں کے باوجود بھی اپنی خوشی کیسے برقرار رکھ سکتے ہیں؟ (‏پیراگراف نمبر 9-‏13 کو دیکھیں۔)‏


9.‏ آپ کو دوسروں سے مدد کیوں مانگنی چاہیے؟ (‏تصویروں کو بھی دیکھیں۔)‏

9 دوسروں سے مدد مانگیں۔‏ (‏گل 6:‏2‏)‏ شاید شروع شروع میں آپ کو ایسا کرنا مشکل لگے۔ اِس سلسلے میں گریٹل نام کی بہن نے کہا:‏ ”‏کبھی کبھار مجھے دوسروں سے مدد مانگنا مشکل لگتا ہے کیونکہ مَیں سوچتی ہوں کہ ایسا کرنے سے مَیں اُن پر بوجھ بن جاؤں گی۔ مجھے اِس حوالے سے اپنی سوچ کو بدلنے میں اور خاکساری سے یہ تسلیم کرنے میں وقت لگا کہ مجھے واقعی دوسروں کی مدد کی ضرورت ہے۔“‏ یاد رکھیں کہ جب آپ دوسروں کی مدد کو قبول کرتے ہیں تو آپ اُنہیں اُس خوشی کو محسوس کرنے کا موقع دے رہے ہوتے ہیں جو دینے سے ملتی ہے۔ (‏اعما 20:‏35‏)‏ اور بے‌شک آپ کو بھی اُس وقت بہت خوشی ملے گی جب آپ دیکھیں گے کہ دوسرے آپ سے کتنی محبت کرتے ہیں اور آپ کی فکر کرتے ہیں۔‏

ایک بوڑھی بہن نے جوان بہن کا بازو پکڑا ہوا ہے اور وہ دونوں مل کر کھانے پینے کی چیزیں خرید رہی ہیں۔‏

‏(‏پیراگراف نمبر 9 کو دیکھیں۔)‏


10.‏ آپ کو مدد کرنے والے شخص کا شکریہ ادا کرنا کیوں نہیں بھولنا چاہیے؟ (‏تصویر کو بھی دیکھیں۔)‏

10 شکریہ ادا کریں۔‏ (‏کُل 3:‏15‏)‏ جب دوسرے ہمارے لیے کچھ کرتے ہیں تو ہم دل سے اُن کے شکرگزار ہوتے ہیں۔ مگر کبھی کبھار ہم اُن کا شکریہ ادا کرنا بھول جاتے ہیں۔ لیکن اگر ہم مدد ملنے پر صرف مسکرا ہی دیں گے یا شکریہ بول دیں گے تو اِس سے ہمارے دوستوں کو محسوس ہوگا کہ ہم اُن کی محبت کی قدر کرتے ہیں۔ اِس سلسلے میں بہن لِیاہ کی بات پر غور کریں جو بیت‌ایل میں بوڑھے بہن بھائیوں کی دیکھ‌بھال کرتی ہیں۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏ایک بہن ہمیشہ کارڈ لکھ کر میرا شکریہ ادا کرتی ہیں۔ حالانکہ وہ کارڈ میں صرف دو تین باتیں لکھتی ہیں لیکن اِنہیں پڑھ کر مَیں بہت خوش ہو جاتی ہوں۔ مجھے اُس بہن کے کارڈ ز بہت اچھے لگتے ہیں۔ اِن سے مجھے محسوس ہوتا ہے کہ وہ میری مدد کی بہت قدر کرتی ہیں۔“‏

