یہوؔواہ کی بھیڑوں کو پُرمحبت نگہداشت کی ضرورت ہے
”جان رکھو کہ خداوند [یہوؔواہ] ہی خدا ہے۔ . . . ہم اُسکے لوگ اور اُسکی چراگاہ کی بھیڑیں ہیں۔“—زبور ۱۰۰:۳۔
۱. یہوؔواہ اپنے خادموں کیساتھ کیسا برتاؤ کرتا ہے؟
یہوؔواہ عظیم چرواہا ہے۔ اگر ہم اُسکے خادم ہیں تو وہ ہمیں اپنی بھیڑیں سمجھتا ہے اور ہمیں پُرمحبت نگہداشت فراہم کرتا ہے۔ ہمارا آسمانی باپ ہمیں تسلی اور تازگی بخشتا ہے اور ہمیں ”اپنے نام کی خاطر صداقت کی راہوں“ پر لے چلتا ہے۔ (زبور ۲۳:۱-۴) اچھا چرواہا، یسوؔع مسیح، ہمارے ساتھ اتنی زیادہ محبت کرتا ہے کہ اُس نے ہماری خاطر اپنی جان دے دی۔—یوحنا ۱۰:۷-۱۵۔
۲. خدا کے لوگ خود کو کس حالت میں پاتے ہیں؟
۲ پُرمحبت نگہداشت حاصل کرنے والوں کے طور پر، ہم زبورنویس کیساتھ ملکر کہہ سکتے ہیں: ”خوشی سے خداوند کی عبادت کرو۔ گاتے ہوئے اُسکے حضور حاضر ہو۔ جان رکھو کہ خداوند [یہوؔواہ] ہی خدا ہے۔ اُسی نے ہمکو بنایا اور ہم اُسی کے ہیں۔ ہم اُسکے لوگ اور اُسکی چراگاہ کی بھیڑیں ہیں۔“ (زبور ۱۰۰:۲، ۳) جیہاں، ہم خوش اور محفوظ ہیں۔ یہ ایسے ہی ہے گویا ہم مضبوط بھیڑسالوں میں شریر لُٹیروں سے بھیڑوں کے باڑے میں محفوظ ہیں۔—گنتی ۳۲:۱۶؛ ۱-سموئیل ۲۴:۳؛ صفنیاہ ۲:۶۔
گلّے کے رضامند چرواہے
۳. مُتعیّنہ مسیحی بزرگوں کو خدا کے گلّہ کیساتھ کیسا برتاؤ کرنا چاہئے؟
۳ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم خدا کی بھیڑوں کے طور پر خوش ہیں! مُتعیّن بزرگ ہمارے درمیان پیشوائی کرتے ہیں۔ وہ ”سردار بنکر“ ہم پر حکم نہیں چلاتے، یا ہمارے ایمان پر حکومت جتانے کی کوشش نہیں کرتے۔ (گنتی ۱۶:۱۳؛ متی ۲۰:۲۵-۲۸؛ ۲-کرنتھیوں ۱:۲۴؛ عبرانیوں ۱۳:۷) اسکی بجائے، وہ شفیق چرواہے ہیں جو پطرؔس رسول کی مشورت کا اطلاق کرتے ہیں: ”خدا کے اُس گلّہ کی گلّہبانی کرو جو تم میں ہے۔ لاچاری سے نگہبانی نہ کرو بلکہ خدا کی مرضی کے موافق خوشی سے اور ناجائز نفع کے لئے نہیں بلکہ دِلی شوق سے۔ اور جو لوگ تمہارے سپرد ہیں اُن پر حکومت نہ جتاؤ بلکہ گلّہ کے لئے نمونہ بنو۔“ (۱-پطرس ۵:۲، ۳) پولسؔ رسول نے ساتھی بزرگوں کو بتایا: ”اپنی اور اُس سارے گلّہ کی خبرداری کرو جسکا روحاُلقدس نے تمہیں نگہبان ٹھہرایا تاکہ خدا کی کلیسیا کی گلّہبانی کرو جسے اُس نے خاص اپنے [بیٹے کے] خون سے مول لیا۔“ اور بھیڑیں کسقدر شکرگزار ہیں کہ روح سے مُتعیّن یہ فرد ”گلّہ کیساتھ شفقت سے پیش آتے ہیں“!—اعمال ۲۰:۲۸-۳۰۔
۴. چاؔرلس ٹی. رسل گلّہ کیساتھ کس قسم کے تعلق کیلئے مشہور تھا؟
۴ یسوؔع نے کلیسیا کیلئے ”آدمیوں کو انعام“ کے طور پر دیا، بعض کو ”پاسٹر“ یا چرواہوں کے طور پر جو یہوؔواہ کے گلّہ کیساتھ محبت سے پیش آتے ہیں۔ (افسیوں ۴:۸، ۱۱؛ کنگ جیمز ورشن) ان اشخاص میں سے ایک واچ ٹاور سوسائٹی کے پہلے صدر چارلسؔ ٹی. رسل تھے۔ بڑے چرواہے، یسوؔع مسیح کے تحت گلّہ کی نگہبانی کے سلسلے میں اُس کی پُرمحبت اور رحمدلانہ کارکردگی کی وجہ سے اُسے پاسٹر رسلؔ کہا جاتا تھا۔ آجکل، مسیحی بزرگوں کی تقرری یہوؔواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی کے ذریعے ہوتی ہے اور ”پاسٹر،“ ”ایلڈر“ یا ”اُستاد“ جیسی اصطلاحوں کو القاب کے طور پر استعمال نہ کرنے میں احتیاط سے کام لیا جاتا ہے۔ (متی ۲۳:۸-۱۲) تاہم، جدید زمانے کے بزرگ یہوؔواہ کی چراگاہ کی بھیڑوں کے فائدے کیلئے پاسٹروں یا چرواہوں کا کام سرانجام دیتے ہیں۔
۵. نئے اشخاص کو مسیحی کلیسیا میں مُتعیّن بزرگوں سے کیوں واقف ہونا چاہئے؟
۵ چرواہوں کے طور پر، بزرگ نئے اشخاص کی روحانی ترقی میں ایک نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ لہٰذا، نئی کتاب علم جو ہمیشہ کی زندگی کا باعث ہے صفحہ ۱۶۸ پر کہتی ہے: ”کلیسیا میں مُتعیّنہ بزرگوں سے واقفیت پیدا کریں۔ وہ خدا کے علم کا اطلاق کرنے کا کافی تجربہ رکھتے ہیں، کیونکہ وہ بائبل میں نگہبانوں کیلئے درج لیاقتوں پر پورا اُترے ہیں۔ (۱-تیمتھیس ۳:۱-۷؛ ططس ۱:۵-۹) اگر آپ کو کسی ایسی عادت یا خصلت پر قابو پانے کیلئے روحانی مدد کی ضرورت ہے جو خدا کے تقاضوں سے ٹکراتی ہے تو اُن میں سے کسی ایک کے پاس جانے میں تامل نہ کریں۔ آپ دیکھیں گے کہ بزرگ پولسؔ کی فہمائش پر عمل کرتے ہیں: ’کمہمتوں کو دِلاسا دو۔ کمزوروں کو سنبھالو۔ سب کیساتھ تحمل سے پیش آؤ۔‘—۱-تھسلنیکیوں ۲:۷، ۸؛ ۵:۱۴۔“
جب نئے اشخاص منادی کرنا چاہتے ہیں
۶. اگر ایک طالبعلم بادشاہتی پبلشر بننا چاہتا ہے تو کونسا طریقۂکار اختیار کِیا جاتا ہے؟
۶ بائبل طالبعلم کے علم حاصل کر لینے اور کچھ عرصہ تک اجلاسوں پر حاضر ہونے کے بعد، ہو سکتا ہے کہ وہ بادشاہتی پبلشر، خوشخبری کا مناد بننا چاہے۔ (مرقس ۱۳:۱۰) اگر ایسا ہے تو اُس کیساتھ بائبل مطالعہ کرنے والے گواہ کو صدارتی نگہبان سے رابطہ کرنا چاہئے، جو بائبل طالبعلم اور اُسکے اُستاد کیساتھ ملاقات کرنے کیلئے کلیسیا کی سروس کمیٹی کے بزرگوں میں سے ایک اور ایک دوسرے بزرگ کا بندوبست کریگا۔ باتچیت اپنی خدمتگزاری کو پورا کر نے کیلئے منظم کتاب کے صفحات ۹۸ اور ۹۹ پر مبنی ہوگی۔ اگر یہ دونوں بزرگ یہ دیکھتے ہیں کہ نیا شخص بائبل کی بنیادی تعلیمات پر ایمان رکھتا ہے اور خدا کے اُصولوں کے مطابق عمل کرتا ہے تو اُسے بتایا جائیگا کہ وہ عوامی خدمتگزاری میں حصہ لینے کے لائق ہے۔a جب وہ میدانی خدمت کی رپورٹ ڈالنے سے اپنی خدمتگزاری سے آگاہ کرتا ہے تو یہ اُس کے نام سے بنائے گئے کلیسیا کے پبلشر ریکارڈ کارڈ پر درج کر دی جائیگی۔ اب نیا شخص لاکھوں دیگر لوگوں کیساتھ جو خوشی سے ’خدا کا کلام‘ سناتے ہیں گواہی دینے کی اپنی کارگزاری کی رپورٹ دے سکتا ہے۔ (اعمال ۱۳:۵) کلیسیا کے سامنے یہ اعلان کر دیا جائیگا کہ وہ ایک غیربپتسمہیافتہ پبلشر ہے۔
۷، ۸. کن طریقوں سے ایک غیربپتسمہیافتہ پبلشر کو خدمتگزاری میں درکار مدد فراہم کی جا سکتی ہے؟
۷ ایک غیربپتسمہیافتہ پبلشر کو بزرگوں اور دوسرے پُختہ مسیحیوں کی مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر، اُس کی روحانی ترقی اُس کلیسیائی کتابی مطالعہ کرانے والے کیلئے دلچسپی کی بات ہے جہاں وہ جاتا ہے۔ نیا پبلشر ہو سکتا ہے کہ گھرباگھر کے کام میں مؤثر طور پر کلام کرنے کو مشکل محسوس کرے۔ (اعمال ۲۰:۲۰) اسلئے غالباً وہ مدد کو پسند کرے گا، بالخصوص کسی ایسے شخص کی طرف سے جو اُس کیساتھ علم کی کتاب سے بائبل مطالعے کرتا رہا ہے۔ ایسی عملی مدد مناسب ہے کیونکہ یسوؔع مسیح نے بھی اپنے شاگردوں کو خدمتگزاری کے لئے تیار کِیا۔—مرقس ۶:۷-۱۳؛ لوقا ۱۰:۱-۲۲۔
۸ اگر ہماری خدمتگزاری کو مؤثر ہونا ہے تو اچھی پیشگی تیاری نہایت ضروری ہے۔ اسلئے، دونوں پبلشر ہو سکتا ہے کہ سب سے پہلے ہماری بادشاہتی خدمتگزاری کے ماہانہ شماروں میں مجوزہ پیشکشوں کی مشق کرنے کیلئے اکٹھے ہوں۔ جب وہ اپنی میدانی خدمت کا آغاز کرتے ہیں تو زیادہ تجربہکار شخص شاید ایک یا دو دروازوں پر باتچیت کرے۔ دوستانہ تعارف کے بعد، دونوں پبلشر گواہی دینے میں حصہ لے سکتے ہیں۔ چند ہفتوں کیلئے اکٹھے ملکر خدمتگزاری میں کام کرنا عمدہ واپسی ملاقاتوں اور یہانتککہ کتاب علم جو ہمیشہ کی زندگی کا باعث ہے سے گھریلو بائبل مطالعے کا باعث بن سکتا ہے۔ زیادہ تجربہکار پبلشر کچھ وقت کیلئے مطالعہ کروا سکتا ہے اور اسکے بعد اسے نئے بادشاہت کے مناد کے سپرد کر سکتا ہے۔ اگر بائبل طالبعلم خدا کے علم کیلئے قدردانی ظاہر کرتا ہے تو دونوں پبلشر کسقدر خوش ہونگے!
۹. جب ایک پبلشر بپتسمہ لینا چاہتا ہے تو کونسے انتظامات کئے جاتے ہیں؟
۹ جب غیربپتسمہیافتہ پبلشر روحانی طور پر ترقی کرتا ہے تو ہو سکتا ہے کہ وہ دُعا میں یہوؔواہ کے حضور مخصوصیت کرے اور بپتسمہ لینے کا خواہشمند ہو۔ (مقابلہ کریں مرقس ۱:۹-۱۱۔) اُسے بپتسمے کے لئے اپنی خواہش کا اظہار کلیسیا کے صدارتی نگہبان کے سامنے کرنا چاہئے جو پبلشر کیساتھ بزرگوں کا بندوبست کرے گا کہ اپنی خدمتگزاری کو پورا کر نے کے لئے منظم کے صفحات ۱۷۵ تا ۲۱۸ کے سوالات کا اعادہ کریں۔ جن چار حصوں میں سوالات تقسیم کئے گئے ہیں، اگر ممکن ہو تو تین مختلف بزرگ تین ملاقاتوں میں اُن کا احاطہ کر سکتے ہیں۔ اگر وہ متفق ہوتے ہیں کہ غیربپتسمہیافتہ پبلشر بائبل تعلیمات کی معقول سمجھ رکھتا ہے اور دیگر طریقوں سے بھی اہل ہے تو وہ اُسے بتائیں گے کہ وہ بپتسمہ لے سکتا ہے۔ اُس کی مخصوصیت اور بپتسمے کے نتیجے میں، وہ نجات کے لئے ’نشانیافتہ‘ بن جاتا ہے۔—حزقیایل ۹:۴-۶۔
خصوصی تقاضوں پر پورا اُترنا
۱۰. علم کی کتاب کا اپنا مطالعہ مکمل کرنے اور بپتسمہ لینے کے بعد، کیسے ایک شخص اپنے روحانی علم میں اضافہ کریگا؟
۱۰ ایک شخص کے علم کی کتاب میں سے اپنا بائبل مطالعہ ختم کرنے اور بپتسمہ لینے کے بعد، ہو سکتا ہے کہ اُسکے ساتھ دوسری کتاب جیسےکہ واحد خدائے برحق کی پرستش میں متحد میں سے رسمی مطالعہ کرنا ضروری نہ ہو۔b بیشک، نیا بپتسمہ لینے والا شخص اُس وقت اَور زیادہ سیکھے گا جب وہ مسیحی اجلاسوں کیلئے تیاری کرتا اور اُن پر باقاعدگی سے حاضر ہوتا ہے۔ جب سچائی کیلئے اُسکی پیاس اُسے ذاتی طور پر مسیحی مطبوعات کو پڑھنے اور مطالعہ کرنے اور ساتھی ایمانداروں کیساتھ صحیفائی معاملات پر باتچیت کرنے کی تحریک دیگی تو وہ اضافی علم بھی حاصل کریگا۔ لیکن کیا ہو اگر خصوصی ضروریات پیدا ہو جاتی ہیں؟
۱۱. (ا) پرسکلہؔ اور اَکوؔلہ کے ذریعے اپلوؔس کی مدد کیسے کی گئی تھی؟ (ب) حال ہی میں بپتسمہ پانے والے نوجوان شخص کو جو شادی کی بابت سوچ رہا ہے کیسے مدد دی جا سکتی ہے؟
۱۱ یہانتککہ اپلوؔس نے بھی استفادہ کِیا جو ”کتابِمُقدس کا ماہر“ اور یسوؔع کی بابت صحیح تعلیم دیتا تھا، جب تجربہکار مسیحی پرسکلہؔ اور اَکوؔلہ ”اُسے اپنے گھر لے گئے اور اُس کو خدا کی راہ اَور زیادہ صحت سے بتائی۔“ (اعمال ۱۸:۲۴-۲۶؛ مقابلہ کریں اعمال ۱۹:۱-۷۔) اس لئے، فرض کریں کہ ایک نیا بپتسمہیافتہ نوجوان شادی سے پہلے کی ملاقاتوں اور شادی کی بابت غور کر رہا ہے۔ ایک زیادہ تجربہکار مسیحی شاید ان موضوعات پر واچ ٹاور مطبوعات میں سے معلومات تلاش کرنے میں اُس کی مدد کر سکے۔ مثال کے طور پر، اس سلسلے میں معاون مواد کتاب کوسچنز ینگ پیپل آسک—آنسرز دیٹ ورک، حصہ ۷ میں موجود ہے۔c پبلشر جس نے اُس کے ساتھ بائبل مطالعہ کِیا ہے، اس مواد پر اُس نئے شخص کے ساتھ باتچیت کر سکتا ہے، اگرچہ باقاعدہ مطالعہ نہیں کروایا جائے گا۔
۱۲. مسائل سے دوچار نئے بپتسمہیافتہ بیاہتا جوڑے کیلئے کیسے مدد فراہم کی جا سکتی ہے؟
۱۲ ایک دوسری مثال پر غور کریں۔ شاید نیا بپتسمہیافتہ بیاہتا جوڑا خدائی اُصولوں کا اطلاق کرنے کے سلسلے میں مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ وہ ایک بزرگ سے مشورہ کریں جو اُن کیساتھ صحائف میں سے باتچیت کرنے کیلئے کچھ شام کے اوقات صرف کر سکتا اور اُنکی توجہ واچ ٹاور مطبوعات میں پائی جانے والی معلومات کی طرف مبذول کروا سکتا ہے۔ تاہم، بزرگ جوڑے کیساتھ دوبارہ ایک باقاعدہ بائبل مطالعہ شروع نہیں کریگا۔
اگر ایک نیا شخص خطا کرتا ہے
۱۳. کلیسیائی بزرگوں کو اُس نئے بپتسمہیافتہ شخص کیلئے جس نے غلطی کی ہے مگر تائب ہے کیوں رحم دکھانا چاہئے؟
۱۳ بزرگ عظیم چرواہے، یہوؔواہ کی نقل کرتے ہیں جو کہتا ہے: ”مَیں ہی اپنے گلّہ کو چراؤنگا . . . شکستہ کو باندھونگا اور بیماروں کو تقویت دُونگا۔“ (حزقیایل ۳۴:۱۵، ۱۶؛ افسیوں ۵:۱) اسی جذبے کے تحت، شاگرد یہوؔداہ نے تاکید کی کہ اُن ممسوح مسیحیوں کیساتھ رحم ظاہر کِیا جائے جو شکوک رکھتے تھے یا گناہ میں پڑ گئے تھے۔ (یہوداہ ۲۲، ۲۳) چونکہ ہم واجب طور پر تجربہکار مسیحیوں سے زیادہ کچھ کی توقع کرتے ہیں اسلئے یقینی طور پر نئے بپتسمہیافتہ شخص—محض ایک برّے—کیساتھ جس نے غلطی کی ہے مگر تائب ہے زیادہ رحم ظاہر کِیا جانا چاہئے۔ (لوقا ۱۲:۴۸؛ ۱۵:۱-۷) اسلئے، بزرگ جو ’یہوواہ کی طرف سے عدالت‘ کرتے ہیں ایسی بھیڑوں کو پُرمحبت نگہداشت دیتے اور اُنہیں حلممزاجی کیساتھ بحال کرتے ہیں۔—۲-تواریخ ۱۹:۶؛ اعمال ۲۰:۲۸، ۲۹؛ گلتیوں ۶:۱۔d
۱۴. اُس وقت کیا کِیا جا سکتا ہے جب ایک نیا بپتسمہیافتہ پبلشر سنگین گناہ کا مُرتکب ہوتا ہے، اور کس طرح اُس کی مدد کی جا سکتی ہے؟
۱۴ اس کے بعد، فرض کریں کہ ایک نئے بپتسمہیافتہ پبلشر کو پہلے شرابنوشی کرنے کا مسئلہ تھا اور ایک یا دو مواقع پر حد سے تجاوز کر گیا تھا۔ یا شاید اس نے تمباکونوشی کی پُرانی عادت پر قابو پا لیا تھا لیکن ایک یا دو بار چھپ کر پینے کی آزمائش میں مبتلا ہو گیا تھا۔ اگرچہ ہمارے نئے بھائی نے خدا کی معافی کیلئے دُعا کی ہے، اُسے ایک بزرگ کی مدد کا طالب ہونا چاہئے تاکہ گناہ اُسکی عادت نہ بن جائے۔ (زبور ۳۲:۱-۵؛ یعقوب ۵:۱۴، ۱۵) جب وہ کسی بزرگ کے سامنے اپنی غلطی کا ذکر کرتا ہے تو اُس بزرگ کو اُس نئے شخص کو رحم کیساتھ دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ (زبور ۱۳۰:۳) ہو سکتا ہے کہ اسکے بعد اپنے پاؤں کیلئے ہموار راستے بنانے میں اُسے مدد دینے کیلئے صحیفائی مشورت ہی کافی ہو۔ (عبرانیوں ۱۲:۱۲، ۱۳) اس بات کا تعیّن کرنے کیلئے کہ مزید کونسی مدد دی جانی چاہئے یہ بزرگ ان حالات پر کلیسیا کے صدارتی نگہبان سے باتچیت کریگا۔
۱۵. بعض حالتوں میں، جب ایک نیا بپتسمہیافتہ شخص گناہ کرتا ہے تو کیا ضروری ہو سکتا ہے؟
۱۵ ہو سکتا ہے کہ بعض معاملات میں کچھ اَور زیادہ کی ضرورت ہو۔ اگر رسوائی، گلّے کیلئے خطرہ یا دیگر سنگین مسائل شامل ہیں تو بزرگوں کی جماعت دو بزرگوں کو معاملے کی تفتیش کیلئے مقرر کریگی۔ اگر یہ بزرگ دیکھتے ہیں کہ معاملہ اس حد تک سنگین ہے کہ ایک عدالتی کمیٹی کی ضرورت ہے تو اُنہیں اسکی خبر مجلسِبزرگان کو دینی چاہئے۔ اسکے بعد خطاکار کی اعانت کرنے کیلئے مجلسِبزرگان ایک عدالتی کمیٹی مقرر کریگی۔ عدالتی کمیٹی کو اُس کیساتھ پُرمحبت طریقے سے پیش آنا چاہئے۔ اُنہیں کوشش کرنی چاہئے کہ صحائف کیساتھ اُسے دوبارہ بحال کریں۔ اگر وہ عدالتی کمیٹی کی مشفقانہ کوششوں سے اثرپذیر ہوتا ہے توپھر وہ اس بات کا تعیّن کرینگے کہ آیا کنگڈم ہال میں اجلاسوں پر پلیٹفارم سے حصے پیش کرنے کیلئے اسکے استعمال نہ کئے جانے سے کچھ فائدہ ہوگا یا آیا اُسے اجلاسوں پر تبصرے کرنے کی اجازت ہونی چاہئے یا نہیں۔
۱۶. ایک خطاکار شخص کی مدد کرنے کیلئے بزرگ کیا کر سکتے ہیں؟
۱۶ اگر خطاکار اثرپذیر ہوتا ہے تو عدالتی کمیٹی کے ایک یا دو بزرگ اُس کے ایمان کو تقویت دینے اور خدا کے راست معیاروں کیلئے اُس کی قدردانی کو بڑھانے کی غرض سے گلّہبانی کی ملاقاتیں کرنے کا بندوبست بنا سکتے ہیں۔ اُن میں سے ہر ایک وقتاًفوقتاً اُس کیساتھ میدانی خدمت میں کام کر سکتا ہے۔ ممکنہ طور پر موزوں مینارِنگہبانی اور جاگو! مضامین کو استعمال کرتے ہوئے، وہ اُس کے ساتھ چند صحیفائی مباحثے بھی رکھ سکتے ہیں لیکن باقاعدہ بائبل مطالعہ قائم نہیں کرینگے۔ ایسی پُرمحبت نگہداشت کیساتھ، ہو سکتا ہے کہ خطاکار شخص آئندہ دِنوں میں جسمانی کمزوریوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تقویت حاصل کرے۔
۱۷. اگر ایک بپتسمہیافتہ خطاکار توبہ نہیں کرتا اور اپنی گنہگارانہ روش کو ترک نہیں کرتا تو کونسے اقدام کئے جاتے ہیں؟
۱۷ بِلاشُبہ، نئے بپتسمہیافتہ ہونا غیرتائب طور پر گناہ کرتے رہنے کیلئے کوئی عذر نہیں ہے۔ (عبرانیوں ۱۰:۲۶، ۲۷؛ یہوداہ ۴) اگر کوئی بپتسمہیافتہ خطاکار توبہ نہیں کرتا اور اپنی گنہگارانہ روش کو ترک نہیں کرتا تو اُسے کلیسیا سے خارج کر دِیا جائیگا۔ (۱-کرنتھیوں ۵:۶، ۱۱-۱۳؛ ۲-تھسلنیکیوں ۲:۱۱، ۱۲؛ ۲-یوحنا ۹-۱۱) جب یہ کارروائی ضروری دکھائی دیتی ہے تو مجلسِبزرگان عدالتی کمیٹی کا انتخاب کریگی۔ اگر خارج کر دیا جاتا ہے تو یہ مختصر اعلان کر دِیا جائیگا: ” . . . کو خارج کر دیا گیا ہے۔“e
اُنہیں ”پختگی کی جانب بڑھنے“ میں مدد دیں
۱۸. ہم اس کا یقین کیوں رکھ سکتے ہیں کہ نئے بپتسمہیافتہ مسیحیوں اور دیگر لوگوں کے پاس ہمیشہ یہوؔواہ اور اس کی مرضی کی بابت سیکھنے کیلئے بہت کچھ ہوگا؟
۱۸ خدا کے خادموں کی اکثریت گلّہ میں رہیگی۔ ہم میں سے ہر ایک خوشی کیساتھ ہمارے آسمانی باپ کے ہمیشہ سے زیادہ قریب جانے کے قابل بھی ہو جائیگا کیونکہ ہم ہمیشہ اُس کی اور اُسکی مرضی کی بابت اَور زیادہ سیکھنے کے قابل ہونگے۔ (واعظ ۳:۱۱؛ یعقوب ۴:۸) جن ہزارہا لوگوں نے ۳۳ س.ع. پنتِکُست پر بپتسمہ لیا، یقینی طور پر اُن کے پاس سیکھنے کو بہت کچھ تھا۔ (اعمال ۲:۵، ۳۷-۴۱؛ ۴:۴) اسی طرح غیرقوموں نے کِیا، جن میں صحیفائی پسمنظر کی کمی تھی۔ مثال کے طور پر، یہ اُنکی بابت سچ تھا جنہوں نے پولسؔ کی اتھینےؔ میں اؔریوپگس پر تقریر کے بعد بپتسمہ لیا تھا۔ (اعمال ۱۷:۳۳، ۳۴) آجکل، بھی، نئے بپتسمہیافتہ کے پاس سیکھنے کیلئے بہت کچھ ہے اور جوکچھ خدا کی نظروں میں صحیح ہے اُنہیں اُسے کرتے رہنے کے اپنے عزم کو مضبوط کرنے کیلئے وقت اور مدد کی ضرورت ہے۔—گلتیوں ۶:۹؛ ۲-تھسلنیکیوں ۳:۱۳۔
۱۹. وہ جو بپتسمہ لے رہے ہیں اُنکی ”کمال کی طرف قدم بڑھانے“ میں کیسے مدد کی جا سکتی ہے؟
۱۹ ہر سال ہزاروں بپتسمہ لیتے ہیں اور اُنہیں مدد کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ ”کمال کیطرف قدم بڑھا“ سکیں۔ (عبرانیوں ۶:۱-۳) خدمتگزاری میں گفتار، کردار اور عملی مدد سے ہو سکتا ہے کہ آپ بعض کو نئی انسانیت پہننے اور ”حق کی راہ پر چلتے رہنے“ میں مدد دینے کے قابل ہوں۔ (۳-یوحنا ۴؛ کلسیوں ۳:۹، ۱۰) اگر آپ ایک تجربہکار پبلشر ہیں تو میدانی خدمت میں ایک نئے ساتھی ایماندار کی مدد کرنے کیلئے یا خدا پر اُسکے ایمان کو، مسیحی اجلاسوں اور دیگر چیزوں کیلئے اُسکی قدردانی کو مضبوط کرنے کی غرض سے چند ہفتوں کیلئے اُسکے ساتھ خاص صحیفائی نکات پر گفتگو کرنے کیلئے بزرگ آپکو دعوت دے سکتے ہیں۔ گلّے میں چرواہوں کا رشتہ باپ کیطرح نصیحت کرنے کا اور ماں کی شفقت کیطرح کا ہے۔ (۱-تھسلنیکیوں ۲:۷، ۸، ۱۱) تاہم، چند بزرگ اور خدمتگزار خادم کلیسیا میں درکار تمام نگہداشت فراہم نہیں کر سکتے۔ ہم سب ایک ایسے خاندان کی مانند ہیں جسکے ارکان ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔ ہم میں سے ہر ایک اپنے ساتھی پرستاروں کی مدد کرنے کیلئے کچھ نہ کچھ کر سکتا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ آپ خود بھی حوصلہافزائی کرنے، کمہمتوں کو دِلاسا دینے، اور کمزوروں کو سنبھالنے کے قابل ہو سکتے ہیں۔—۱-تھسلنیکیوں ۵:۱۴، ۱۵۔
۲۰. خدا کا علم پھیلانے اور یہوؔواہ کی چراگاہ کی بھیڑوں کیلئے پُرمحبت نگہداشت فراہم کرنے کیلئے آپ کیا کر سکتے ہیں؟
۲۰ نوعِانسان کو خدا کے علم کی ضرورت ہے، اور یہوؔواہ کے ایک گواہ کے طور پر، آپ اسے پھیلانے میں خوشی سے حصہ لے سکتے ہیں۔ یہوؔواہ کی بھیڑوں کو پُرمحبت نگہداشت کی ضرورت ہے اور آپ اسے فراہم کرنے میں معاونت کرنے کے لئے مشفقانہ کردار ادا کر سکتے ہیں۔ دُعا ہے کہ یہوؔواہ آپکی خدمتگزاری کو برکت دے اور دُعا ہے کہ وہ اپنی چراگاہ کی بھیڑوں کی مدد کرنے کے لئے آپ کی مخلصانہ کوششوں کو بااجر بنائے۔ (۱۵ ۰۱/۱۵ w۹۶)
[فٹنوٹ]
a اس موقع پر، نیا شخص اپنی خدمتگزاری کو پورا کر نے کیلئے منظم کتاب کی ایک کاپی حاصل کر سکتا ہے۔
b واچٹاور بائبل اینڈ ٹریکٹ سوسائٹی آف نیو یارک انکارپوریٹڈ کی شائعکردہ۔
c واچ ٹاور بائبل اینڈ ٹریکٹ سوسائٹی آف نیو یارک، انکارپوریٹڈ کی شائعکردہ۔
d غیربپتسمہیافتہ پبلشروں کیلئے ایسے بندوبست کا خاکہ ۱۵ نومبر، ۱۹۸۸ کے مینارِنگہبانی (انگریزی) کے صفحات ۱۵-۲۰ پر شائعکردہ مضمون ”خدا کی پرستش کرنے کیلئے دوسروں کی مدد کرنا“ میں پیش کِیا گیا تھا۔
e اگر فیصلہ خارج کر دینے کا ہے اور اپیل کی جاتی ہے تو اعلان معرضِالتوا میں ڈال دیا جاتا ہے۔ دیکھیں اپنی خدمتگزاری کو پورا کر نے کیلئے منظم کتاب کے صفحات ۱۴۷-۱۴۸۔
آپ کیسے جواب دینگے؟
▫ یہوؔواہ اپنی بھیڑوں کیساتھ کیسا برتاؤ کرتا ہے؟
▫ جب نئے اشخاص منادی کرنا چاہتے ہیں تو کیا کِیا جاتا ہے؟
▫ ساتھی ایماندار خصوصی ضروریات والے نئے اشخاص کی کیسے مدد کر سکتے ہیں؟
▫ اُن لوگوں کی مدد کرنے کیلئے بزرگ کیا کر سکتے ہیں جنہوں نے خطا کی ہے مگر تائب ہیں؟
▫ آپ کیسے ایک نئے بپتسمہیافتہ شخص کی ”کمال کی طرف قدم بڑھانے“ میں مدد کر سکتے ہیں؟
[تصویر]
چارلسؔ ٹی. رسل گلّہ کے ایک شفیق چرواہے کے طور پر مشہور تھا
[تصویر]
رحمدل چرواہے خدا کے گلّہ کے ساتھ نرمی کا برتاؤ کرتے ہیں