آپ اپنی روحانی ضروریات کو کیسے پورا کر سکتے ہیں
ایک امریکی رسالے نے بیان کِیا کہ ”پچھلے دس سالوں میں کمپنیوں اور کاروباری مینیجروں کے لئے ۳۰۰ سے زیادہ کتابیں لکھی گئی ہیں جن میں اُن کو یہ بتایا گیا ہے کہ وہ مختلف مذہبی لیڈروں سے کمپنی چلانے کے بارے میں کیا سیکھ سکتے ہیں۔“ اس بات سے ہم دیکھ سکتے ہیں کہ اب بہتیرے امیر ملکوں میں لوگ پہلے سے زیادہ روحانی راہنمائی میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ ایک تجارتی رسالہ بیان کرتا ہے: ”سائنسی ایجادات نے ہماری زندگی کو سہل تو بنا دیا ہے لیکن ہم پھر بھی زندگی کے مقصد کی تلاش میں ہیں اور حقیقی خوشی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔“
لیکن آپ کہاں سے روحانی راہنمائی حاصل کر سکتے ہیں؟ ماضی میں لوگ زندگی کو بامقصد اور پُرمعنی بنانے کے لئے اپنے مذہب سے مدد حاصل کرتے تھے۔ لیکن آجکل بہتیروں نے مذہب سے مُنہ موڑ لیا ہے۔ ایک تجارتی رسالے نے بیان کِیا کہ جب اعلیٰ مرتبے پر فائز ۹۰ مینیجروں کا جائزہ لیا گیا تو پتہ چلا کہ ”لوگ مذہب اور روحانیت میں بہت فرق سمجھتے ہیں۔“ ان مینیجروں نے کہا کہ ”مذہب لوگوں کو دوسروں کے خیالات کا احترام کرنا سکھانے کی بجائے اُن کے درمیان دیوار کھڑی کرتا ہے۔“ لیکن وہ روحانیت کے بارے میں کہتے ہیں کہ ”یہ ایک دوسرے میں احترام پیدا کرتی اور اُن کے اندر اتحاد کو فروغ دیتی ہے۔“
مثال کے طور پر آسٹریلیا، نیوزیلینڈ اور برطانیہ میں رہنے والے بہتیرے نوجوان کہتے ہیں کہ وہ مذہب اور روحانیت میں واضح فرق دیکھ سکتے ہیں۔ آسٹریلیا کی ایک یونیورسٹی کی پروفیسر روت ویبر کا کہنا ہے کہ ”بہت سے نوجوان خدا پر یا کسی بلند ہستی پر ایمان تو رکھتے ہیں لیکن وہ چرچ کو روحانیت کے سلسلے میں ضروری یا معاون نہیں سمجھتے۔“
سچا مذہب روحانیت پیدا کرتا ہے
مذہب کی بابت اس متذبذب نظریے کی وجہ سمجھ میں آتی ہے۔ بہت سی مذہبی تنظیمیں سیاست میں بڑھچڑھ کر حصہ لیتی اور اخلاقی ریاکاری اور مذہبی جنگوں میں بہتیرے بیگناہوں کا خون بہانے کے جرم میں ملوث ہیں۔ تاہم، ایسی تنظیموں کو مسترد کرنے کے ساتھ ساتھ جو ریاکاری اور فریب سے آلودہ ہیں بعض لوگ بائبل کو بھی نظرانداز کرنے کی غلطی کر رہے ہیں کیونکہ اِن کے خیال میں بائبل ایسے کاموں کی اجازت دیتی ہے۔
درحقیقت، بائبل ریاکاری اور بیدینی کی مذمت کرتی ہے۔ یسوع نے اپنے زمانے کے مذہبی پیشواؤں سے کہا: ”اَے ریاکار فقیہو اور فریسیو تم پر افسوس! کہ تم سفیدی پھری ہوئی قبروں کی مانند ہو جو اُوپر سے تو خوبصورت دکھائی دیتی ہیں مگر اندر مُردوں کی ہڈیوں اور ہر طرح کی نجاست سے بھری ہیں۔ اِسی طرح تم بھی ظاہر میں تو لوگوں کو راستباز دکھائی دیتے ہو مگر باطن میں ریاکاری اور بےدینی سے بھرے ہو۔“—متی ۲۳:۲۷، ۲۸۔
علاوہازیں، بائبل ہمیں تمام سیاسی معاملات میں غیرجانبدار رہنے کی نصیحت کرتی ہے۔ ایک دوسرے کو قتل کرنے کی حوصلہافزائی کرنے کی بجائے بائبل مسیحیوں کو ایک دوسرے کے لئے جان دینے کو تیار رہنے کا حکم دیتی ہے۔ (یوحنا ۱۵:۱۲، ۱۳؛ ۱۸:۳۶؛ ۱-یوحنا ۳:۱۰-۱۲) بائبل پر مبنی سچا مذہب ”لوگوں کے درمیان دیوار کھڑی“ کرنے کی بجائے اُن کو ”دوسروں کے خیالات کا احترام کرنا“ سکھاتا ہے۔ پطرس رسول نے کہا: ”خدا کسی کا طرفدار نہیں۔ بلکہ ہر قوم میں جو اُس سے ڈرتا اور راستبازی کرتا ہے وہ اُس کو پسند آتا ہے۔“—اعمال ۱۰:۳۴، ۳۵۔
بائبل روحانیت کے لئے ایک قابلِبھروسا رہبر
بائبل ہمیں بتاتی ہے کہ خدا نے انسان کو اپنی صورت پر بنایا۔ (پیدایش ۱:۲۶، ۲۷) اس کا یہ مطلب نہیں کہ انسان جسمانی طور پر خدا جیسے ہیں بلکہ اس کا یہ مطلب ہے کہ انسان خدا کی طرح روحانی خصوصیات ظاہر کر سکتے ہیں جس میں روحانی چیزوں یا روحانیت کے لئے قدردانی بھی شامل ہے۔
چنانچہ ہم یہ یقین رکھ سکتے ہیں کہ خدا ہماری روحانی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ہدایات فراہم کرے گا جن کی مدد سے ہم اپنی روحانیت کے لئے صحیح اور غلط میں تمیز کرنے کے قابل ہو سکتے ہیں۔ جس طرح خدا نے ہمارے جسم کو بیماریوں سے لڑنے کے لئے مدافعتی نظام عطا کِیا ہے اُسی طرح اُس نے ہمیں ایک ضمیر بھی دیا ہے جو ہمیں اچھائی اور بُرائی میں امتیاز کرنے کے قابل بناتا اور ایسے کاموں سے گریز کرنے میں مدد دیتا ہے جو جسمانی اور روحانی طور پر نقصاندہ ہیں۔ (رومیوں ۲:۱۴، ۱۵) جیساکہ ہم جانتے ہیں کہ اگر ہم ٹھیک طرح سے کھانا نہیں کھاتے تو ہمارا مدافعتی نظام بیماریوں کے خلاف نہیں لڑ سکتا۔ اسی طرح، اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا ضمیر زندہ رہے تو ہمیں اسے اچھی روحانی خوراک فراہم کرنی چاہئے۔
روحانی طور پر صحتمند رکھنے والی خوراک کا ذکر کرتے ہوئے یسوع نے کہا: ”آدمی صرف روٹی ہی سے جیتا نہ رہے گا بلکہ ہر بات سے جو خدا کے مُنہ سے نکلتی ہے۔“ (متی ۴:۴) یہوواہ کے مُنہ سے نکلنے والے الفاظ بائبل میں درج ہیں اور وہ ”تعلیم اور الزام اور اصلاح اور راستبازی میں تربیت کرنے کے لئے فائدہمند بھی“ ہیں۔ (۲-تیمتھیس ۳:۱۶) اس لئے روحانی تعلیم سے فائدہ اُٹھانے کے لئے کوشش کرنا ہماری اپنی ذمہداری ہے۔ جتنا زیادہ ہم بائبل کی تعلیم حاصل کریں گے اور اُس کے اعلیٰ معیاروں پر عمل کریں گے اُتنا ہی زیادہ ہم جسمانی اور روحانی طور پر فائدہ اُٹھائیں گے۔—یسعیاہ ۴۸:۱۷، ۱۸۔
کیا یہ بااَجر ثابت ہوگا؟
سچ ہے کہ اپنی مصروفترین زندگی میں سے بائبل تعلیم حاصل کرنے کے لئے وقت نکالنا مشکل ہے۔ لیکن اگر ہم اس کے لئے وقت نکالیں گے تو اس سے ہمیں بہت سے فائدے حاصل ہوں گے! آئیے دیکھتے ہیں کہ کچھ پیشہور مصروف لوگ اپنی روحانی صحت کے لئے وقت نکالنے کو کیوں اہم خیال کرتے ہیں۔
ڈاکٹر مرینا کہتی ہے: ”مَیں نے اپنی روحانیت میں کبھی دلچسپی نہیں لی تھی۔ لیکن جب مَیں نے ہسپتال میں کام کرنا شروع کِیا تو مَیں نے بہت سے لوگوں کو تکلیف میں مبتلا دیکھا۔ یہ میرے لئے آسان نہیں تھا۔ تب مجھے احساس ہوا کہ دلی سکون اور اطمینان کے لئے روحانی باتوں میں دلچسپی لینا بہت ضروری ہے کیونکہ میرے پیشے میں لوگوں کی بابت حد سے زیادہ فکرمندی ظاہر کرنے کا تقاضا اور زندگی کی تیزرفتاری ہمارے اُوپر حاوی ہو سکتی ہے۔