ایک بوڑھی بہن کسی کا شکریہ ادا کرنے کے لیے کارڈ لکھ رہی ہے۔‏

‏(‏پیراگراف نمبر 10 کو دیکھیں۔)‏


11.‏ آپ دوسروں کی مدد کیسے کر سکتے ہیں؟ (‏تصویر کو بھی دیکھیں۔)‏

11 دوسروں کی مدد کرنے کی کوشش کریں۔‏ جب آپ دوسروں کے بارے میں زیادہ سوچیں گے اور اُن کی مدد کرنے کی کوشش کریں گے تو آپ اپنا دھیان اپنی مشکلوں سے ہٹا پائیں گے۔ کہا جاتا ہے کہ بوڑھے لوگوں کے پاس علم اور دانش‌مندی کا خزانہ ہوتا ہے۔ لیکن اِس خزانے سے دوسروں کو تبھی فائدہ ہو سکتا ہے جب آپ کُھل کر اِسے اُن کے ساتھ بانٹیں گے۔ اِس لیے اپنے سے کم عمر کے لوگوں کے ساتھ بات کرنے میں پہل کریں۔ اُنہیں اَور اچھی طرح سے جاننے کے لیے اُن سے سوال کریں اور اُن کی بات دھیان سے سنیں۔ اُنہیں سکھائیں کہ یہوواہ کے اصولوں کے مطابق چلنا زندگی کی بہترین راہ کیوں ہے اور اِس سے اُنہیں کون سی خوشیاں مل سکتی ہیں۔ جب آپ اِس طرح سے اپنے جوان دوستوں کا حوصلہ اور ہمت بڑھائیں گے تو آپ کو بہت خوشی ملے گی۔—‏زبور 71:‏18‏۔‏

ایک بوڑھا بھائی بہت دھیان سے ایک جوان بھائی کی بات سُن رہا ہے۔‏

‏(‏پیراگراف نمبر 11 کو دیکھیں۔)‏


12.‏ یسعیاہ 46:‏4 میں یہوواہ نے اپنے بوڑھے بندوں سے کیا وعدہ کِیا ہے؟ (‏تصویر کو بھی دیکھیں۔)‏

12 یہوواہ سے ہمت اور طاقت کے لیے دُعا کریں۔‏ شاید کبھی کبھار آپ جسمانی یا ذہنی طور پر بہت تھک جائیں۔ لیکن یاد رکھیں کہ یہوواہ ”‏کبھی[‏نہیں]‏تھکتا اور کبھی نڈھال نہیں ہوتا۔“‏ (‏یسع 40:‏28‏)‏ اِس لیے وہ آپ کو ہمت اور طاقت دے سکتا ہے۔ (‏یسع 40:‏29-‏31‏)‏ دراصل اُس نے تو اپنے کلام میں یہ وعدہ کِیا ہے کہ وہ آپ کی مدد کرے گا۔ ‏(‏یسعیاہ 46:‏4 کو پڑھیں۔)‏ اور ہم جانتے ہیں کہ یہوواہ ہمیشہ اپنے وعدوں کو پورا کرتا ہے۔ (‏یشو 23:‏14؛‏ یسع 55:‏10، 11‏)‏ اِس لیے یہوواہ سے طاقت پانے کے لیے دُعا کریں کیونکہ جب آپ اُس کی محبت اور اُس کے ساتھ کو محسوس کریں گے تو آپ کا دل خوشی سے بھر جائے گا۔‏

ایک بوڑھا بھائی دُعا کر رہا ہے۔‏

‏(‏پیراگراف نمبر 12 کو دیکھیں۔)‏


13.‏ دوسرا کُرنتھیوں 4:‏16-‏18 کے مطابق ہمیں کیا یاد رکھنا چاہیے؟ (‏تصویر کو بھی دیکھیں۔)‏

13 خود کو یہ بات یاد دِلاتے رہیں کہ بڑھاپا بس کچھ وقت کے لیے ہے۔‏ اگر ہم یہ یاد رکھیں گے کہ جس مشکل سے ہم ابھی گزر رہے ہیں، وہ بس تھوڑی دیر کے لیے ہے تو ہمارے لیے اُسے برداشت کرنا آسان ہو جائے گا۔ بائبل میں ہمیں یقین دِلایا گیا ہے کہ بڑھاپا اور خراب صحت ہمیشہ تک نہیں رہیں گے۔ (‏ایو 33:‏25؛‏ یسع 33:‏24‏)‏ تو بیتے دنوں کے بارے میں نہیں بلکہ آنے والے دنوں کے بارے میں سوچ کر خوش ہوں کیونکہ جتنے زیادہ صحت‌مند، چست اور خوب‌صورت آپ اپنی جوانی میں تھے، اُس سے کہیں زیادہ آپ مستقبل میں ہوں گے!‏ ‏(‏2-‏کُرنتھیوں 4:‏16-‏18 کو پڑھیں۔)‏ آئیے اب اِس بات پر غور کرتے ہیں کہ دوسرے کس طرح سے مدد کر سکتے ہیں۔‏

