یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • م21 اکتوبر ص.‏ 29-‏31
  • 1921ء—‏آج سے 100 سال پہلے

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • 1921ء—‏آج سے 100 سال پہلے
  • مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—‏2021ء
  • ذیلی عنوان
  • ملتا جلتا مواد
  • دلیر بائبل سٹوڈنٹس
  • ذاتی طور پر اور خاندان کے ساتھ مل کر مطالعہ
  • ایک نئی کتاب
  • ‏”‏ابھی بھی بہت سا کام باقی ہے“‏
  • یہوواہ کی ہدایت پر عمل کرنا برکتوں کا باعث ہے
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—2017ء
  • 1922ء—‏آج سے 100 سال پہلے
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—‏2022ء
  • 1923ء​—‏⁠آج سے 100 سال پہلے
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—‏2023ء
مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—‏2021ء
م21 اکتوبر ص.‏ 29-‏31

1921ء آج سے 100 سال پہلے

1 جنوری 1921ء کے ‏”‏دی واچ‌ٹاور“‏ میں بائبل سٹوڈنٹس سے یہ سوال پوچھا گیا:‏ ”‏اِس سال ہم کون سا کام پورے زوروشور سے کریں گے؟“‏ اِس سوال کے جواب میں یسعیاہ 61:‏1، 2 کا حوالہ دیا گیا جن میں بائبل سٹوڈنٹس کو یہ یاد دِلایا گیا کہ اُنہیں خوش‌خبری کی مُنادی کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔ اِن آیتوں میں یہ لکھا ہے:‏ ”‏[‏یہوواہ]‏ نے مجھے مسح کِیا تاکہ حلیموں کو خوش‌خبری سناؤں۔ .‏ .‏ .‏ تاکہ [‏یہوواہ]‏ کے سالِ‌مقبول کا اور اپنے خدا کے اِنتقام کے روز کا اِشتہار دوں۔“‏

دلیر بائبل سٹوڈنٹس

مُنادی کا کام کرنے کے لیے بائبل سٹوڈنٹس کو دلیری کی ضرورت تھی۔ کیوں؟ کیونکہ اُنہیں ”‏حلیموں کو خوش‌خبری“‏ سنانے کے ساتھ ساتھ بُرے لوگوں کو ”‏خدا کے اِنتقام کے روز“‏ کے بارے میں بھی بتانا تھا۔‏

بھائی جان ہینری ہاسکن جو کہ کینیڈا میں رہ رہے تھے، مخالفت کے باوجود دلیری سے گواہی دیتے رہے۔ یہ 1921ء کے موسمِ‌بہار کی بات تھی جب اُن کی ملاقات ایک میتھوڈسٹ پادری سے ہوئی۔ بھائی ہاسکن نے اُس سے اِس طرح بات‌چیت شروع کی:‏ ”‏ہم بائبل سے بات کرتے وقت غصے میں نہیں آئیں گے۔ اگر ہم کچھ باتوں پر متفق نہیں بھی ہوئے تو بھی ہم ایک دوسرے کو دوستوں کی طرح الوداع کہیں گے۔“‏ لیکن ایسا ہوا نہیں۔ بھائی ہاسکن نے بتایا:‏ ”‏ہم نے بس چند ہی منٹ بات کی تھی کہ [‏اُس پادری]‏ نے اِتنی زور سے دروازہ بند کِیا کہ مجھے لگا کہ دروازے پر لگا شیشہ فرش پر گِر جائے گا۔“‏

اُس پادری نے بڑے غصے میں چلّا کر کہا:‏ ”‏جاؤ، ایسے لوگوں سے بات کرو جو مسیحی نہیں ہیں۔“‏ بھائی ہاسکن نے اُسے کوئی جواب نہیں دیا۔ لیکن جب وہ وہاں سے جا رہے تھے تو اُنہوں نے سوچا:‏ ”‏مَیں ایسے ہی شخص سے تو بات کر رہا تھا!‏“‏

