سبق نمبر 103
”تیری بادشاہت آئے“
یہوواہ نے یہ وعدہ کِیا ہے: ”رونا، درد، بیماری اور موت ختم ہو جائیں گی۔ مَیں اُن کی آنکھوں سے سارے آنسو پونچھ دوں گا۔ ساری بُری یادیں مٹ جائیں گی۔“
یہوواہ نے آدم اور حوّا کو باغِعدن میں رکھا تھا تاکہ وہ خوشی اور سکون سے رہ سکیں۔ اُنہیں اپنے آسمانی باپ کی عبادت کرنی تھی اور زمین کو اپنی اولاد سے بھرنا تھا۔ آدم اور حوّا نے یہوواہ کی بات نہیں مانی۔ لیکن یہوواہ کا مقصد نہیں بدلا۔ اِس کتاب سے ہم نے سیکھا ہے کہ یہوواہ اپنا ہر وعدہ پورا کرتا ہے۔ یہوواہ نے اَبراہام سے وعدہ کِیا تھا کہ زمین کے سب لوگوں کو برکت ملے گی۔ اُس کی بادشاہت کے ذریعے اُس کا یہ وعدہ پورا ہوگا۔
بہت جلد شیطان، بُرے فرشتے اور بُرے لوگ ختم ہو جائیں گے۔ زمین پر موجود سب لوگ یہوواہ کی عبادت کریں گے۔ ہم نہ تو بیمار ہوں گے اور نہ مریں گے۔ ہم جب صبح اُٹھیں گے تو ہم بہت زیادہ تازہدم اور خوش ہوں گے۔ پوری زمین فردوس بن جائے گی۔ سب کے پاس اچھا کھانا اور محفوظ گھر ہوگا۔ وہاں بُرے اور ظالم لوگ نہیں ہوں گے بلکہ سب لوگ پیار محبت سے رہیں گے۔ نہ تو جنگلی جانور ہم سے ڈریں گے اور نہ ہم اُن سے۔
جب یہوواہ مُردوں کو زندہ کرنا شروع کرے گا تو ہمیں کتنی خوشی ہوگی! ہم پُرانے زمانے کے لوگوں سے بھی ملیں گے جیسے کہ ہابل، نوح، اَبراہام، سارہ، موسیٰ، رُوت، آستر اور داؤد۔ وہ ہمارے ساتھ مل کر اِس زمین کو فردوس بنائیں گے۔ ہمارے پاس کرنے کو ایسے بہت سے کام ہوں گے جنہیں کر کے ہمیں بہت مزہ آئے گا۔
یہوواہ چاہتا ہے کہ آپ بھی فردوس میں رہیں۔ وہاں آپ یہوواہ کے بارے میں ایسی نئی نئی باتیں جانیں گے جن کا آپ نے سوچ بھی نہیں ہوگا۔ آئیے ہر دن یہوواہ کے قریب ہوتے جائیں۔
”اَے یہوواہ، ہمارے خدا، تُو عظمت اور عزت اور طاقت کے لائق ہے کیونکہ تُو نے سب چیزیں بنائی ہیں اور ساری چیزیں تیری مرضی سے وجود میں آئیں اور بنائی گئیں۔“—مُکاشفہ 4:11