ایک بوڑھی بہن ویل‌چیئر پر بیٹھے ہوئے بائبل پڑھ رہی ہے۔ وہ خود کو نئی دُنیا میں تصور کر رہی ہے جہاں وہ جوان ہو گئی ہے اور چل پھر سکتی ہے۔‏

‏(‏پیراگراف نمبر 13 کو دیکھیں۔)‏


دوسرے مدد کیسے کر سکتے ہیں؟‏

14.‏ بوڑھے بہن بھائیوں سے ملنے جانا یا اُنہیں فون کرنا اِتنا ضروری کیوں ہے؟‏

14 باقاعدگی سے بوڑھے بہن بھائیوں سے ملنے جائیں اور اُنہیں فون کریں۔‏ (‏عبر 13:‏16‏)‏ بوڑھے لوگ بڑی آسانی سے تنہائی کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اِس سلسلے میں ذرا کارلc نام کے بھائی کی بات پر غور کریں جو اپنے گھر کے ہو کر رہ گئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏مَیں صبح سے شام تک گھر پر ہوتا ہوں۔ اِس لیے مَیں بہت بور ہو جاتا ہوں۔ کبھی کبھار مجھے لگتا ہے جیسے مَیں پنجرے میں بند ایک بوڑھا شیر ہوں۔ گھر کے اندر رہ رہ کر مجھے بہت گھبراہٹ ہوتی ہے اور فارغ رہنے کی وجہ سے مَیں اکثر غصے میں آ جاتا ہوں۔“‏ تو جب ہم بوڑھے بہن بھائیوں سے ملنے جاتے ہیں تو اُنہیں احساس ہوتا ہے کہ ہم اُنہیں اہم سمجھتے ہیں اور اُن سے محبت کرتے ہیں۔ بے‌شک ہم سبھی کے ساتھ ایسا ہوا ہوگا کہ ہم نے کسی بوڑھے بھائی یا بہن کو فون کرنے یا پھر اُس سے ملنے کے بارے میں سوچا مگر پھر ہم ایسا نہیں کر پائے۔ سچ ہے کہ ہم سب کی زندگی بہت مصروف ہے۔ لیکن کیا چیز ہماری مدد کر سکتی ہے تاکہ ہم ”‏زیادہ اہم“‏ باتوں پر دھیان دے پائیں جس میں بوڑھے بہن بھائیوں سے ملنا بھی شامل ہے؟ (‏فِل 1:‏10‏)‏ شاید آپ ایک کاغذ پر اپنی کلیسیا کے اُن بوڑھے بہن بھائیوں کا نام لکھ سکتے ہیں جنہیں آپ دن کے دوران میسج یا فون کرنا چاہتے ہیں۔ آپ اُن سے ملنے کا منصوبہ بھی بنا سکتے ہیں۔ آپ وہ دن چُن سکتے ہیں جس پر آپ اُن سے ملنے کے لیے جانا چاہتے ہیں۔‏

