جنگوں اور لڑائیوں کے باوجود اِطمینان اور سکون
گیری جو کہ پہلے فوج میں تھے، اُنہوں نے کہا: ”بائبل کورس کرنے سے پہلے مَیں یہ نہیں جانتا تھا کہ دُنیا میں اِتنا ظلم، نااِنصافی اور مصیبت کیوں ہے۔ لیکن اب مجھے ذہنی سکون مل گیا ہے۔ مَیں جانتا ہوں کہ یہوواہ خدا اِس دُنیا کو ایک محفوظ جگہ بنا دے گا۔“
ایسا صرف گیری کے ساتھ ہی نہیں ہوا۔ دیکھیں کہ پاک کلام نے کچھ اَور لوگوں کی مدد کیسے کی ہے۔
پاک کلام میں لکھا ہے: ”اَے یہوواہ! تُو اچھا ہے اور معاف کرنے کو تیار رہتا ہے۔“—زبور 86:5۔
یہ آیت کیسے مدد کرتی ہے؟ ”اِس آیت سے مجھے اِس بات کا یقین ہو گیا ہے کہ یہوواہ رحم کرتا ہے۔ مَیں جانتا ہوں کہ وہ مجھے میرے اُن کاموں کے لیے معاف کرنے کو تیار ہے جو مَیں نے اُس وقت کیے تھے جب مَیں نے جنگ میں حصہ لیا تھا۔“—وِلمر، کولمبیا۔
پاک کلام میں لکھا ہے: ”مَیں نیا آسمان اور نئی زمین بنا رہا ہوں؛ پھر پُرانی باتیں یاد نہیں آئیں گی اور نہ ہی وہ دل میں آئیں گی۔“—یسعیاہ 65:17۔
یہ آیت کیسے مدد کرتی ہے؟ ”فوج میں کام کرتے وقت میرے ساتھ جو کچھ ہوا تھا، اُس کی وجہ سے مَیں ایک ذہنی بیماری اور ڈپریشن کا شکار ہوں۔ لیکن اِس آیت سے مَیں یہ یاد رکھ پاتی ہوں کہ جلد ہی یہوواہ ساری بُری یادوں کو مٹا دے گا؛ یہ پھر کبھی میرے ذہن میں نہیں آئیں گی۔ یہ کتنی بڑی نعمت ہے!“—ضفیرا، ریاستہائے متحدہ امریکہ۔
پاک کلام میں لکھا ہے: ”اُس کی حکومت میں نیک لوگ پھلیں پھولیں گے اور جب تک چاند رہے گا، ہر طرف امن ہی امن ہوگا۔“—زبور 72:7۔
یہ آیت کیسے مدد کرتی ہے؟ ”مَیں اکثر اِس آیت میں لکھی بات کے بارے میں سوچتی ہوں۔ جلد ہی جنگیں ختم ہو جائیں گی اور اِن سے پھر کبھی کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ تب ہمیں اپنے عزیزوں کی حفاظت کے لیے پریشان نہیں ہونا پڑے گا۔“—اولیکساندرا، یوکرین۔
پاک کلام میں لکھا ہے: ”تمہارے جو لوگ مر چُکے ہیں، وہ زندہ ہو جائیں گے۔ . . . مٹی میں بسنے والو! جاگو اور خوشی سے للکارو۔“—یسعیاہ 26:19۔
یہ آیت کیسے مدد کرتی ہے؟ ”میرا تعلق تُتسی قبیلے سے تھا۔ اور جب اِس قبیلے کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی تو اُس میں میرے خاندان کے بہت سے لوگ مارے گئے۔ لیکن اِس آیت سے مجھے اِس بات کا یقین ہو جاتا ہے کہ مَیں اُنہیں دوبارہ ملوں گی۔ مَیں اُس وقت کا اِنتظار کر رہی ہوں جب وہ زندہ ہو جائیں گے اور مَیں اُن کی ہنستی کِھلکِھلاتی آوازیں سنوں گی۔“—مَیری، روانڈا۔
پاک کلام میں لکھا ہے: ”بس کچھ ہی دیر کی بات ہے پھر بُرے لوگ نہیں رہیں گے۔ . . . لیکن حلیم لوگ زمین کے مالک ہوں گے؛ وہ بےاِنتہا خوشی پائیں گے کیونکہ ہر طرف امن ہوگا۔“—زبور 37:10، 11۔
یہ آیت کیسے مدد کرتی ہے؟ ”حالانکہ جنگ ختم ہو گئی ہے لیکن نااِنصافیاں اور بُرے لوگ اب بھی ہیں۔ اِن آیتوں سے خاص طور پر مجھے بہت ہمت ملی ہے۔ یہوواہ سب کچھ دیکھتا ہے اور وہ میری صورتحال کو سمجھتا ہے۔ اُس نے وعدہ کِیا ہے کہ جلد ہی سب مصیبتیں اور اِن کی بُری یادیں ختم ہو جائیں گی۔“—دلیر، تاجکستان۔
اِس رسالے میں جن لوگوں کے بارے میں بتایا گیا ہے، وہ اُن لاکھوں یہوواہ کے گواہوں میں سے ہیں جنہیں پاک کلام کی مدد سے اِطمینان اور سکون حاصل ہوا ہے۔ اُنہوں نے سیکھ لیا ہے کہ وہ اُس نفرت کو دل سے کیسے نکال سکتے ہیں جو فرق فرق نسلوں، قوموں یا قبیلوں سے ہونے کی وجہ سے یا کسی اَور وجہ سے پیدا ہو جاتی ہے۔ (اِفِسیوں 4:31، 32) یہوواہ کے گواہ سیاسی معاملوں میں کسی کی طرفداری نہیں کرتے اور وہ ایسے کسی کام میں حصہ نہیں لیتے جس میں تشدد ہو۔—یوحنا 18:36۔
یہوواہ کے گواہوں کو پوری دُنیا میں رہنے والے اپنے ہمایمانوں سے بہت ہمت اور حوصلہ ملتا ہے جو کہ اُن سے بہت پیار کرتے ہیں۔ (یوحنا 13:35) ذرا اولیکساندرا کی مثال پر غور کریں جن کا اِس مضمون میں پہلے بھی ذکر ہوا ہے۔ اُنہیں جنگ کی وجہ سے پناہ لینے کے لیے اپنی بہن کے ساتھ کسی دوسرے ملک بھاگنا پڑا۔ اُنہوں نے کہا: ”جب ہم نے بارڈر پار کِیا تو ہم نے فوراً وہاں رہنے والے یہوواہ کے گواہوں کو دیکھا جو ہمارا اِنتظار کر رہے تھے۔ اُن کی مدد سے ہم پناہگزینوں کے طور پر ایک نئے ملک کا رہنسہن اپنا سکے۔“
ہم آپ کو دل کی گہرائیوں سے اپنی عبادتوں میں آنے کی دعوت دیتے ہیں جہاں پاک کلام سے بتایا جاتا ہے کہ لوگ صلح صفائی سے کیسے رہ سکتے ہیں اور مشکلوں اور تکلیفوں کے باوجود اِطمینان اور سکون کیسے حاصل کر سکتے ہیں۔ اپنے علاقے میں ہماری عبادتگاہ ڈھونڈنے یا کسی یہوواہ کے گواہ سے کتاب ”اب اور ہمیشہ تک خوشیوں بھری زندگی!“ سے بائبل کورس کرنے کی درخواست ڈالنے کے لیے jw.org پر جائیں۔