عورتوں کی حفاظت—پاک کلام کا نظریہ
دُنیا بھر میں لاکھوں عورتوں اور لڑکیوں کے ساتھ بدسلوکی کی جاتی ہے۔ کیا آپ بھی اُن میں سے ایک ہیں؟ دیکھیں کہ خدا کی نظر میں عورتوں کا تحفظ اِتنا اہم کیوں ہے اور وہ عورتوں کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی کے حوالے سے کیا کرے گا۔
”جب مَیں چھوٹی تھی تو میرا بڑا بھائی ہر روز مجھے مارتا پیٹتا تھا اور مجھے بہت بُرا بھلا کہتا تھا۔ شادی کے بعد میری ساس میرے ساتھ بہت زیادتی کرتی تھی۔ میری ساس اور سُسر میرے ساتھ غلاموں جیسا سلوک کرتے تھے۔ میرے ذہن میں خودکُشی کے خیال آتے تھے۔“—مدھو،a بھارت۔
عالمی اِدارۂصحت کے مطابق”دُنیا بھر میں عورتوں پر تشدد عام ہے۔“ ایک اندازے کے مطابق ہر تین میں سے ایک عورت کو اُس کی زندگی میں کبھی نہ کبھی جسمانی یا جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
اگر آپ کے ساتھ کبھی ایسا ہوا ہے تو شاید آپ کو کہیں آتے جاتے وقت اِس بات کا ڈر ہو کہ کوئی آپ کو زبانی، جسمانی یا جنسی تشدد کا نشانہ نہ بنا لے۔ اگر ایک عورت ہونے کی وجہ سے آپ پر تشدد کِیا گیا ہے یا آپ کو بدسلوکی سہنی پڑی ہے تو شاید آپ سوچنے لگیں کہ زیادہتر لوگوں کی نظر میں عورتوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ لیکن کیا خدا کی نظر میں عورتوں کی اہمیت ہے؟
پاک کلام سے پتہ چلتا ہے کہ خدا کی نظر میں عورتوں کا تحفظ بہت اہم ہے۔
خدا عورتوں کو کیسا خیال کرتا ہے؟
آیت: ”خدا . . . نے اِنسانوں کو مرد اور عورت بنایا۔“—پیدائش 1:27۔
مطلب: خدا نے آدمی اور عورت دونوں کو بنایا ہے اور وہ چاہتا ہے کہ دونوں کو عزت ملے۔ اِس کے علاوہ خدا ایک شوہر سے یہ توقع کرتا ہے کہ وہ ”اپنی بیوی سے ویسے ہی محبت کرے جیسے وہ خود سے کرتا ہے۔“ (اِفِسیوں 5:33) خدا یہ نہیں چاہتا کہ ایک شوہر اپنی بیوی کو اپنی مرضی سے چلانے کی کوشش کرے، اُس سے سختی سے بات کرے یا اُس پر تشدد کرے۔ (کُلسّیوں 3:19) اِس سے صاف پتہ چلتا ہے کہ خدا کی نظر میں عورتوں کا تحفظ بہت اہم ہے۔
”جب مَیں چھوٹی تھی تو میرے رشتےداروں نے میرے ساتھ جنسی زیادتی کی۔ جب مَیں 17 سال کی تھی تو میرے باس نے مجھے دھمکی دی کہ اگر مَیں اُس کے ساتھ سیکس نہیں کروں گی تو وہ مجھے نوکری سے نکال دے گا۔ بالغ ہونے کے بعد بھی مجھے اپنے والدین،شوہر اور پڑوسیوں کی طرف سے بےعزتی سہنی پڑی۔ بعد میں مَیں نے اپنے خالق یہوواہb کے بارے میں سیکھا۔ اُس کی نظر میں عورتوں کی بہت عزت ہے۔ اِس بات سے مجھے یقین ہو گیا کہ خدا مجھ سے بہت پیار کرتا ہے اور مَیں اُس کی نظر میں اہم ہوں۔“—ماریہ، ارجنٹینا۔
آپ کے دل پر لگے زخم کیسے بھر سکتے ہیں؟
آیت: ”ایسا دوست بھی ہوتا ہے جو بھائی سے زیادہ وفا نبھاتا ہے۔“—اَمثال 18:24۔
مطلب: ایک سچا دوست آپ کا ساتھ نبھائے گا۔اگر آپ کو لگتا ہے کہ کسی ایسے شخص کو اپنے احساسات بتانے سے فائدہ ہوگا جس پر آپ بھروسا کر سکتے ہیں تو ضرور ایسا کریں۔
”20 سال تک مَیں نے کسی کو نہیں بتایا کہ میرے ساتھ جنسی زیادتی ہوئی تھی۔ اِس وجہ سے مَیں ہمیشہ دُکھی، پریشان اور بجھی بجھی سی رہتی تھی۔ لیکن پھر مَیں نے اپنی زندگی کے اِس تلخ تجربے کے بارے میں ایک ایسے شخص کو بتایا جو میری بات سننے کو تیار تھا۔ تب مجھے ایسا لگا جیسے میرے دل سے کوئی بھاری بوجھ اُتر گیا ہو۔“—الیف، تُرکیہ۔
آیت: ”اپنی ساری پریشانیاں[خدا]پر ڈال دیں کیونکہ اُس کو آپ کی فکر ہے۔“—1-پطرس 5:7۔
مطلب: جب آپ دُعا کرتے ہیں تو خدا آپ کی بات کو دھیان سے سنتا ہے۔ (زبور 55:22؛ 65:2) اُسے آپ کی فکر ہے اِس لیے وہ یہ سمجھنے میں آپ کی مدد کر سکتا ہے کہ آپ کتنے خاص ہیں۔
”جب مَیں یہوواہ کے بارے میں سیکھنے لگی تو میرے دل پر لگے گہرے زخم بھرنے لگے۔ اب مَیں دل کھول کر خدا کو وہ سب کچھ بتاتی ہوں جو مَیں محسوس کرتی ہوں۔ وہ میرے لیے ایک ایسے دوست کی طرح ہے جو میرے جذبات کو اچھی طرح سمجھتا ہے۔“—اینا، بیلیز۔
کیا عورتوں سے بدسلوکی کبھی ختم ہوگی؟
آیت: ”یہوواہ . . . یتیموں اور کچلے ہوئے لوگوں کو اِنصاف دِلائے گا تاکہ زمین کا فانی اِنسان اُنہیں اَور نہ ڈرا سکے۔“—زبور 10:17، 18۔
مطلب: خدا بہت جلد ہر طرح کی نااِنصافی کو ختم کر دے گا جس میں عورتوں پر ہونے والا ظلم و تشدد بھی شامل ہے۔
”یہ جان کر کہ یہوواہ بہت جلد عورتوں اور لڑکیوں کے ساتھ ہونے والے بُرے سلوک کو ختم کر دے گا، میرے دل کو راحت اور ذہنی سکون ملا۔“—رابرٹا، میکسیکو۔
اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ پاک کلام سے ہمیں کیا اُمید ملتی ہے، آپ اِس میں لکھے وعدوں پر کیوں یقین رکھ سکتے ہیں اور یہوواہ کے گواہ پاک کلام کے ذریعے لوگوں کی مدد کیسے کرتے ہیں تو ملاقات کے لیے درخواست دیں۔
a فرضی نام اِستعمال کیے گئے ہیں۔
b یہوواہ پاک کلام کے مطابق خدا کا ذاتی نام ہے۔ (زبور 83:18) مضمون ”یہوواہ کون ہے؟“ کو دیکھیں۔