15.‏ بوڑھے اور جوان بہن بھائی مل کر کون سے کام کر سکتے ہیں؟‏

15 اگر آپ جوان ہیں تو شاید آپ سوچیں کہ بھلا آپ بوڑھے لوگوں سے کیا بات کریں گے یا اُن کے ساتھ مل کر کون سے کام کریں گے۔ لیکن اِس بارے میں حد سے زیادہ نہ سوچیں۔ بس ایک اچھا دوست بننے کی کوشش کریں۔ (‏اَمثا 17:‏17‏)‏ عبادت شروع ہونے سے پہلے اور بعد میں بوڑھے بہن بھائیوں سے بات‌چیت کریں۔ آپ اُن سے اُن کے بچپن کا کوئی واقعہ سُن سکتے ہیں یا اُن سے پوچھ سکتے ہیں کہ اُنہیں بائبل کی کون سی آیت پسند ہے۔ آپ اُن کے ساتھ مل کر ‏”‏جے‌ڈبلیو براڈکاسٹنگ“‏ بھی دیکھ سکتے ہیں۔ آپ کئی اَور طریقوں سے بھی بوڑھے بہن بھائیوں کی مدد کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر آپ اُن کے فون یا ٹیبلٹ کو اپ‌ڈیٹ کر سکتے ہیں یا اِس میں ہماری تنظیم کی کوئی نئی کتاب یا ویڈیو ڈاؤن‌لوڈ کر سکتے ہیں۔ کیرل نام کی بہن نے مشورہ دیا:‏ ”‏بوڑھے بہن بھائیوں کے ساتھ مل کر اپنی پسند کے کام کریں۔ حالانکہ اب مَیں تھوڑی بوڑھی ہو چُکی ہوں لیکن مجھے ابھی بھی شاپنگ کرنا، باہر کھانا کھانا اور یہوواہ کی بنائی ہوئی چیزوں کو دیکھنے کے لیے خوب‌صورت جگہوں پر جانا بہت پسند ہے۔“‏ اور مائرہ نام کی بہن نے کہا:‏ ”‏میری ایک دوست کی عمر 90 سال ہے۔ ہماری عمروں میں 57 سال کا فرق ہے۔ لیکن ہمیں یہ بات اُس وقت بالکل محسوس نہیں ہوتی جب ہم ایک دوسرے کے ساتھ ہنسی مذاق کرتی ہیں اور مل کر فلم دیکھتی ہیں۔ جب بھی ہم دونوں کو کسی مشکل کا سامنا ہوتا ہے تو ہم ایک دوسرے سے مشورہ لیتی ہیں۔“‏

16.‏ جب ہم بوڑھے بہن بھائیوں کو ڈاکٹر کے پاس لے جاتے ہیں تو اِس سے اُنہیں فائدہ کیوں ہو سکتا ہے؟‏

16 اُنہیں ڈاکٹر کے پاس لے جائیں۔‏ آپ بوڑھے بھائی یا بہن کو ڈاکٹر کے کلینک لے جانے کے علاوہ اُس کے ساتھ وہاں رُک بھی سکتے ہیں تاکہ آپ اِس بات کا خیال رکھ سکیں کہ ڈاکٹر اور نرسیں اُس بھائی یا بہن کے ساتھ اچھے سے پیش آ سکیں اور اُس کی اچھی طرح سے مدد کر سکیں۔ (‏یسع 1:‏17‏)‏ پھر جب وہ بوڑھا بھائی یا بہن ڈاکٹر سے بات کرتا ہے تو آپ اُس کے لیے کچھ نوٹس لے سکتے ہیں۔ ذرا رُوت نام کی ایک بوڑھی بہن کی بات پر غور کریں جنہوں نے کہا:‏ ”‏اکثر جب مَیں اکیلی ڈاکٹر کے پاس جاتی ہوں تو وہ میری بات کو دھیان سے نہیں سنتے۔ کبھی کبھار تو ڈاکٹر مجھ سے ایسی باتیں کہہ دیتے ہیں:‏ ”‏آپ بیمار نہیں ہیں۔ یہ صرف آپ کا وہم ہے۔“‏ لیکن مَیں نے دیکھا ہے کہ جب بھی کوئی اَور میرے ساتھ ہوتا ہے تو ڈاکٹر میرے ساتھ اچھی طرح سے پیش آتے ہیں۔ مَیں اپنے بہن بھائیوں کی بہت شکرگزار ہوں کہ وہ وقت نکال کر میرے ساتھ ڈاکٹر کے پاس جاتے ہیں اور اُس سے بات کرتے ہیں۔“‏