پھر اگلے دن جب وہ پادری اپنے چرچ میں تقریر کر رہا تھا تو اُس نے بھائی ہاسکن کے بارے میں بڑی غلط باتیں کیں۔ بھائی ہاسکن نے بتایا:‏ ”‏اُس نے اپنے چرچ کے رُکنوں کو مجھ سے خبردار رہنے کو کہا اور اُن سے کہا کہ مَیں اِس شہر کا سب سے بڑا جھوٹا ہوں اور مجھے گولی مار دینی چاہیے۔“‏ اِس پر بھائی ہاسکن نے کیا کِیا؟ وہ چپ ہو کر بیٹھ نہیں گئے۔ اُنہوں نے مُنادی کرنا جاری رکھی اور بہت سے لوگوں کو گواہی دی۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏مجھے وہاں مُنادی کرتے ہوئے بہت ہی مزہ آیا۔ کچھ لوگوں نے تو یہ تک کہا:‏ ”‏ہم جانتے ہیں کہ آپ خدا کے بندے ہیں!‏“‏ وہ تو مجھے ضرورت کی چیزیں بھی دیا کرتے تھے۔“‏

ذاتی طور پر اور خاندان کے ساتھ مل کر مطالعہ

بائبل سٹوڈنٹس لوگوں کی مدد کرنا چاہتے تھے کہ وہ بائبل میں لکھی باتوں کو بہتر طور پر سمجھیں۔ اِس لیے وہ اپنے ایک رسالے میں جسے اب ‏”‏جاگو!‏“‏ کہا جاتا ہے، باقاعدگی سے بائبل سے متعلق سوال شائع کرتے تھے۔ اِس رسالے میں بچوں کے لیے بھی ایسے سوال ہوتے تھے جن پر اُن کے ماں باپ اُن کے ساتھ مل کر بات کر سکتے تھے۔ وہ اپنے بچوں سے رسالے میں دیے گئے سوال کرتے اور بائبل سے اِن کے جواب ڈھونڈنے میں اُن کی مدد کرتے۔ اِس میں کچھ اِس طرح کے سوال دیے جاتے تھے:‏ ”‏بائبل میں کتنی کتابیں ہیں؟“‏ یوں بچے بائبل کے بارے میں کچھ بنیادی باتیں سیکھ پائے۔ کچھ سوال ایسے بھی تھے:‏ ”‏کیا ہر مسیحی کو یہ توقع کرنی چاہیے کہ اُسے اذیت دی جائے گی؟“‏ اِس طرح سے بچوں کو دلیری سے گواہی دینے کے لیے تیار کِیا گیا۔‏

رسالے میں ایسے بائبل سٹوڈنٹس کے لیے بھی سوال تھے جو پہلے ہی بائبل کا کافی علم رکھتے تھے۔ اِن سوالوں کے جواب کتاب ‏”‏سٹڈیز اِن دی سکرپچرز“‏ کی پہلی جِلد میں تلاش کیے جا سکتے تھے۔ اِس رسالے کو پڑھنے والے ہزاروں لوگوں نے سوالوں والے اِس حصے کی مدد سے بہت سی اہم باتیں سیکھیں۔ لیکن پھر اِس رسالے کے 21 دسمبر 1921ء والے شمارے میں یہ اِعلان کِیا گیا کہ اب یہ حصہ شائع نہیں کِیا جائے گا۔ اِس اچانک تبدیلی کی وجہ کیا تھی؟‏

