کیا مَیں مُنادی کرنے کے لائق ہوں؟
۱. ہمیں کیوں یہ محسوس نہیں کرنا چاہئے کہ ہم مُنادی کرنے کے لائق نہیں؟
۱ اگر آپ بھی ایسا ہی محسوس کرتے ہیں تو بےحوصلہ نہ ہوں! ہم اچھی تعلیم اور قابلیت کی وجہ سے خدا کے لائق خادم نہیں بنتے۔ یسوع مسیح کے بعض شاگردوں کے بارے میں بھی کہا جاتا تھا کہ وہ ”اَنپڑھ اور ناواقف“ ہیں۔ اِس کے باوجود، شاگرد بڑے مؤثر طریقے سے خوشخبری کی مُنادی کرتے تھے کیونکہ وہ یسوع مسیح کے نمونے پر چلتے تھے۔—اعما ۴:۱۳؛ ۱-پطر ۲:۲۱۔
۲. یسوع مسیح کیسے تعلیم دیتا تھا؟
۲ یسوع نے کیسے تعلیم دی: یسوع کی تعلیم اتنی سادہ اور واضح تھی کہ اُسے سمجھنا اور اُس پر عمل کرنا بہت آسان تھا۔ یسوع کے سوالات، تمثیلیں اور تعارفات لوگوں کو فوراً اُس کی طرف متوجہ کرتے تھے۔ (متی ۶:۲۶) وہ لوگوں کے لئے بہت فکرمندی دکھاتا تھا۔ (متی ۱۴:۱۴) اِس کے علاوہ، یسوع مسیح بڑی دلیری اور اختیار کے ساتھ تعلیم دیتا تھا۔ کیونکہ وہ جانتا تھا کہ یہوواہ خدا نے اُسے نہ صرف یہ کام کرنے کا حکم دیا ہے بلکہ اِسے پورا کرنے کے لئے طاقت بھی بخشتا ہے۔—لو ۴:۱۸۔
۳. یہوواہ خدا کیسے ہمیں اپنی خدمت کو پورا کرنے میں مدد دیتا ہے؟
۳ یہوواہ خدا ہماری مدد کرتا ہے: ہمارا عظیم مُعلم یہوواہ خدا اپنے کلام اور تنظیم کے ذریعے ہمیں خوشخبری سنانے کے لئے ضروری تربیت فراہم کرتا ہے۔ (یسع ۵۴:۱۳) چونکہ یہوواہ خدا نے یسوع مسیح کے تعلیم کے طریقے کو اپنے کلام میں درج کرایا ہے اِس لئے ہم اِن طریقوں پر غور کرنے اور اُن پر عمل کرنے کے قابل ہیں۔ یہوواہ خدا ہمیں اپنی پاک رُوح دیتا ہے اور مسیحی اجلاسوں کے ذریعے ہماری تربیت کرتا ہے۔ (یوح ۱۴:۲۶) اِس کے علاوہ، خدا نے کلیسیا میں ہمیں تجربہکار مبشر فراہم کئے ہیں جو مؤثر طریقے سے مُنادی کرنے میں ہماری مدد کر سکتے ہیں۔
۴. ہم خود کو خوشخبری کی مُنادی کرنے کے لائق کیوں سمجھ سکتے میں؟
۴ چونکہ ”ہماری لیاقت خدا کی طرف سے ہے“ اِس لئے ہم خود کو مُنادی کرنے کے لائق سمجھ سکتے ہیں۔ (۲-کر ۳:۵) جب ہم یہوواہ خدا پر بھروسا رکھتے اور اُس کی پُرمحبت فراہمیوں کو اچھی طرح استعمال کرتے ہیں تو ہم ’لائق بننے اور ہر نیک کام کرنے کے لئے تیار ہو جاتے‘ ہیں۔—۲-تیم ۳:۱۷، نیو اُردو بائبل ورشن۔