فصل کٹائی کے لئے تیار ہے
۱. اِس وقت کونسا اہم کام کِیا جا رہا ہے؟
۱ سامری عورت کو گواہی دینے کے بعد یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں سے کہا: ”اپنی آنکھیں اُٹھا کر کھیتوں پر نظر کرو کہ فصل پک گئی ہے۔“ (یوح ۴:۳۵، ۳۶) یسوع مسیح نے یہاں جس فصل کا ذکر کِیا وہ ایسے لوگ تھے جو خدا کے پیغام کو قبول کر رہے تھے۔ کیونکہ یسوع مسیح دیکھ سکتا تھا کہ مستقبل میں یہ کام پوری دُنیا میں بڑے پیمانے پر کِیا جائے گا۔ اب جبکہ یسوع مسیح آسمان پر ہے تو بھی وہ زمین پر ہونے والے کٹائی کے اِس کام کی نگرانی کر رہا ہے۔ (متی ۲۸:۱۹، ۲۰) اِس بات کا کیا ثبوت ہے کہ جیسےجیسے کٹائی کا کام اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے ویسےویسے اِس میں تیزی آ رہی ہے؟
۲. گزشتہ سال میں ہونے والی کونسی ترقی یہ ظاہر کرتی ہے کہ پوری دُنیا میں کٹائی کا کام بڑی تیزی سے ہو رہا ہے؟
۲ پوری دُنیا میں کٹائی کا کام: سن ۲۰۰۹ کے خدمتی سال کے دوران پوری دُنیا میں مبشروں کی تعداد میں ۲.۳ فیصد اضافہ ہوا۔ جن ملکوں میں مُنادی کے کام پر پابندی ہے وہاں بھی ۱۴ فیصد اضافہ ہوا۔ اِسی خدمتی سال کے دوران ہر مہینے کرائے جانے والے بائبل کے مطالعوں کی تعداد تقریباً ۷۶ لاکھ ۱۹ ہزار تھی۔ یہ تعداد ۲۰۰۸ء کے دوران مبشروں کی انتہائی تعداد اور کرائے جانے والے بائبل کے مطالعوں کی تعداد سے ۵ لاکھ زیادہ تھی۔ زیادہتر ملکوں میں کیونکہ مُنادی کا کام بڑی تیزی سے کِیا جا رہا ہے اِس لئے وہ ایسے مشنریوں کی درخواست کر رہے ہیں جنہوں نے گلئیڈ سکول سے تربیت حاصل کی ہے۔ جن ملکوں میں مختلف زبانیں بولنے والے لوگوں کی تعداد زیادہ ہے وہاں بھی روزبروز ترقی ہو رہی ہے۔ اِن تمام باتوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ کٹائی کے اِس آخری وقت میں یہوواہ خدا بڑی تیزی سے مُنادی کا کام کروا رہا ہے۔ (یسع ۶۰:۲۲) کیا آپ اُس علاقے کے بارے میں مثبت رُجحان رکھتے ہیں جہاں آپ مُنادی کرتے ہیں؟
۳. بعض یہوواہ کے گواہ اپنے علاقے میں مُنادی کرنے کے بارے میں کیا نظریہ رکھتے ہیں؟
۳ ہمارے علاقے میں کِیا جانے والا کٹائی کا کام: بعض شاید یہ کہیں کہ ”میرے علاقے میں زیادہتر لوگ ہماری بات نہیں سنتے۔“ اِس میں کوئی شک نہیں کہ بعض علاقے اتنے پھلدار نہیں ہیں یا ماضی کی نسبت آجکل کم ہی لوگ ہمارے پیغام کو قبول کرتے ہیں۔ لہٰذا بعض یہوواہ کے گواہوں کا کہنا ہے کہ جتنے لوگوں نے یہوواہ کی تنظیم میں آنا تھا وہ آ چکے ہیں۔ اب تو شاید ہی چند لوگ باقی بچے ہیں۔ لیکن کیا یہ بات واقعی سچ ہے؟
۴. ہمیں مُنادی کے بارے میں کیا نظریہ رکھنا چاہئے اور کیوں؟
۴ فصل کی کٹائی کا کام شروع سے لے کر آخر تک بڑی تیزی سے کِیا جاتا ہے۔ ذرا غور کریں کہ یسوع مسیح نے اِس کام کی اہمیت کے بارے میں کیا فرمایا: ”فصل تو بہت ہے لیکن مزدور تھوڑے ہیں۔ پس فصل کے مالک کی مِنت کرو کہ وہ اپنی فصل کاٹنے کے لئے مزدور بھیج دے۔“ (متی ۹:۳۷، ۳۸) دراصل فصل کا مالک یہوواہ خدا اِس بات کا ذمہدار ہے کہ کب اور کہاں سے کتنا پھل حاصل ہو سکتا ہے۔ (یوح ۶:۴۴؛ ۱-کر ۳:۶-۸) تو پھر اِس کام میں ہمارا کیا کردار ہے؟ خدا کے کلام میں لکھا ہے: ”صبح کو اپنا بیج بو اور شام کو بھی اپنا ہاتھ ڈھیلا نہ ہونے دے۔“ (واعظ ۱۱:۴-۶) جیہاں، جب فصل کی کٹائی اپنے اختتام کو پہنچ رہی ہے تو ہمیں اپنا ہاتھ ڈھیلا نہیں ہونے دینا چاہئے۔
۵. ہمیں کیوں ایسے علاقے میں بھی پورے جوش کے ساتھ مُنادی کرتے رہنا چاہئے جہاں لوگ ہمارے پیغام پر دھیان نہیں دیتے؟
۵ کٹائی کے کام میں لگے رہیں: اگرچہ ہمارے علاقے میں باربار مُنادی ہو چکی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ اب لوگ ہماری بات سننا نہیں چاہتے۔ مگر مُنادی کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے ہمیں پورے جوش کے ساتھ اِس کام کو کرتے رہنا چاہئے۔ (۲-تیم ۴:۲) دُنیا میں رُونما ہونے والے واقعات لوگوں کے رویوں میں تبدیلی کا باعث بنتے ہیں۔ نیز یہ اُنہیں اپنے مستقبل کے بارے میں زیادہ سنجیدگی سے سوچنے پر مجبور کرتے ہیں۔ جوںجوں نوجوان سمجھدار ہوتے ہیں تو شاید وہ امنوسلامتی اور ذہنی سکون کی ضرورت کو محسوس کریں۔ ہو سکتا ہے اب ہمارا لوگوں کے پاس مُنادی کے لئے باربار جانا اُنہیں اچھا لگے۔ ممکن ہے جو لوگ پہلے ہماری بات سننا پسند نہیں کرتے تھے اب شوق سے سنیں۔ یاد رکھیں جو لوگ جانبُوجھ کر ہمارے پیغام پر دھیان نہیں دیتے اُنہیں بھی آگاہی دینا ضروری ہے۔—حز ۲:۴، ۵؛ ۳:۱۹۔
۶. اگر ہمارے علاقے میں مُنادی کرنا مشکل ہے تو کونسے طریقے ہمیں مُنادی کے لئے اپنے جوش کو قائم رکھنے میں مدد دیں گے؟
۶ اگر ہمارے علاقے میں مُنادی کرنا مشکل ہے تو کیا چیز ہمیں پُرجوش رہنے میں مدد دے گی؟ شاید ہم گھربہگھر مُنادی کرنے کے ساتھساتھ خدمت کے دیگر طریقے استعمال کر سکتے ہیں۔ مثلاً ہم کاروباری علاقوں میں مُنادی کر سکتے ہیں یا پھر ٹیلیفون کے ذریعے گواہی دے سکتے ہیں۔ اِس کے علاوہ ہم اپنے پیغام سنانے کے طریقے میں بھی ردوبدل لا سکتے ہیں۔ اپنے شیڈول میں تبدیلی لاتے ہوئے ہم صبح کی بجائے شام کو یا دن کے دیگر اوقات میں مُنادی کر سکتے ہیں جب زیادہ لوگ گھروں پر مل سکتے ہیں۔ شاید ہم کوئی دوسری زبان بولنا سیکھ سکتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک بائبل کا پیغام پہنچا سکیں۔ باقاعدہ پائنیر بننے سے بھی ہم اپنی خدمت میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ اگر ممکن ہو تو ہم ایسے علاقے میں بھی منتقل ہو سکتے ہیں جہاں مُنادی کا کام کرنے والے لوگ بہت کم ہیں۔ اگر ہم فصل کی کٹائی یعنی مُنادی کے کام کے بارے میں درست نظریہ رکھتے ہیں تو ہم اِس اہم کام میں بھرپور حصہ لینے کی کوشش کریں گے۔
۷. ہمیں کب تک لوگوں کو جمع کرنے کا کام کرتے رہنا چاہئے؟
۷ کسانوں کے پاس فصل جمع کرنے کے لئے بڑا محدود وقت ہوتا ہے۔ اِس لئے جب تک اُن کا کام ختم نہیں ہو جاتا وہ نہ تو آرام کرتے ہیں اور نہ ہی اپنے ہاتھ ڈھیلے پڑنے دیتے ہیں۔ کٹائی کے کام کو کرنے کے لئے اِس کی اہمیت کو سمجھنا ضروری ہے۔ لیکن ہمیں کب تک لوگوں کو جمع کرنے کا کام کرنا ہے؟ یسوع مسیح کے الفاظ کے مطابق ہمیں اِس دُنیا کے ”آخر“ تک اِس کام کو کرنا ہے جب تک کہ ”خاتمہ“ نہیں آ جاتا۔ (متی ۲۴:۱۴؛ ۲۸:۲۰) یہوواہ خدا کے عظیم خادم یسوع مسیح کی طرح ہم اُس کام کو انجام تک پہنچانا چاہتے ہیں جو خدا نے ہمیں سونپا ہے۔ (یوح ۴:۳۴؛ ۱۷:۴) پس آئیں جب تک خاتمہ نہیں آ جاتا، منادی کے کام کو درست سوچ کے ساتھ پورے جوش اور خوشی سے کرتے رہیں۔ (متی ۲۴:۱۳) یاد رکھیں کہ کٹائی کا کام ابھی ختم نہیں ہوا!
[صفحہ ۲ پر عبارت]
کٹائی کا کام شروع سے لےکر آخر تک بڑی تیزی سے کِیا جاتا ہے۔