ایک نئی کتاب

کتاب ‏”‏دی ہارپ آف گاڈ“‏

کتاب کو پڑھنے کے لیے شیڈول

سوالوں والے کارڈ

جو بھائی مُنادی کے کام میں بائبل سٹوڈنٹس کی پیشوائی کر رہے تھے، وہ یہ سمجھ گئے کہ لوگوں کو بائبل کی بنیادی سچائیوں کو ایک ایک کر کے اور ترتیب سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ اِس لیے نومبر 1921ء میں اُنہوں نے کتاب ‏”‏دی ہارپ آف گاڈ“‏ شائع کی۔ ایک شخص اِس کتاب سے خود بائبل کورس کر سکتا تھا۔ اِس کورس کی مدد سے لوگ یہ سمجھ پائے کہ خدا نے اِنسانوں کو ہمیشہ کی زندگی دینے کے لیے کیا اِرادہ کِیا ہے۔ یہ کورس کیسے کِیا جاتا تھا؟‏

جب ایک شخص کتاب کو قبول کرتا تھا تو ساتھ میں اُسے ایک چھوٹا سا کارڈ دیا جاتا تھا جس میں یہ بتایا گیا ہوتا تھا کہ اُسے کتاب کے کس صفحے سے لے کر کس صفحے تک پڑھنا ہے۔ پھر اِس کے اگلے ہفتے اُسے ڈاک کے ذریعے ایک اَور کارڈ ملتا تھا جس میں اُس معلومات کے حوالے سے سوال لکھے ہوتے تھے جو اُس نے پڑھی ہوتی تھیں۔ اِس کارڈ کے آخر میں بتایا جاتا تھا کہ اب اُسے اگلے ہفتے کتاب کے کون سے صفحے پڑھنے ہیں۔‏

اِس کتاب سے بائبل کورس کرنے والے شخص کو 12 ہفتوں تک ہر ہفتے ڈاک کے ذریعے ایک نیا کارڈ ملتا تھا جو وہاں کی مقامی کلیسیا اُسے بھیجتی تھی۔ عام طور پر یہ کارڈ کلیسیا کے ایسے بہن بھائی بھیجا کرتے تھے جو عمررسیدہ تھے یا جو گھر گھر مُنادی نہیں کر سکتے تھے۔ مثال کے طور پر امریکہ کی ریاست پینسلوانیا سے تعلق رکھنے والی بہن اینا گارڈنر نے بتایا:‏ ”‏جب کتاب ‏”‏دی ہارپ آف گاڈ“‏ شائع ہوئی تو میری معذور بہن تھائل پہلے سے بھی زیادہ مُنادی کرنے لگی۔ وہ ہر ہفتے سوالوں والے کارڈ لوگوں کو بھیجنے لگی۔“‏ جب لوگ کتاب سے کورس ختم کر لیتے تھے تو کلیسیا سے کوئی بہن یا بھائی اُن سے ملنے جاتا تھا تاکہ وہ اُنہیں بائبل سے اَور تعلیم دے سکے۔‏

بہن تھائل گارڈنر اپنی ویل‌چیئر پر

‏”‏ابھی بھی بہت سا کام باقی ہے“‏

اِس سال کے آخر پر بھائی رتھرفورڈ نے تمام کلیسیاؤں کو ایک خط بھیجا جس میں اُنہوں نے کہا:‏ ”‏پچھلے سال کی نسبت اِس سال زیادہ لوگوں تک بادشاہت کا پیغام پہنچا اور زیادہ لوگوں کو پاک کلام کی تعلیم دی گئی۔“‏ پھر اُنہوں نے کہا:‏ ”‏ابھی بھی بہت سا کام باقی ہے!‏ دوسروں کی حوصلہ‌افزائی کریں کہ وہ اِس اہم کام میں حصہ لیں۔“‏ بائبل سٹوڈنٹس نے اِس ہدایت پر پورے دل سے عمل کِیا کیونکہ 1922ء میں اُنہوں نے بڑی دلیری سے پہلے سے بھی زیادہ لوگوں کو خدا کی بادشاہت کے بارے میں بتایا۔‏

