پتھر کی سلیب پر لکھی عبارت: ”ہاگوو کے بیٹے ہاگف پر یاوے سبوت کی طرف سے لعنت ہو۔“
کیا آپ کو معلوم ہے؟
ایک قدیم عبارت سے بائبل کے درست ہونے کا ثبوت کیسے ملتا ہے؟
یروشلیم کے ایک میوزیم میں پتھر کی ایک سلیب پر ایک ایسی عبارت لکھی ہے جو تقریباً 700 سے 600 قبلازمسیح پُرانی ہے۔ یہ پتھر ایک غار سے دریافت ہوا۔ اِس غار کو قبر کے طور پر اِستعمال کِیا گیا تھا اور یہ اِسرائیل کے علاقے حبرون سے زیادہ دُور نہیں تھا۔ پتھر پر یہ عبارت لکھی تھی: ”ہاگوو کے بیٹے ہاگف پر یاوے سبوت کی طرف سے لعنت ہو۔“ اِس عبارت سے بائبل کے درست ہونے کا ثبوت کیسے ملتا ہے؟ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خدا کا نام یہوواہ جسے چار قدیم عبرانی حروف میں لکھا جاتا تھا، وہ بہت ہی جانا مانا تھا اور قدیم وقتوں میں لوگ اِسے اپنی روزمرہ زندگی میں اِستعمال کرتے تھے۔ دراصل قبروں کے لیے اِستعمال ہونے والے غاروں میں اَور بھی ایسی عبارتیں دیکھنے کو ملی ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ جو لوگ اِن غاروں میں ملنے کے لیے اِکٹھے ہوتے تھے یا اِن میں چھپنے کے لیے جاتے تھے، وہ اکثر دیواروں پر خدا کا نام یا ایسے نام لکھا کرتے تھے جن میں خدا کا نام شامل ہوتا تھا۔
اِن عبارتوں کے بارے میں جارجیا کی یونیورسٹی میں پڑھانے والی ڈاکٹر ریچل نابولسی نے یہ تبصرہ کِیا: ”اِن عبارتوں میں چار عبرانی حروف میں خدا کا نام بارہا دیکھنے کو ملا ہے۔ اِس سے یہ اہم بات پتہ چلتی ہے کہ یہوواہ کے نام سے کہلانے والا خدا قدیم اِسرائیل اور یہوداہ کے لوگوں کی زندگی میں بہت اہمیت رکھتا تھا۔“ اِن عبارتوں سے بائبل کے درست ہونے کی تصدیق ہوتی ہے کیونکہ اصلی متن میں خدا کا نام چار عبرانی حروف میں ہزاروں بار لکھا گیا ہے۔ اِس کے علاوہ بائبل میں ایسے کئی لوگوں کے نام ہیں جن میں خدا کا نام بھی شامل تھا۔
سلیب پر لکھی اِصطلاح ”یاوے سبوت“ کا مطلب ہے: ”فوجوں کا مالک یہوواہ۔“ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ قدیم زمانے میں صرف نام یہوواہ ہی نہیں بلکہ اِصطلاح ”فوجوں کا مالک یہوواہ“بھی روزمرہ زندگی میں کافی اِستعمال کی جاتی تھی۔ اور یہ بائبل کے درست ہونے کی ایک اَور تصدیق ہے کیونکہ عبرانی صحیفوں میں اِصطلاح ”فوجوں کا مالک یہوواہ“ 283 بار آتی ہے۔a زیادہتر اِس اِصطلاح کا ذکر یسعیاہ، یرمیاہ اور زکریاہ کی تحریروں میں ملتا ہے۔
a بائبل کے ترجمے ”اُردو ریوائزڈ ورشن“ میں اِس اِصطلاح کا ترجمہ ”ربُالافواج“ کِیا گیا ہے۔