مہنگائی کا طوفان—سامنا کیسے کریں؟
حقیقت کو تسلیم کریں
جب چیزوں کی قیمتیں آہستہ آہستہ بڑھتی ہیں تو شاید ہمیں اِس کا اِتنا احساس نہ ہو، خاص طور پر اگر ساتھ ساتھ ہماری تنخواہ بھی بڑھ رہی ہو۔ لیکن اگر چیزوں کی قیمتیں ایک دم سے بڑھ جائیں اور ہماری تنخواہ اُتنی ہی رہے تو ہم شدید پریشانی کا شکار ہو جاتے ہیں، خاص طور پر اُس وقت جب ہمیں اپنے گھر والوں کی ضرورتیں بھی پوری کرنی ہوں۔
جب ہم اِس حقیقت کو تسلیم کر لیں گے کہ ہم چیزوں کی قیمتیں بڑھنے سے نہیں روک سکتے تو ہمیں اِس سے فائدہ ہو سکتا ہے۔
یہ ضروری کیوں ہے؟
جو لوگ اِس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ وہ مہنگائی کو نہیں روک سکتے، وہ . . .
پُرسکون رہتے ہیں۔ جب ہم پُرسکون ہوتے ہیں تو ہم اچھے فیصلے لے پاتے ہیں۔
ناسمجھی سے کام نہیں لیتے۔ مثال کے طور پر بِل ادا نہ کرنا یا غیرضروری چیزیں خریدنا ناسمجھی کی بات ہوگی۔
پیسوں کے حوالے سے اپنے گھر والوں کے ساتھ بحث نہیں کرتے۔
دیکھتے ہیں کہ ضروری چیزوں کو خریدنے کے لیے کیا کِیا جا سکتا ہے۔ اِس کے لیے شاید اُنہیں اپنے خرچوں کو کم کرنا پڑے اور دیکھنا پڑے کہ اُنہیں اصل میں کس چیز کی ضرورت ہے۔
آپ کیا کر سکتے ہیں؟
خود کو حالات کے مطابق ڈھالیں۔ مہنگائی کے وقت میں اچھا ہوگا کہ آپ اپنے خرچوں کو کم کر دیں۔ کچھ لوگ چادر دیکھ کر پاؤں نہیں پھیلاتے اور اپنی آمدنی سے زیادہ خرچہ کرتے ہیں تاکہ وہ ویسی زندگی گزار سکیں جیسی وہ گزارنا چاہتے ہیں۔ اِس طرح وہ اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی مار کر اپنی مشکلوں کو بڑھاتے ہیں۔ اگر آپ کو اپنے گھرانے کی ضرورتیں پوری کرنی ہیں تو ہو سکتا ہے کہ آپ اِس وجہ سے بھی پریشان ہوں اور یہ پریشانی جائز ہے۔ لیکن یاد رکھیں کہ آپ کے گھر والوں کو آپ کے پیار، وقت اور توجہ کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
اگر ایک شخص ایسی عیشوآرام والی زندگی گزارنے کی کوشش کرتا ہے جس میں اُس کے خرچے اُس کی آمدنی سے بڑھ کر ہیں تو وہ اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی مارتا ہے۔