دلیر دوستوں کا ساتھ

بائبل سٹوڈنٹس نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا سہارا بن کر ایک دوسرے کے لیے گہری محبت ظاہر کی۔ وہ ایسے بہادر دوست ثابت ہوئے جو ”‏مصیبت میں کام آنے کے لیے پیدا“‏ ہوئے ہوں۔—‏امثا 17:‏17‏، ترجمہ نئی دُنیا۔‏

منگل، 31 مئی 1921ء میں امریکہ کی ریاست اوکلاہوما کے شہر تالسا میں ایک سیاہ‌فام آدمی کو جیل میں ڈال دیا گیا جس نے ایک سفیدفام عورت پر حملہ کِیا تھا۔ اِس واقعے کے بعد 1000 سے بھی زیادہ سفیدفام آدمیوں نے سیاہ‌فام آدمیوں کے ایک چھوٹے گروہ کے ساتھ لڑائی کی۔ جلد ہی یہ لڑائی قریبی علاقے تک پھیل گئی جہاں زیادہ‌تر سیاہ‌فام لوگ رہتے تھے۔ اِس علاقے کا نام گرین‌وُڈ تھا۔ 1400 سے زیادہ گھروں اور کاروباری جگہوں کو لُوٹا گیا اور پھر اِنہیں جلا دیا گیا۔ خبروں میں بتایا گیا کہ 36 لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ لیکن اصل میں تقریباً 300 لوگ مارے گئے تھے۔‏

بھائی رچرڈ ہلِ نے بتایا کہ اُس وقت کیا ہوا۔ وہ ایک سیاہ‌فام بائبل سٹوڈنٹ تھے اور گرین‌وُڈ کے علاقے میں رہتے تھے۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏جس رات دنگے فساد ہوئے، ہم اپنی کلیسیا کے ساتھ عبادت کر رہے تھے۔ عبادت ختم ہونے کے بعد ہم نے شہر میں گولیاں چلنے کی آوازیں سنیں جو رات دیر تک آتی رہیں۔“‏ پھر اگلی صبح 1 جون کو حالات اَور بھی بگڑ گئے۔ بھائی رچرڈ نے کہا:‏ ”‏کچھ لوگ ہمارے پاس آئے اور ہم سے کہا کہ اگر ہم اپنی جان بچانا چاہتے ہیں تو ہمیں فوراً سرکاری عمارت میں پناہ لینے کے لیے چلے جانا چاہیے۔“‏ اِس لیے بھائی رچرڈ اپنی بیوی اور پانچ بچوں کے ساتھ اِس عمارت میں چلے گئے۔ وہاں تقریباً 3000 سیاہ‌فام آدمی اور عورتیں تھیں جن کی حفاظت کرنے کے لیے حکومت نے فوجی بھیجے تھے۔‏

تقریباً اِسی دوران بھائی آرتھر کلوس نے ایک بڑا دلیرانہ فیصلہ کِیا۔ بھائی آرتھر سفیدفام تھے۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏جب مَیں نے سنا کے فسادی گرین‌وُڈ کے علاقے میں لوگوں کے گھروں کو لُوٹ رہے ہیں اور اِنہیں جلا رہے ہیں تو مَیں نے وہاں جانے کا فیصلہ کِیا تاکہ مَیں دیکھ سکوں کہ میرا دوست رچرڈ کیسا ہے۔“‏

بھائی آرتھر کلوس نے کتاب ‏”‏دی ہارپ آف گاڈ“‏ کے ذریعے 14 بچوں کی ایک کلاس کو تعلیم دی۔‏

جب بھائی آرتھر، بھائی رچرڈ کے گھر پہنچے تو اُنہوں نے ایک سفیدفام آدمی کو رائفل پکڑے ہوئے دیکھا جو کہ بھائی رچرڈ کا پڑوسی تھا۔ یہ آدمی بھی بھائی رچرڈ کا دوست تھا۔ اُسے لگا کہ بھائی آرتھر، بھائی رچرڈ کو نقصان پہنچانے آئے ہیں۔ اِس لیے اُس نے بڑے غصے سے چلّا کر کہا:‏ ”‏تُم یہاں کیا لینے آئے ہو؟“‏

بھائی آرتھر نے بتایا:‏ ”‏اگر مَیں اُسے اُس کی تسلی کے مطابق جواب نہ دیتا تو وہ مجھے گولی مار دیتا۔ مَیں نے اُسے یقین دِلایا کہ مَیں بھائی رچرڈ کا دوست ہوں اور اُن کے گھر بہت بار آ چُکا ہوں۔“‏ بھائی آرتھر اور وہ آدمی بھائی رچرڈ کے گھر کو لُٹیروں سے بچانے میں کامیاب ہو گئے۔‏

جلد ہی بھائی آرتھر کو پتہ چلا کہ بھائی رچرڈ اور اُن کے گھر والوں نے سرکاری عمارت میں پناہ لی ہوئی ہے۔ بھائی آرتھر کو پتہ چلا کہ وہاں ٹھہرے سیاہ‌فام لوگوں میں سے کوئی بھی جنرل بیرٹ کے دستخط کے بغیر عمارت کو چھوڑ کر نہیں جا سکتا۔ جنرل بیرٹ وہاں کا نگران تھا۔ بھائی آرتھر نے بتایا:‏ ”‏اُس افسر سے ملنا آسان نہیں تھا۔ لیکن جب مَیں نے اُسے بتایا کہ مَیں ایک گھرانے کو اُس عمارت سے لے جانا چاہتا ہوں تو اُس نے مجھ سے پوچھا:‏ ”‏کیا تُم اُس گھرانے کی اچھی طرح سے حفاظت کرو گے اور اُن کی ضرورتوں کا خیال رکھو گے؟“‏ مَیں نے خوشی خوشی کہا:‏ ”‏جی بالکل!‏“‏“‏

اُس افسر سے اِجازت‌نامہ لے کر بھائی آرتھر فوراً اُس عمارت میں گئے۔ وہاں جا کر اُنہوں نے ایک افسر کو یہ اِجازت‌نامہ دِکھایا جس نے اُن سے کہا:‏ ”‏اِس پر تو جنرل نے خود دستخط کیے ہیں!‏ تمہیں پتہ ہے، تُم وہ پہلے شخص ہو جو آج یہاں سے کسی کو لے کر جا رہا ہے؟“‏ جلد ہی بھائی آرتھر اور اُس افسر نے بھائی رچرڈ اور اُن کے گھر والوں کو ڈھونڈ لیا۔ بھائی رچرڈ اور اُن کے گھر والے بھائی آرتھر کی گاڑی میں بیٹھے اور اُن کے گھر چلے گئے۔‏

‏”‏ہم یہ سوچتے ہیں کہ خدا کے بندوں کے طور پر ہم سب برابر ہیں۔“‏

بھائی آرتھر نے اِس بات کا پورا خیال رکھا کہ بھائی رچرڈ اور اُن کے گھر والے ہر طرح سے محفوظ رہیں۔ جب دوسرے لوگوں نے دیکھا کہ بھائی آرتھر نے کتنی دلیری اور محبت کا مظاہرہ کِیا ہے تو وہ بڑے متاثر ہوئے۔ بھائی آرتھر نے بتایا:‏ ”‏بھائی رچرڈ کا جو پڑوسی اُن کے گھر کا خیال رکھ رہا تھا، وہ یہوواہ کے گواہوں کی پہلے سے بھی زیادہ عزت کرنے لگا۔ بہت سے لوگ بادشاہت کے پیغام میں دلچسپی لینے لگے کیونکہ اُنہوں نے دیکھا کہ ہم فرق قوم، رنگ یا نسل سے ہونے کی وجہ سے ایک دوسرے سے تعصب نہیں کرتے بلکہ ہم یہ سوچتے ہیں کہ خدا کے بندوں کے طور پر ہم سب برابر ہیں۔“‏

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں