مطالعہ کرنے کے لیے مشورہ
یہوواہ کے بارے میں سنہری باتیں تلاش کریں
جب ہم بائبل پڑھتے ہیں تو ہم اِس میں لکھی باتوں کو اَور اچھی طرح سمجھنے کے لیے تحقیق کر سکتے ہیں۔ لیکن ہمیں بائبل صرف اِس لیے نہیں پڑھنی چاہیے تاکہ ہمارے پاس اِس کا زیادہ سے زیادہ علم ہو۔ ہمیں یہوواہ کی ایسی خوبیوں کے بارے میں اَور جاننا چاہیے جن سے اُس کے لیے ہماری محبت بڑھے۔ ایسا کرنے کے لیے ہم خود سے یہ پوچھ سکتے ہیں: ”بائبل کے اِس واقعے سے مَیں یہوواہ کے بارے میں کیا سیکھتا ہوں؟“
مثال کے طور پر آپ یہوواہ کی محبت، دانشمندی، اِنصاف اور طاقت کے ثبوت تلاش کر سکتے ہیں۔ لیکن یہوواہ میں اَور بھی بہت سی خوبیاں ہیں جن کے بارے میں آپ جان سکتے ہیں۔ آپ اِن خوبیوں کے بارے میں معلومات کہاں سے ڈھونڈ سکتے ہیں؟
آپ ”یہوواہ کے گواہوں کے لیے مطالعے کے حوالے“ میں موضوع ”یہوواہ خدا“ کے تحت ذیلی عنوان ”یہوواہ خدا کی صفات“ کو دیکھ سکتے ہیں۔ پھر آپ یہوواہ کی اُس خوبی کے بارے میں پڑھ سکتے ہیں جو بائبل کے اُس واقعے میں صاف نظر آ رہی ہے جو آپ بائبل سے پڑھ رہے ہیں۔