یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • م97 1/‏7 ص.‏ 30-‏31
  • ایک دانا عورت تباہی سے بچاتی ہے

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • ایک دانا عورت تباہی سے بچاتی ہے
  • مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏1997ء
  • ذیلی عنوان
  • ملتا جلتا مواد
  • مہربانی کی کوئی قدر نہ کی گئی
  • ابیجیل کی دانائی
  • ہمارے لئے اسباق
  • اُنہوں نے سمجھ‌داری سے کام لیا
    اِن جیسا ایمان ظاہر کریں
  • ابیجیل اور داؤد
    پاک کلام کی سچی کہانیاں
  • اُنہیں دو آدمیوں کے غصے کا سامنا کرنا پڑا
    دلیری سے خدا کے ساتھ ساتھ چلیں
  • یہوواہ کے دل کو شاد کرنے والی عورتیں
    مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏2003ء
مزید
مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏1997ء
م97 1/‏7 ص.‏ 30-‏31

اُنہوں نے یہوواہ کی مرضی پوری کی

ایک دانا عورت تباہی سے بچاتی ہے

ایک عقلمند عورت کی شادی ایک نکمّے شخص سے ہو گئی—‏یہ صورتحال ابیجیل اور نابال کی تھی۔ ابیجیل ”‏بڑی سمجھدار اور خوبصورت تھی۔“‏ اسکے برعکس، نابال ”‏بڑا بے‌ادب اور بدکار تھا۔“‏ (‏۱-‏سموئیل ۲۵:‏۳‏)‏ اس نازیبا جوڑے کے سلسلے میں رونما ہونے والے واقعات کے باعث انکے نام بائبل تاریخ میں کبھی نہ مٹنے کیلئے قلمبند ہیں۔ آئیے دیکھیں کیسے۔‏

مہربانی کی کوئی قدر نہ کی گئی

یہ ۱۱ویں صدی ق.‏س.‏ع.‏ کا وقت تھا۔ داؤد کو اسرائیل کے آئندہ بادشاہ کے طور پر مسح کِیا جا چکا تھا مگر حکومت کرنے کی بجائے وہ بھاگتا پھر رہا تھا۔ حکمران بادشاہ، ساؤل، اُسے جان سے مار دینے پر تلا ہوا تھا۔ نتیجتاً، داؤد ایک مفرور کی زندگی بسر کرنے پر مجبور تھا۔ اُس نے اپنے تقریباً ۶۰۰ ساتھیوں کیساتھ آخرکار یہوداہ کے جنوب میں اور دشتِ‌سینا کی طرف، دشتِ‌فاران میں پناہ حاصل کی۔—‏۱-‏سموئیل ۲۳:‏۱۳؛‏ ۲۵:‏۱‏۔‏

وہاں، اُنکی ملاقات چرواہوں سے ہوئی جو نابال نامی آدمی کے ملازم تھے۔ کالب کے خاندان کے اس دولتمند شخص کے پاس ۳،۰۰۰ بھیڑیں اور ۱،۰۰۰ بکریاں تھیں اور وہ حبرون کے جنوب میں اور غالباً فاران سے تقریباً ۲۵ میل کے فاصلے پر کرمل کے شہر میں اپنی بھیڑوں کے بال کترا کرتا تھا۔‏a داؤد اور اُسکے آدمیوں نے نابال کے چرواہوں کی اُنکے گلّوں کو بیابان میں آوارہ پھرنے والے چوروں سے بچانے میں مدد کی۔—‏۱-‏سموئیل ۲۵:‏۱۴-‏۱۶‏۔‏

