20 جنوری سے شروع ہونے والے ہفتے سے کتاب ”پاک کلام کی سچی کہانیاں“ کا مطالعہ کِیا جائے گا
۱. ۲۰ جنوری سے شروع ہونے والے ہفتے سے ہم کس کتاب سے کلیسیائی بائبل مطالعہ کریں گے؟
۱ یہوواہ خدا نے اپنے کلام میں بہت سے واقعات درج کرائے ہیں کیونکہ وہ چاہتا ہے کہ ہم اِن سے اہم سبق سیکھیں۔ (روم ۱۵:۴) اِسی لیے ہم ۲۰ جنوری سے شروع ہونے والے ہفتے سے کتاب پاک کلام کی سچی کہانیاں سے کلیسیائی بائبل مطالعہ کریں گے۔ اِس کتاب کے شروع کے صفحے میں اِس کتاب کا مقصد بتایا گیا ہے۔ پہلے دو پیراگرافوں میں لکھا ہے کہ ”اِس کتاب کی کہانیاں پاک کلام سے لی گئی ہیں۔ پاک کلام وہ کتاب ہے جو ہمارے خالق، یہوواہ خدا کی طرف سے ہے۔ آپ جو کتاب پڑھ رہے ہیں، اِس میں کچھ کہانیاں اُس وقت کے بارے میں ہیں جب خدا نے سب کچھ بنانا شروع کِیا تھا۔ اِس کتاب میں بتایا گیا ہے کہ اُس وقت سے لے کر آج تک زمین پر کیاکیا ہوا ہے۔ اِس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خدا آئندہ کیا کچھ کرے گا۔ جب آپ اِس کتاب کو پڑھیں گے تو آپ کو پتہ چلے گا کہ پاک کلام میں کیا کچھ بتایا گیا ہے۔ آپ اُن لوگوں کے بارے میں بہت سی کہانیاں پڑھیں گے جن کا ذکر پاک کلام میں ہوا ہے۔ آپ اُس وقت کے بارے میں بھی پڑھیں گے جب خدا زمین کو فردوس بنا دے گا۔ آپ یہ بھی سیکھیں گے کہ آپ کو کیا کرنا ہوگا تاکہ آپ کو بھی اِس فردوس میں ہمیشہ کی زندگی ملے۔“ بہت سے بہنبھائی جو حال ہی میں سچائی میں آئے ہیں، وہ پہلی بار اِس کتاب سے کلیسیائی بائبل مطالعہ کریں گے۔ لیکن جن بہنبھائیوں نے پہلے بھی اِس کتاب سے کلیسیائی بائبل مطالعہ کِیا ہے، اُنہیں بھی اِس کی دُہرائی کرنے سے فائدہ ہوگا۔ جب وہ اِس بات غور کریں گے کہ یہوواہ خدا ماضی میں اپنے بندوں کے ساتھ کیسے پیش آیا تو اُن کے دل میں یہوواہ خدا کے لیے محبت بڑھیں گی۔—زبور ۴۴:۱۔
۲. کتاب پاک کلام کی سچی کہانیاں کا مطالعہ کیسے کِیا جائے گا؟
۲ اِس کتاب کا مطالعہ کیسے کِیا جائے گا؟ مطالعے کی پیشوائی کرنے والا بھائی مطالعے کے شروع میں ایک یا دو جملوں سے باب کو متعارف کرائے گا۔ ہر باب کی پڑھائی کے بعد بھائی وہ سوال پوچھے گا جو کہانی نمبر ۱۱۶ کے بعد دئے گئے ہیں۔ اگر وقت اِجازت دے تو وہ کہانی کے آخر میں دی گئی کچھ آیتوں کو بھی پڑھوا سکتا ہے۔ پھر وہ سامعین سے اِن آیتوں کے حوالے سے کچھ سوال پوچھ سکتا ہے۔
۳. اِس کتاب کا مطالعہ کرتے وقت ہمیں کیا کرنا چاہیے اور کیوں؟
۳ بھرپور فائدہ اُٹھائیں: اگر آپ نے اِس کتاب کا پہلے بھی مطالعہ کِیا ہے تو بھی اِجلاس پر آنے سے پہلے اِس کی تیاری کریں۔ اِجلاس پر جواب دیں کیونکہ ایسا کرنے سے آپ یہوواہ خدا کی حمد کریں گے، معلومات کو آسانی سے یاد رکھ سکیں گے اور دوسرے بہنبھائیوں کو بھی فائدہ پہنچائیں گے۔ (زبور ۳۵:۱۸؛ عبر ۱۰:۲۴، ۲۵) جب آپ بائبل میں درج واقعات پر غور کریں گے اور دیکھیں گے کہ یہوواہ خدا اپنے بندوں کے ساتھ کیسے پیش آیا تو آپ کا ایمان اَور مضبوط ہوگا اور آپ کے دل میں یہوواہ خدا کے لیے محبت بڑھے گی۔ (زبور ۱۰۵:۱، ۲) یوں یہوواہ خدا کے حکم ماننے اور دوسروں کو اُس کے بارے میں بتانے کا آپ کا عزم اَور بھی مضبوط ہوگا۔—زبور ۱۵۰:۱-۶۔