مہارت سے تعلیم دینے کے لیے تیاری کرنا ضروری ہے
دو موقعوں پر یسوع مسیح سے یہ سوال پوچھا گیا کہ ہمیشہ کی زندگی پانے کے لیے کیا کِیا جا سکتا ہے۔ لیکن یسوع مسیح نے اِس سوال کا ایک جیسا جواب نہیں دیا بلکہ اُنہوں نے سوال پوچھنے والے شخص کی صورتحال کے مطابق اُسے جواب دیا۔ (لُو 10:25-28؛ 18:18-20) ہو سکتا ہے کہ ہم اُس کتاب سے اچھی طرح واقف ہوں جس سے ہم کسی شخص کو بائبل کورس کراتے ہیں۔ لیکن اچھا ہوگا کہ ہم طالبِعلم کو ذہن میں رکھتے ہوئے مواد کی پہلے سے تیاری کریں۔ ایسا کرتے وقت ہمیں اِن سوالوں پر غور کرنا چاہیے: کون سی بات طالبِعلم کو سمجھنا یا قبول کرنا مشکل لگ سکتی ہے؟ ہم اُس کے ساتھ کون سی آیتیں پڑھ سکتے ہیں؟ اور ہر بار کتنے پیراگراف کا مطالعہ کرنا مناسب ہوگا؟ تیاری کرتے وقت ہم یہ بھی سوچ سکتے ہیں کہ ہم کون سی مثالیں اور سوالات اِستعمال کریں گے اور کسی بات کی مزید وضاحت کیسے کریں گے تاکہ طالبِعلم معلومات کو اچھی طرح سے سمجھ پائے۔ چونکہ یہوواہ خدا ایک شخص کے دل میں سچائی کے بیج کو بڑھاتا ہے اِس لیے ہمیں یہ دُعا کرنی چاہیے کہ وہ ہماری تیاری اور کوششوں میں برکت ڈالے اور طالبِعلم کی روحانی طور پر آگے بڑھنے میں مدد کرے۔—1-کُر 3:6؛ یعقو 1:5۔