17.‏ آپ کن طریقوں سے بوڑھے بہن بھائیوں کے ساتھ مل کر مُنادی کر سکتے ہیں؟‏

17 اُن کے ساتھ مُنادی کریں۔‏ کچھ بوڑھے بہن بھائیوں میں گھر گھر مُنادی کرنے کی طاقت نہیں ہوتی۔ تو پھر آپ ایسے بہن بھائیوں کی مدد کیسے کر سکتے ہیں؟ شاید آپ کسی بوڑھی بہن کو اپنے ساتھ ٹرالی کے ذریعے گواہی دینے کو کہہ سکتے ہیں۔ آپ اُس کے لیے ایک کُرسی کا بھی بندوبست کر سکتے ہیں جسے وہ ٹرالی کے پاس رکھ کر بیٹھ سکے۔ یا پھر شاید آپ کسی بوڑھے بھائی کو اپنے ساتھ بائبل کورس کرانے کے لیے لے جا سکتے ہیں۔ اگر ممکن ہو تو آپ وہ بائبل کورس اُس بوڑھے بھائی کے گھر پر کرانے کا بھی بندوبست کر سکتے ہیں۔ کلیسیا کے بزرگ مُنادی کا گروپ کسی بوڑھے بھائی یا بہن کے گھر پر کرنے کا بندوبست کر سکتے ہیں تاکہ وہ بھائی یا بہن آسانی سے اِس میں شامل ہو سکے۔ ہم اپنے بوڑھے بہن بھائیوں کے لیے عزت اور محبت ظاہر کرنے کے لیے جو بھی کوششیں کرتے ہیں، یہوواہ اِن کی بہت قدر کرتا ہے۔—‏اَمثا 3:‏27؛‏ روم 12:‏10‏۔‏

18.‏ اگلے مضمون میں ہم کس بارے میں بات کریں گے؟‏

18 اِس مضمون کے ذریعے ہمیں یہ یاد دِلایا گیا ہے کہ یہوواہ اپنے بوڑھے بندوں سے بہت محبت کرتا ہے اور اُن کی بہت قدر کرتا ہے۔ اور بے‌شک ہم سب بھی اُن سے بہت محبت کرتے اور اُن کی عزت کرتے ہیں!‏ بوڑھے بھائیو اور بہنو!‏ سچ ہے کہ بڑھاپے میں آنے والی مشکلوں کو برداشت کرنا آسان نہیں ہے لیکن یہوواہ کی مدد سے آپ اپنی خوشی برقرار رکھ سکتے ہیں۔ (‏زبور 37:‏25‏)‏ یہ کتنی تسلی کی بات ہے نا کہ بیتے دن نہیں بلکہ آنے والے دن آپ کی زندگی کے بہترین دن ہوں گے!‏ اگلے مضمون میں ہم دیکھیں گے کہ ہمارے وہ بہن بھائی اپنی خوشی برقرار کیسے رکھ سکتے ہیں جو اپنے گھر کے کسی بوڑھے فرد یا ایسے بچے یا دوست کی دیکھ‌بھال کر رہے ہیں جو بیمار ہے۔‏

آپ اِن سوالوں کے کیا جواب دیں گے:‏

  • کن باتوں کی وجہ سے بوڑھے بہن بھائی اپنی خوشی کھو سکتے ہیں؟‏

  • بوڑھے بہن بھائی اپنی خوشی برقرار کیسے رکھ سکتے ہیں؟‏

  • ہم اپنی کلیسیا میں بوڑھے بہن بھائیوں کی مدد کیسے کر سکتے ہیں؟‏

گیت نمبر 30‏:‏ یہوواہ، میرا باپ اور دوست

a ویب‌سائٹ jw.org پر یہ ویڈیو دیکھیں:‏ ‏”‏عمررسیدہ بہن بھائیو!‏ آپ کا کردار بہت اہم ہے۔‏‏“‏

b لفظ کی وضاحت:‏ ”‏خوشی“‏ یہوواہ کی پاک روح کے پھل کا ایک حصہ ہے۔ (‏گل 5:‏22‏)‏ سچی خوشی صرف یہوواہ کے ساتھ پکی دوستی کرنے سے ہی ملتی ہے۔‏

c فرضی نام اِستعمال کِیا گیا ہے۔‏

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں