سبق نمبر 102
یوحنا کو رُویات دِکھائی گئیں
جب یوحنا پتمُس کے جزیرے پر قید تھے تو یسوع نے اُنہیں 16 رُویات یا ایسی تصویریں دِکھائیں جن سے پتہ چلا کہ مستقبل میں کیا ہوگا۔ اِن رُویات سے پتہ چلا کہ کیسے یہوواہ کا نام پاک ثابت ہوگا، اُس کی بادشاہت آئے گی اور جیسے آسمان پر اُس کی مرضی ہو رہی ہے ویسے ہی زمین پر بھی ہوگی۔
ایک رُویا میں یوحنا نے یہوواہ کو اپنے شاندار تخت پر بیٹھے دیکھا جس کے اِردگِرد 24 بزرگ تھے۔ اُنہوں نے سفید چوغے پہنے ہوئے تھے اور اُن کے سر پر سونے کے تاج تھے۔ تخت سے بجلیاں نکل رہی تھیں اور گرج کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں۔ 24 بزرگ یہوواہ کے سامنے جھک کر اُس کی عبادت کر رہے تھے۔ ایک اَور رُویا میں یوحنا نے ہر قوم، قبیلے اور زبان کے لوگوں کی ایک بڑی بِھیڑ کو دیکھا جو یہوواہ کی عبادت کر رہی تھی۔ میمنا یعنی یسوع اُن کی گلّہبانی کر رہے تھے اور اُنہیں زندگی کے پانی کی طرف لے جا رہے تھے۔ بعد میں یوحنا نے ایک اَور رُویا میں دیکھا کہ یسوع نے 24 بزرگوں کے ساتھ مل کر آسمان پر بادشاہ کے طور پر حکمرانی شروع کر دی ہے۔ اِس سے اگلی رُویا میں یوحنا نے دیکھا کہ یسوع اژدہے یعنی شیطان اور اُس کے بُرے فرشتوں کے ساتھ جنگ لڑ رہے ہیں۔ پھر یسوع نے اُنہیں آسمان سے زمین پر پھینک دیا۔
پھر یوحنا نے میمنے اور 1 لاکھ 44 ہزار لوگوں کو کوہِصِیّون پر کھڑے دیکھا۔ اُنہوں نے ایک فرشتے کو بھی دیکھا جو زمین کے اِردگِرد اُڑ رہا تھا اور لوگوں سے کہہ رہا تھا کہ وہ خدا کا خوف رکھیں اور اُس کی بڑائی کریں۔
اگلی رُویا میں یوحنا نے ہرمجِدّون کی جنگ دیکھی۔ اِس جنگ میں یسوع اور اُن کی فوج نے شیطان کی اِس دُنیا کو ہرا دیا۔ آخری رُویا میں یوحنا نے دیکھا کہ آسمان اور زمین کی مخلوقات متحد ہو گئی ہیں۔ شیطان اور اُس کی نسل پوری طرح سے ختم ہو گئی ہے۔ آسمان اور زمین کی سب مخلوقات یہوواہ کے نام کو پاک مان رہی ہیں اور صرف اُسی کی عبادت کر رہی ہیں۔
”مَیں تمہارے اور عورت کے درمیان اور تمہاری نسل اور اُس کی نسل کے درمیان دُشمنی پیدا کروں گا۔ وہ تمہارے سر کو کچلے گا اور تُم اُس کی ایڑی پر وار کرو گے۔“—پیدائش 3:15