خدا کی بادشاہت کی مُنادی کے 100 سال
1. تقریباً 100 سال پہلے یہوواہ کے بندوں کو کیا کرنے کی حوصلہافزائی دی گئی؟
1 ”دیکھیں، ہمارا بادشاہ حکمرانی کر رہا ہے! آپ اُس کے مُناد ہیں۔ اِس لیے بادشاہ اور اُس کی بادشاہت کی مُنادی کریں، مُنادی کریں، مُنادی کریں۔“ یہ بات بھائی رتھرفورڈ نے آج سے تقریباً 100 سال پہلے کہی تھی۔ یوں اُنہوں نے یہوواہ کے بندوں کی حوصلہافزائی کی کہ وہ بادشاہت کی مُنادی دُنیا کے کونے کونے میں کریں۔ اور ہم نے بالکل ایسا ہی کِیا۔ اِبتدائی مسیحیوں کی طرح ہم نے بادشاہت کی خوشخبری کی مُنادی ”آسمان کے نیچے کی تمام مخلوقات میں“ کی ہے۔ (کل 1:23) خدا کی بادشاہت کو قائم ہوئے اب 100 سال ہونے والے ہیں۔ اِس عرصے کے دوران ہم نے بادشاہت کی مُنادی کرنے کے لیے کیاکیا کِیا؟ اور ہم آئندہ بھی اِس کی مُنادی کرنے کے لیے کیا کر سکتے ہیں؟
2. ہمارے رسالے خدا کی بادشاہت پر کیسے توجہ دِلا رہے ہیں؟
2 تاریخ پر ایک نظر: بہت سالوں سے ہمارے رسالے خدا کی بادشاہت پر توجہ دِلا رہے ہیں۔ 1939ء سے ہمارے ایک رسالے کا نام ہے: مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے۔ اِس رسالے میں اکثر خدا کی بادشاہت اور اِس سے ملنے والی برکتوں پر بات کی جاتی ہے۔ جاگو! رسالہ بھی اِس بات پر زور دیتا ہے کہ خدا کی بادشاہت ہی اِنسان کے مسئلوں کو حل کرے گی۔ کتنی اچھی بات ہے کہ اب یہ دونوں رسالے دُنیا کے سب سے زیادہ تقسیم ہونے والے رسالے ہیں اور کوئی اَور رسالہ اِتنی زیادہ زبانوں میں شائع نہیں ہوتا۔—مکا 14:6۔
3. بادشاہت کی مُنادی کرنے کے لیے ہم نے کون کونسے طریقے اِستعمال کیے ہیں؟
3 یہوواہ کے بندے بادشاہت کی مُنادی کرنے کے لیے مختلف طریقے اِستعمال کرتے آئے ہیں۔ شروع شروع میں ہم گاڑیوں پر سپیکر لگا کر مُنادی کرتے تھے، ریڈیو پر پروگرام نشر کرتے تھے اور لوگوں کے دروازوں پر ریکارڈ چلاتے تھے۔ اُس وقت بادشاہت کی مُنادی کرنے والے تھوڑے تھے لیکن اِن طریقوں سے ہم نے بہت سارے لوگوں تک خوشخبری پہنچائی۔ (زبور 19:4) آجکل ہم اپنی ویبسائٹ پر معلومات شائع کر رہے ہیں اور یوں لاکھوں لوگوں تک بادشاہت کا پیغام پہنچا رہے ہیں۔ اِس طرح یہ پیغام ایسے ملکوں میں رہنے والے لوگوں تک بھی پہنچتا ہے جن میں ہمارے کام پر پابندی ہے۔
4. ہم نے مُنادی کرنے کے لیے کونسے نئے طریقے اپنائے ہیں؟
4 یہوواہ کے بندوں نے بادشاہت کی مُنادی کرنے کے لیے ایسے طریقے بھی اِستعمال کیے ہیں جو معمول سے ذرا ہٹ کر ہیں۔ مثال کے طور پر 1995ء کے لگبھگ ہم نے عوامی جگہوں پر اور کاروباری علاقوں میں گواہی دینا شروع کِیا۔ حال ہی میں ہم نے پوری دُنیا میں بڑے شہروں کی عوامی جگہوں پر گواہی دینے کا بندوبست شروع کِیا۔ اِس کے علاوہ بہت سی کلیسیائیں اپنے علاقے میں کتابوں کی ٹرالیاں اور سٹال ایسی جگہوں پر رکھتی ہیں جہاں بہت سے لوگوں کا آنا جانا رہتا ہے۔ لیکن ظاہر ہے کہ گھرگھر مُنادی کرنا آج بھی ہمارا سب سے اہم طریقہ ہے۔—اعما 20:20۔
5. نئے خدمتی سال میں بہت سے بہنبھائیوں کو کیا کرنے کا موقع ملے گا؟
5 آپ کیا کریں گے؟ جب ستمبر میں نئے خدمتی سال کا آغاز ہوگا تو بہت سے بہنبھائی پہلکاروں کے طور پر خدمت کرنا شروع کریں گے۔ کیا آپ بھی ایسا کر سکتے ہیں؟ اگر نہیں تو کیا آپ وقتاًفوقتاً مددگار پہلکار کے طور پر خدمت کر سکتے ہیں؟ چاہے آپ پہلکار بن سکیں یا نہیں، اگر آپ بھرپور طریقے سے بادشاہت کی مُنادی کرنے کے لیے قربانیاں دیں گے تو یہوواہ آپ کو اِس کا اجر ضرور دے گا۔—ملا 3:10۔
6. اکتوبر 2014ء کا مہینہ خاص کیوں ہوگا؟
6 اکتوبر 2014ء میں بادشاہت کو قائم ہوئے 100 سال پورے ہو جائیں گے۔ آئیں، ہم اُن سب لوگوں کو ”خدا کی بادشاہی . . . کی خوشخبری“ سناتے رہیں جو اِسے سننا چاہتے ہیں۔—اعما 8:12۔