اب مَیں یہوواہ کے گواہوں کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کر رہی ہوں۔ اس سے مجھے بہت سے فوائد حاصل ہوئے ہیں۔ مثال کے طور پر مَیں نے سیکھا کہ کیسے مَیں اپنے کام کو بہتر طور پر انجام دے سکتی ہوں۔ اس نے مجھے اچھی باتوں پر دھیان دینے اور ضروری اور غیرضروری باتوں کو پہچاننے میں بھی مدد دی ہے۔ بائبل مطالعہ نے میری جذباتی طور پر مدد کی ہے اس لئے اب مَیں اپنے کام میں خوش ہوں۔ مَیں اپنی پریشانیوں سے نپٹ سکتی اور دوسروں کے ساتھ اَور زیادہ صبر اور ہمدردی سے پیش آنے کے قابل ہوں۔ بائبل کے اعلیٰ معیاروں نے میری ازدواجی زندگی کو بھی مضبوط کِیا ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ مَیں یہوواہ خدا کو اچھی طرح جاننے لگی ہوں اور اپنی زندگی میں روحاُلقدس کا اثر دیکھ سکتی ہوں۔ اب میری زندگی واقعی بامقصد ہے۔“
ماہرِتعمیرات نکولس کہتا ہے: ”یہوواہ کے گواہوں کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کرنے سے پہلے مجھے روحانی باتوں میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ مَیں زندگی میں صرف اپنے کام میں کامیاب ہونا چاہتا تھا۔ بائبل کا مطالعہ کرنے سے مجھے پتہ چلا کہ کام کرنے کے علاوہ زندگی کا اَور مقصد بھی ہے نیز سچی اور دائمی خوشی خدا کی خدمت کرنے سے ہی ملتی ہے۔
”میرا پیشہ مجھے اطمینان تو بخشتا ہے لیکن اصل خوشی مجھے روحانی باتوں پر دھیان دینے سے ملتی ہے۔ مَیں نے بائبل سے سیکھ لیا ہے کہ زندگی کو سادہ رکھنا بہت اہم ہے۔ مجھے اور میری بیوی کو زندگی میں وہ پریشانیاں نہیں جو اکثر مادہپرست لوگوں کو لاحق ہوتی ہیں۔ ہم نے بہت سے اچھے دوست بنائے ہیں جو ہماری طرح روحانی چیزوں کی قدر کرتے ہیں۔“
ایک وکیل ونسینٹ کہتا ہے: ”ایک اچھی نوکری زندگی میں کچھ خوشیاں لا سکتی ہے۔ لیکن حقیقی خوشی اور سکون کے لئے کسی اَور چیز کی ضرورت ہوتی ہے۔ بائبل سے تعلیم حاصل کرنے سے پہلے مَیں اکثر یہ سوچا کرتا تھا کہ کیا یہی زندگی ہے: پیدا ہونا، جوان ہونا، شادی کرنا، بچوں کی پرورش کے لئے پیسے کمانا اور پھر بوڑھے ہو کر مر جانا۔
”یہوواہ کے گواہوں کے ساتھ بائبل کا مطالعہ شروع کرنے سے مجھے زندگی کے مقصد کے بارے میں اپنے سوالوں کے جواب مل گئے۔ اپنے بائبل مطالعے کے ذریعے مَیں یہوواہ خدا کو قریب سے جاننے لگا ہوں اور اُس کے لئے میری محبت اَور بھی بڑھ گئی ہے۔ اس سے مجھے صحتمند روحانی نقطۂنظر قائم کرنے میں مدد ملی ہے اور اب مَیں خداکے مقصد کے مطابق زندگی بسر کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ اب مجھے اور میری بیوی کو یہ اطمینان ہے کہ ہم اپنی زندگی بامقصد طریقے سے گزار رہے ہیں۔“
بائبل کا مطالعہ کرنے سے آپ کی زندگی بھی بامقصد ہو سکتی ہے۔ یہوواہ کے گواہ ایسا کرنے میں آپ کی مدد کرکے بہت خوش ہوں گے۔ مرینا، نکولس اور ونسینٹ کی طرح آپ بھی اپنے اور دوسروں کے لئے یہوواہ خدا کے مقصد کو جان کر حقیقی خوشی حاصل کر سکتے ہیں۔ اس سے نہ صرف آپ کی روحانی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ آپ مستقبل میں کاملیت کے ساتھ ہمیشہ کی زندگی حاصل کرنے کی اُمید بھی رکھ سکتے ہیں۔ یہ اُمید صرف اُن لوگوں کے لئے ہے جو ’اپنی روحانی ضروریات سے باخبر ہیں۔‘—متی ۵:۳۔
اپنی روحانیت میں اضافہ کرنے کا ایک طریقہ دُعا ہے۔ یسوع نے اپنے شاگردوں کو دُعا کرنا سکھایا۔ اس دُعا کو ہم خداوند کی دُعا یا نمونے کی دُعا کہتے ہیں۔ یہ دُعا آپ کے لئے کیا مطلب رکھتی ہے؟ آپ اس دُعا سے کیسے مستفید ہو سکتے ہیں؟ ان سوالوں کے جواب آپ کو اگلے دو مضامین میں ملیں گے۔
[صفحہ ۶ پر تصویریں]
مرینا
[صفحہ ۷ پر تصویریں]
نکولس
[صفحہ ۷ پر تصویریں]
ونسینٹ