ہماری اوّلین ذمہداری
۱. یسوع مسیح نے یہ کیسے ظاہر کِیا کہ اُس کے لئے مُنادی کا کام سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے؟
۱ یسوع مسیح کی زندگی میں مُنادی کا کام سب سے زیادہ اہمیت رکھتا تھا۔ اُس نے اِس کام کو بڑی محنت سے کِیا۔ یسوع مسیح نے فلسطین میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو خوشخبری سنانے کے لئے ہزاروں میل کا سفر کِیا۔ اُس نے اپنی زندگی کو سادہ رکھا تاکہ وہ اپنا زیادہ وقت اور توجہ مُنادی کے کام کو دے سکے۔ (متی ۸:۲۰) جب بِھیڑ یسوع سے شفا پانے کے لئے اُسے روکنا چاہتی تھی تو اُس نے کہا: ”مجھے اَور شہروں میں بھی خدا کی بادشاہی کی خوشخبری سنانا ضرور ہے کیونکہ مَیں اِسی لئے بھیجا گیا ہوں۔“—لو ۴:۴۳۔
۲. یسوع مسیح مُنادی کے کام کو اتنی اہمیت کیوں دیتا تھا؟
۲ یسوع مسیح مُنادی کے کام کو اتنی اہمیت کیوں دیتا تھا؟ ایسا کرنے کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ وہ اپنے باپ کے نام کو پاک ٹھہرانا چاہتا تھا۔ (متی ۶:۹) یسوع مسیح اپنے آسمانی باپ سے محبت رکھتا تھا اِسی وجہ سے وہ خوشی سے اُس کا ہر حکم ماننا اور اُس کی مرضی پوری کرنا چاہتا تھا۔ (یوح ۱۴:۳۱) اِس کے علاوہ، یسوع لوگوں کی بڑی فکر رکھتا تھا اِس لئے وہ اُن کی مدد کرنا چاہتا تھا۔—متی ۹:۳۶، ۳۷۔
۳. ہم یہ کیسے ظاہر کر سکتے ہیں کہ مُنادی ہماری زندگی میں بھی اہمیت رکھتی ہے؟
۳ یسوع مسیح کی مانند بنیں: یسوع مسیح کی طرح مُنادی کے کام کو اپنی زندگی میں پہلا درجہ دینا ہمارے لئے مشکل ہو سکتا ہے۔ کیونکہ ہم ایسے دَور میں رہ رہے ہیں جس میں دُنیاوی کام ہمارا بہت سا وقت اور توجہ لے لیتے ہیں۔ (متی ۲۴:۳۷-۳۹؛ لو ۲۱:۳۴) لہٰذا، ہمیں زیادہ اہم کاموں پر توجہ دینے کے لئے اپنے وقت کو دانشمندی سے استعمال کرنا ہوگا۔ اِس میں مُنادی کے کام کے لئے پہلے سے تیاری کرنا اور باقاعدگی سے حصہ لینا شامل ہے۔ (فل ۱:۱۰) پس، اپنی زندگی کو سادہ بنانے کی کوشش کریں اور دُنیاوی کاموں میں حد سے زیادہ وقت صرف کرنے سے گریز کریں۔—۱-کر ۷:۳۱۔
۴. مُنادی کے کام کو اپنی اوّلین ذمہداری سمجھنا کیوں ضروری ہے؟
۴ جب ایک عقلمند شخص یہ دیکھتا ہے کہ اُسے کم وقت میں بہت سے کام کرنے ہیں تو وہ زیادہ اہم کاموں کو پہلے کرتا ہے۔ مثال کے طور پر، اگر اُسے پتہ چلتا ہے کہ ایک ہولناک طوفان آنے والا ہے تو وہ اپنا تمامتر وقت اور توانائی اپنے خاندان کو بچانے اور اپنے پڑوسیوں کو آگاہ کرنے میں صرف کرتا ہے۔ ایسے وقت میں دوسرے کاموں کی اُس کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں ہو گی۔ اِسی طرح خدا کا روزِعظیم بہت جلد آنے والا ہے۔ (صفن ۱:۱۴-۱۶؛ ۱-کر ۷:۲۹) لہٰذا، خود کو اور دوسروں کو اِس دُنیا کی تباہی سے بچانے کے لئے ہمیں کلیسیا میں اپنی ذمہداریوں اور دوسروں کو تعلیم دینے کے کام پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ (۱-تیم ۴:۱۶) جیہاں، جب ہم مُنادی کے کام کو اپنی اوّلین ذمہداری سمجھتے ہیں تب ہی ہم اِس دُنیا کے خاتمے سے بچ سکتے ہیں!