حصہ ۴
خدا ہمیں اپنے مقاصد کی بابت آگاہ کرتا ہے
۱، ۲. ہم کیسے جانتے ہیں کہ خدا انکو جواب فراہم کرتا ہے جو خلوص سے پوچھتے ہیں؟
ایک پُرمحبت خدا اپنے مقاصد کو یقیناً ان پُرخلوص اشخاص پر آشکارا کرتا ہے جو اسکی تلاش کرتے ہیں۔ وہ متلاشی انسانوں کو اسطرح کے سوالوں کے جواب ضرور دیتا ہے جیسے کہ اس نے تکلیف کی اجازت کیوں دی ہے۔
۲ بائبل بیان کرتی ہے: ”اگر تو [خدا کو] ڈھونڈے تو وہ تجھکو مل جائیگا۔“ ”آسمان پر ایک خدا ہے جو راز کی باتیں آشکارا کرتا ہے۔“ ”یقیناً خداوند خدا کچھ نہیں کرتا جب تک کہ اپنا بھید اپنے خدمتگذار نبیوں پر پہلے آشکارا نہ کرے۔“—۱-تواریخ ۲۸:۹؛ دانیایل ۲:۲۸؛ عاموس ۳: ۷۔
جواب کہاں ہیں؟
۳. ہم کہاں سے معلوم کر سکتے ہیں کہ خدا تکلیف کی اجازت کیوں دیتا ہے؟
۳ اسطرح کے سوالوں کے جواب اس ریکارڈ میں ملتے ہیں جسکا اس نے ہمارے فائدے کیلئے الہام دیا جیسے کہ خدا تکلیف کی اجازت کیوں دیتا ہے اور اسکی بابت وہ کیا کرے گا۔ وہ ریکارڈ اس کا کلام، مقدس بائبل ہے۔ ”ہر ایک صحیفہ جو خدا کے الہام سے ہے تعلیم اور الزام اور اصلاح اور راستبازی میں تربیت کرنے کیلئے فائدہمند بھی ہے تاکہ مردِخدا کامل بنے اور ہر ایک نیک کام کے لئے بالکل تیار ہو جائے۔“—۲-تیمتھیس ۳:۱۶، ۱۷۔
۴، ۵. کیا چیز بائبل کو ایک بےمثال کتاب بناتی ہے؟
۴ بائبل واقعی ایک بےمثال کتاب ہے۔ یہ انسانی تاریخ کے نہایت ہی درست ریکارڈ پر مشتمل ہے اور انسانوں کی تخلیق سے بھی پیچھے تک جاتی ہے۔ یہ وقت کے مطابق بھی ہے، کیونکہ اسکی پیشینگوئیوں کا تعلق ہمارے زمانے کے اور مستقبل قریب کے واقعات سے ہے۔
۵ تاریخی درستی کیلئے کسی کتاب کو ایسی تصدیق حاصل نہیں ہے۔ مثال کے طور پر قدیمی مستند مصنفوں کے محض چند مسودے موجود ہیں۔ لیکن بائبل کے بہت سے مسودے، بعض جزوی اور بعض مکمل، موجود ہیں: عبرانی صحیفوں (”پرانے عہدنامے“ کی ۳۹ کتابیں) کے تقریباً ۶،۰۰۰ اور مسیحی یونانی صحیفوں (”نئے عہدنامے“ کی ۲۷ کتابیں) کے تقریباً ۱۳،۰۰۰۔
۶. ہم کیوں یقین رکھ سکتے ہیں کہ آجکل بنیادی طور پر بائبل ویسی ہی ہے جیسے کہ اس وقت جب خدا نے اسکا الہام دیا تھا؟
۶ قادرِمطلق خدا، جس نے بائبل کا الہام دیا، اس نے اس بات کا خیال رکھا ہے کہ ان مسودوں کی کاپیوں میں اسکے متن کی صحت کو محفوظ رکھا گیا ہے۔ پس آجکل ہماری بائبلیں لازماً ویسی ہی ہیں جیسی کہ اصلی الہامی تحریریں تھیں۔ اس کی قدر کرنے کیلئے ہماری مدد کرنے والا ایک اور عنصر یہ ہے کہ مسیحی یونانی صحائف کی بعض کاپیاں ابتدائی تحریر کے وقت سے ایک سو سال سے کم ہی عرصے کی ہیں۔ قدیمی دنیاوی مصنفوں کے مسودوں کی چند کاپیاں جو ابھی تک موجود ہیں شاذونادر ہی اصلی مصنفوں کے وقت سے کئی صدیوں سے کم عرصے کی ہیں۔
خدا کی بخشش
۷. بائبل کی اشاعت کسقدر وسیع ہے؟
۷ تاریخ میں بائبل نہایت وسیع طور پر تقسیم ہونے والی کتاب ہے۔ اسکی کوئی تین بلین کاپیاں چھپ چکی ہیں۔ کوئی دوسری کتاب اس تعداد کو نہیں پہنچتی۔ پوری بائبل یا اسکے حصوں کا ترجمہ ۲،۰۰۰ سے زیادہ زبانوں میں کیا جا چکا ہے۔ پس اندازہ لگایا جاتا ہے کہ ہمارے سیّارے کی آبادی کا ۹۸ فیصد بائبل تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔
۸-۱۰. اس بات کی بعض وجوہات کیا ہیں کہ کیوں بائبل ہمارے بغور مشاہدے کی مستحق ہے؟
۸ یقینی طور پر ایک ایسی کتاب جو خدا کی طرف سے ہونے کا دعویٰ کرتی ہے اور مستند ہونے کے اندرونی اور بیرونی تمام ثبوت رکھتی ہے، ہمارے مشاہدے کی مستحق ہے۔a یہ زندگی کے مقصد، دنیا کی حالتوں کے مطلب، اور جو کچھ مستقبل تھامے ہوئے ہے اس کی وضاحت کرتی ہے۔ کوئی اور کتاب ایسا نہیں کر سکتی۔
۹ جیہاں، بائبل انسانی خاندان کیلئے خدا کا مراسلہ ہے۔ اس نے کوئی ۴۰ انسانوں سے اسکے ریکارڈ کرانے کے ساتھ، اپنی سرگرم قوت، یا روح کے ذریعے اس کی تحریر کی راہنمائی کی۔ لہٰذا، خدا اپنے کلام، مقدس بائبل کے ذریعے ہمارے ساتھ کلام کرتا ہے۔ پولسؔ رسول نے لکھا: ”جب خدا کا پیغام [”کلام،“ اینڈبلیو] ہماری معرفت تمہارے پاس پہنچا تو تم نے اسے آدمیوں کا کلام سمجھ کر نہیں بلکہ (جیسا حقیقت میں ہے) خدا کا کلام جانکر قبول کیا۔“—۱-تھسلنیکیوں ۲:۱۳۔
۱۰ ریاستہائے متحدہ کے ۱۶ ویں صدر، ابرؔہام لنکن کے کہنے کے مطابق بائبل ”بہترین بخشش [ہے] جو خدا نے کبھی انسان کو عطا کی ہے . . . اس کے بغیر ہم درست اور غلط میں تمیز نہ کر سکتے تھے۔“ لہٰذا یہ افضل بخشش ہمیں اس چیز کی بابت کیا بتاتی ہے کہ تکلیف کیسے شروع ہوئی، خدا نے اسے کیوں اجازت دی، اور اسکی بابت وہ کیا کریگا؟
[فٹنوٹ]
a بائبل کے مستند ہونے کی بابت زیادہ مفصل معلومات کیلئے، ۱۹۸۹ میں واچٹاور بائبل اینڈ ٹریکٹ سوسائٹی آف نیویارک انکارپوریٹڈ کی شائع کردہ کتاب بائبل—خدا کا کلام یا انسان کا؟ (انگریزی) کو دیکھیں۔
[صفحہ ۱۰ پر تصویر]
خدا سے الہام شدہ بائبل، انسانی خاندان کے لئے اس کا مراسلہ ہے