سبق 13
مذہب کے سلسلے میں خوشخبری کیا ہے؟
1. کیا سب مذاہب اچھے ہیں؟
یقیناً ہر مذہب میں ایسے لوگ ہیں جو سچائی سے محبت رکھتے ہیں۔ خوشخبری یہ ہے کہ خدا اُن لوگوں پر توجہ دیتا ہے اور اُسے اُن کی فکر ہے۔ لیکن افسوس کی بات ہے کہ مذہب کے نام پر بہت سی بُرائیاں کی جاتی ہیں۔ (2-کرنتھیوں 4:3، 4؛ 11:13-15) خبروں کے مطابق کچھ مذاہب دہشتگردی، نسلکُشی، جنگوں اور بچوں کے ساتھ بدسلوکی میں ملوث ہیں۔ سچائی سے محبت رکھنے والے لوگ ایسی خبروں کو سُن کر بہت ہی افسردہ ہو جاتے ہیں۔ متی 24:3-5، 11، 12 کو پڑھیں۔
سچا مذہب خدا کی بڑائی کرتا ہے لیکن جھوٹے مذاہب خدا کو ناراض کرتے ہیں۔ وہ ایسی باتوں کی تعلیم دیتے ہیں جو بائبل میں نہیں ہیں۔ مثال کے طور پر وہ خدا کے بارے میں جھوٹی باتیں سکھاتے ہیں اور یہ تعلیم دیتے ہیں کہ موت کے بعد انسان کی روح زندہ رہتی ہے۔ لیکن یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ لوگ سچائی کو پہچانیں۔ واعظ 9:5؛ 1-تیمتھیس 2:3-5 کو پڑھیں۔
2. مذہب کے سلسلے میں خوشخبری کیا ہے؟
بہت سے مذاہب خدا سے محبت رکھنے کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن اصل میں وہ شیطان کی دُنیا سے محبت رکھتے ہیں۔ مگر وہ خدا کو دھوکا نہیں دے سکتے۔ (یعقوب 4:4) خدا کے کلام میں جھوٹے مذاہب کو ”بابلِعظیم“ کہا گیا ہے کیونکہ قدیم شہر بابل سے جھوٹے مذاہب کا آغاز ہوا۔ خوشخبری یہ ہے کہ جلد ہی خدا اُن سب مذاہب کو ختم کر دے گا جو ظلم کرتے ہیں اور لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں۔ مکاشفہ 17:1، 2، 5، 16، 17؛ 18:8 کو پڑھیں۔
ایک اَور خوشخبری یہ ہے کہ یہوواہ خدا اُن سب لوگوں کو نہیں بھولا جو سچائی سے محبت رکھتے ہیں۔ وہ اُنہیں سچائی کی تعلیم دیتا ہے اور یوں اُنہیں جھوٹے مذاہب سے نکال کر سچے مذہب میں لے آتا ہے۔ میکاہ 4:2، 5 کو پڑھیں۔
3. سچائی سے محبت رکھنے والے لوگوں کو کیا کرنا چاہئے؟
سچا مذہب لوگوں میں اتحاد بڑھاتا ہے۔
یہوواہ خدا اُن لوگوں کی فکر رکھتا ہے جو سچائی جاننا چاہتے ہیں اور اچھے کام کرنا چاہتے ہیں۔ وہ اُن کو تاکید کرتا ہے کہ اُنہیں جھوٹے مذاہب سے نکلنا چاہئے۔ جو لوگ خدا سے محبت رکھتے ہیں، وہ اُس کو خوش کرنے کے لئے اپنی زندگی میں تبدیلیاں کرنے کو تیار ہوتے ہیں۔ مکاشفہ 18:4 کو پڑھیں۔
پہلی صدی عیسوی میں بھی ایسے لوگ تھے جو سچائی سے محبت رکھتے تھے۔ جب اُنہوں نے یسوع مسیح کے شاگردوں سے خوشخبری سنی تو اُنہوں نے اِسے خوشیخوشی قبول کِیا۔ وہ اپنی پُرانی روِش کو چھوڑ کر یہوواہ خدا کی مرضی پر چلنے لگے۔ یوں اُنہیں حقیقی خوشی اور اُمید ملی اور اُن کی زندگی بامقصد ہو گئی۔ اُنہوں نے ہمارے لئے ایک اچھی مثال قائم کی کیونکہ خوشخبری کو سُن کر اُنہوں نے اپنی زندگی یہوواہ خدا کے لئے وقف کر دی۔ 1-تھسلنیکیوں 1:8، 9؛ 2:13 کو پڑھیں۔
یہوواہ خدا کے خادم ایک بڑے خاندان کی طرح ہیں۔ جو لوگ جھوٹے مذاہب کو چھوڑ دیتے ہیں، خدا اُنہیں اِس خاندان میں قبول کرتا ہے۔ اگر آپ اپنی زندگی یہوواہ خدا کے لئے وقف کریں گے تو آپ کو اُس کی دوستی حاصل ہوگی، اُس کے خادم آپ کے بہنبھائی بن جائیں گے اور خدا آپ کو ہمیشہ کی زندگی دے گا۔ مرقس 10:29، 30؛ 2-کرنتھیوں 6:17، 18 کو پڑھیں۔
4. خدا اپنے خادموں کو خوشی کیسے بخشے گا؟
وہ وقت آنے والا ہے جب جھوٹے مذاہب لوگوں پر ظلم نہیں ڈھائیں گے، اُن کو گمراہ نہیں کریں گے اور اُن میں پھوٹ نہیں ڈالیں گے کیونکہ خدا جھوٹے مذاہب کو ختم کر دے گا۔ واقعی، یہ بہت بڑی خوشخبری ہے! اُس وقت زمین پر رہنے والے سب لوگ سچے خدا یہوواہ کی عبادت کریں گے۔ مکاشفہ 18:20، 21؛ 21:3، 4 کو پڑھیں۔