کیا کوئی مُلک جُرم سے پاک ہے؟
اُس کا جنازہ اُن بڑے جنازوں میں سے ایک تھا جو ماسکو نے سالوں کے دوران دیکھے تھے۔ ہزاروں لوگ اس نوجوان روسی کو آخری مرتبہ خراجِعقیدت پیش کرنے کیلئے سڑکوں پر قطاردرقطار کھڑے تھے، جس کی زندگی قاتل کی گولیوں کے باعث یکم مارچ ۱۹۹۵ کو اچانک ختم ہو گئی۔ ولاڈسلو لسٹو، ۱۹۹۴ کے سال کا ایک منتخب جرنلسٹ جسے درحقیقت اُسکے گھر کی دہلیز پر ہی مار دیا گیا تھا، ٹیلیویژن کی ایک انتہائی معروف شخصیت تھا۔
اس وقوعہ کے کوئی تین ہفتے بعد، ۲۰ مارچ کو، ٹوکیو کا زمیندوز ریل کا نظام صبحسویرے مصروفِعمل تھا جب اس پر زہریلی گیس سے حملہ کِیا گیا۔ متعدد مر گئے؛ بہتیرے دیگر شدید زخمی ہو گئے۔
بعدازاں اپریل ۱۹ کو، اوکلاہوما شہر پوری دُنیا میں ٹیلیویژن کے ناظرین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ وہ سراسیمگی کے عالم میں جان بچانے والے کارکنوں کو ایک وفاقی عمارت کے ملبے سے مسخشُدہ لاشوں کو نکالتے ہوئے دیکھ رہے تھے جسے تھوڑی ہی دیر پہلے ایک دہشتگرد نے بم سے اڑا دیا تھا۔ ہلاک ہونے والوں کی تعداد ۱۶۸ تھی۔
اسی سال جون کے آخر میں، اسی طرح کے ایک اَور حملے میں، سعودی عرب، دہران کے قریب ۱۹ امریکی ہلاک اور تقریباً ۴۰۰ زخمی ہوئے۔
یہ چاروں واقعات ظاہر کرتے ہیں کہ جُرم نئی وسعت اختیار کر رہا ہے۔ دہشتگردی کے وحشیانہ افعال سے ”عام“ جُرم میں بہت زیادہ اضافہ ہو رہا ہے۔ اور چاروں واقعات—ہر ایک اپنے مخصوص انداز میں—ظاہر کرتے ہیں کہ ہر شخص مجرمانہ حملے کے لئے کس قدر غیرمحفوظ ہو گیا ہے۔ آپ خواہ گھر پر، کام پر یا باہر سڑک پر ہیں، جُرم آپ کو اپنا نشانہ بنانے کے لئے آپ تک پہنچ سکتا ہے۔ بِلاشُبہ، ایک برطانوی سروے نے ظاہر کِیا کہ تقریباً تین چوتھائی برطانوی سوچتے ہیں کہ دس سال پہلے کی نسبت وہ اب زیادہ جُرم کا شکار ہونے کے خطرے میں ہیں۔ جہاں آپ رہتے ہیں وہاں بھی حالت ایسی ہی ہو سکتی ہے۔
قانون کی پابندی کرنے والے شہری ایسی حکومت کے متمنی ہیں جو جُرم پر محض قابو پانے سے زیادہ کچھ کرے گی۔ وہ ایسی حکومت کے خواہشمند ہیں جو درحقیقت اسے ختم کر دیگی۔ اور اگرچہ ممکن ہے کہ جُرم کی تقابلی شرح یہ ظاہر کرے کہ بعض حکومتیں دوسروں کی نسبت جُرم کی روکتھام میں زیادہ مؤثر ہیں توبھی مجموعی صورتحال ظاہر کرتی ہے کہ انسانی حکومت جُرم کے خلاف اپنی کوشش میں ناکام ہو رہی ہے۔ اسکے باوجود، یہ یقین کرنا کہ جلد ہی حکومت جُرم کا خاتمہ کریگی غیرحقیقی یا ناقابلِعمل نہیں ہے۔ لیکن کونسی حکومت؟ اور کب؟