اسی اثنا میں، کرمل میں بھیڑوں کے بال کترنے کا موسم شروع ہو گیا۔ یہ بالکل ویسے ہی پُرمسرت موقع ہوا کرتا تھا جیسے‌کہ کسان کیلئے فصل کی کٹائی کا موسم ہوتا ہے۔ یہ فراخدلی سے فیاضی دکھانے کا وقت بھی ہوتا تھا جب بھیڑوں کے مالک اپنے ہاں کام کرنے والوں کو انعامات سے نوازا کرتے تھے۔ لہٰذا جب داؤد نے اُس خدمت کے عوض جو اُنہوں نے اُسکے گلّوں کو بچانے کیلئے کی تھی نابال سے خوراک مانگنے کیلئے اپنے دس آدمی کرمل بھیجے تو وہ کسی قسم کی شوخ‌چشمی سے کام نہیں لے رہا تھا۔—‏۱-‏سموئیل ۲۵:‏۴-‏۹‏۔‏

نابال نے کسی بھی طرح فیاضی نہیں دکھائی تھی۔ بلکہ اُس نے حقارت سے پوچھا ”‏داؔؤد کون ہے؟“‏ پھر، یہ تاثر دیتے ہوئے کہ داؤد اور اُسکے آدمی محض بھاگے ہوئے نوکر تھے، اُس نے پوچھا:‏ ”‏کیا مَیں اپنی روٹی اور پانی اور ذبیحے جو مَیں نے اپنے کترنے والوں کے لئے ذبح کئے ہیں لیکر اُن لوگوں کو دُوں جنکو مَیں نہیں جانتا کہ وہ کہاں کے ہیں؟“‏ جب داؤد نے یہ سنا تو اُس نے اپنے آدمیوں سے کہا:‏ ”‏اپنی اپنی تلوار باندھ لو۔“‏ تقریباً ۴۰۰ آدمیوں نے خود کو جنگ کیلئے تیار کر لیا۔—‏۱-‏سموئیل ۲۵:‏۱۰-‏۱۳‏۔‏

ابیجیل کی دانائی

نابال کی یہ بیہودہ باتیں اُسکی بیوی ابیجیل کے کانوں تک بھی پہنچیں۔ غالباً یہ پہلی مرتبہ نہیں تھا کہ اُسے نابال کی خاطر مداخلت کرنی پڑی اور صلح کی ایلچی کا کردار ادا کرنا پڑا۔ انجام کی پرواہ نہ کرتے ہوئے، ابیجیل نے فوری کارروائی کی۔ نابال کو بتائے بغیر، اُس نے اشیائے‌خوردونوش اکٹھی کیں جس میں پانچ بھیڑیں اور باافراط اناج شامل تھا اور بیابان میں داؤد سے ملنے کیلئے گئی۔—‏۱-‏سموئیل ۲۵:‏۱۸-‏۲۰‏۔‏

جب ابیجیل نے داؤد کو دیکھا تو وہ فوراً اُسکے آگے سرنگوں ہوئی۔ ”‏میرا مالک اُس خبیث آدمی ناؔبال کا کچھ خیال نہ کرے“‏ اُس نے اُس سے التجا کی۔ ”‏یہ ہدیہ جو تیری لونڈی اپنے مالک کے حضور لائی ہے اُن جوانوں کو جو میرے خداوند کی پیروی کرتے ہیں دیا جائے۔“‏ اُس نے مزید کہا:‏ ”‏تجھے اِسکا [‏ناؔبال سے متعلق صورتحال کا]‏ غم اور میرے مالک کو یہ دلی صدمہ نہ ہو گا۔“‏ جس عبرانی لفظ کا ترجمہ یہاں ”‏غم“‏ کِیا گیا ہے وہ ضمیر کی خلِش کا مفہوم دیتا ہے۔ لہٰذا ابیجیل نے داؤد کو جلدبازی میں ایسا کام کرنے سے خبردار کِیا جس پر اُسے بعد میں پچھتانا پڑے۔—‏۱-‏سموئیل ۲۵:‏۲۳-‏۳۱‏۔‏

داؤد نے ابیجیل کی بات مانی۔ اُس نے اُس سے کہا ”‏تیری عقلمندی مبارک۔ تُو خود بھی مبارک ہو جس نے مجھ کو آج کے دن خونریزی .‏ .‏ .‏ سے باز رکھا۔“‏ ”‏اگر تُو جلدی نہ کرتی اور مجھ سے ملنے کو نہ آتی تو صبح کی روشنی تک ناؔبال کے لئے ایک لڑکا بھی نہ رہتا۔“‏—‏۱-‏سموئیل ۲۵:‏۳۲-‏۳۴‏۔‏

ہمارے لئے اسباق

بائبل کی یہ سرگزشت ظاہر کرتی ہے کہ ایک خداپرست عورت کیلئے بوقتِ‌ضرورت مناسب اقدام کرنا کسی بھی طرح غلط نہیں ہے۔ ابیجیل نے اپنے شوہر، نابال کی مرضی کے خلاف عمل کِیا لیکن اسکے لئے بائبل اُسے ملامت نہیں کرتی۔ اس کے برعکس، یہ اُسے دانا اور عقلمند عورت کہہ کر اُسکی تعریف کرتی ہے۔ اس بحرانی صورتحال میں مناسب اقدام کر کے ابیجیل نے بہت سی زندگیاں بچا لیں۔‏

اگرچہ عام طور پر ایک بیوی کو خدائی اطاعت کا جذبہ دکھانا چاہئے لیکن جب راست اُصول خطرے میں ہوں تو وہ اپنے شوہر کیساتھ موزوں اختلافِ‌رائے کا اظہار کر سکتی ہے۔ بِلاشُبہ، اُسے ”‏حلم اور مزاج کی غربت“‏ کو برقرار رکھنے کی کوشش کرنی چاہئے اور محض بغض، تکبّر یا باغیانہ رجحان کی بِنا پر خودمختاری سے عمل نہیں کرنا چاہئے۔ (‏۱-‏پطرس ۳:‏۴‏)‏ تاہم، ایک خداپرست بیوی کو کوئی ایسا کام کرنے کے لئے دباؤ محسوس نہیں کرنا چاہئے جو اُس کی نظروں میں نہایت غیردانشمندانہ یا بائبل اُصولوں کے خلاف ہو۔ واقعی، ابیجیل کی سرگزشت اُن لوگوں کے خلاف ٹھوس ثبوت پیش کرتی ہے جو اس بات پر اصرار کرتے ہیں کہ بائبل کے مطابق عورتیں محض غلاموں کی حیثیت رکھتی ہیں۔‏

یہ سرگزشت ہمیں ضبطِ‌نفس کا درس بھی دیتی ہے۔ داؤد نے اکثراوقات اس خوبی کا بھرپور مظاہرہ کِیا۔ مثال کے طور پر، اُس نے کینہ‌پرور بادشاہ ساؤل کو ہلاک کرنے سے انکار کر دیا اگرچہ اُسکے پاس ایسا کرنے کا کافی موقع تھا اور ساؤل کی موت داؤد کیلئے آرام کا باعث بن سکتی تھی۔ (‏۱-‏سموئیل ۲۴:‏۲-‏۷‏)‏ اس کے برعکس، جب نابال نے توہین‌آمیز طریقے سے اُسکی درخواست کو ٹھکرا دیا تو داؤد سب کچھ بھول گیا اور بدلہ لینے کی قسم کھائی۔ یہ اُن مسیحیوں کیلئے واضح آگاہی ہے جو ”‏بدی کے عوض کسی سے بدی نہ“‏ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ تمام حالات کے تحت، اُنہیں پولس کی نصیحت پر عمل کرنا چاہئے:‏ ”‏جہاں تک ہو سکے تم اپنی طرف سے سب آدمیوں کے ساتھ میل‌ملاپ رکھو۔ اَے عزیزو!‏ اپنا انتقام نہ لو بلکہ غضب کو موقع دو۔“‏—‏رومیوں ۱۲:‏۱۷-‏۱۹‏۔‏

‎]فٹ نوٹس[‎

a دشتِ‌فاران کی حدود بیرسبع کے شمال تک پھیلی ہوئی ہیں۔ زمین کے اس خطے میں بہت زیادہ چراگاہیں پائی جاتی ہیں۔‏

‏[‏صفحہ 31 پر تصویر]‏

ابیجیل داؤد کی خدمت میں ہدیے پیش کرتی ہے

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں