آپ بروشر ”کون لوگ یہوواہ خدا کی مرضی پر چلتے ہیں؟“ کو کیسے استعمال کر سکتے ہیں؟
یہ بروشر اِس لئے تیار کِیا گیا ہے تاکہ بائبل کا مطالعہ کرنے والے لوگوں کو یہوواہ خدا کی تنظیم کی طرف لایا جائے۔
۱. بروشر کون لوگ یہوواہ خدا کی مرضی پر چلتے ہیں؟ کو کس لئے تیار کِیا گیا ہے؟
۱ کیا آپ نے نیا بروشر کون لوگ یہوواہ خدا کی مرضی پر چلتے ہیں؟ استعمال کِیا ہے؟ یہ بروشر اِس لئے تیار کِیا گیا ہے تاکہ بائبل کا مطالعہ کرنے والے لوگ (۱) ہمارے پسمنظر سے واقف ہوں، (۲) یہ سیکھیں کہ ہم کیا کام کرتے ہیں اور (۳) یہ دیکھیں کہ ہماری تنظیم کو کیسے منظم کِیا گیا ہے۔ اِس بروشر میں ہر باب ایک صفحے کا ہے۔ لہٰذا مطالعے کے آخر میں ایک باب پر غور کرنے میں شاید پانچ سے دس منٹ تک لگیں گے۔
۲. اِس بروشر میں کون کونسی خصوصیات ہیں؟
۲ اِس بروشر کی کیا خصوصیات ہیں؟ اِس بروشر کے تین حصے ہیں اور ہر حصے میں یہوواہ خدا کی تنظیم کے مختلف پہلوؤں پر بات کی گئی ہے۔ اِس میں ۲۸ ابواب ہیں اور ہر باب کا موضوع سوال کی صورت میں ہے۔ موٹی لکھائی میں جو جملے لکھے ہیں، وہ اُس سوال کا جواب ہیں۔ بروشر میں جو تصویریں ہیں، وہ ۵۰ سے زیادہ ملکوں میں کھینچی گئی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم پوری دُنیا میں خوشخبری پھیلا رہے ہیں۔ بہت سے ابواب میں ایک بکس دیا گیا ہے جس کا عنوان ہے: ”مزید جاننے کے لئے یہ کریں“۔ آپ بائبل کا مطالعہ کرنے والے شخص کو اِس بکس میں دی گئی تجاویز پر عمل کرنے کو کہہ سکتے ہیں۔
۳. ہم اِس بروشر کو کیسے استعمال کر سکتے ہیں؟
۳ آپ اِس بروشر کو کیسے استعمال کر سکتے ہیں؟ بائبل کا مطالعہ کرنے والے شخص کو وہ سوال دِکھائیں جو باب کا موضوع ہے۔ پھر جب آپ اُس کے ساتھ مل کر باب پڑھتے ہیں تو جو جملے موٹی لکھائی میں ہیں، اُن پر اُس کی توجہ دِلائیں۔ اِس کے بعد باب کے آخر میں دئے گئے سوالوں پر غور کریں۔ آپ یا تو ایک ہی بار میں پورا باب پڑھ سکتے ہیں یا پھر اُس کے حصوں کو باریباری پڑھ کر اُن پر بات کر سکتے ہیں۔ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ آپ کو کونسے صحیفے پڑھنے چاہئیں۔ بکس ”مزید جاننے کے لئے یہ کریں“ اور تصویروں پر بات کرنا نہ بھولیں۔ عموماً آپ کو ترتیبوار ہر باب پر بات کرنی چاہئے۔ لیکن آپ موقعے کی مناسبت سے کسی بھی باب پر بات کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر کوئی اجتماع آنے والا ہے تو آپ باب نمبر ۱۱ پر بات کر سکتے ہیں۔
۴. آپ اِس نئے بروشر کو حاصل کرکے کیوں خوش ہیں؟
۴ جب ہم کسی کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کرتے ہیں تو ہم اُس کو اپنے آسمانی باپ کے بارے میں سکھاتے ہیں۔ لیکن ہمیں اُس شخص کو یہوواہ خدا کی تنظیم کے بارے میں بھی سکھانا چاہئے۔ (امثا ۶:۲۰) ہم کتنے خوش ہیں کہ اِس نئے بروشر کے ذریعے ہمارے لئے ایسا کرنا بہت آسان ہو گیا ہے!