یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • خدم 3/‏09 ص.‏ 3-‏4
  • گورننگ باڈی کی طرف سے خط

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • گورننگ باڈی کی طرف سے خط
  • ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۲۰۰۹
ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۲۰۰۹
خدم 3/‏09 ص.‏ 3-‏4

گورننگ باڈی کی طرف سے خط

عزیز بہنو اور بھائیو!‏

ہم آپ کے لئے ایسے ہی احساسات رکھتے ہیں جیسا کہ یوحنا رسول اپنے مسیحی بہن‌بھائیوں کے لئے رکھتا تھا۔ وہ اُن سے ”‏سچی محبت“‏ رکھتا تھا اور یہ سُن کر بہت خوش ہوا کہ وہ ”‏سچائی پر عمل کر رہے ہیں۔“‏ (‏۲-‏یوح ۱،‏ ۴‏؛ نیو اُردو بائبل ورشن‏)‏ واقعی بائبل کی سچائی ہم سب کے لئے بڑی برکت کا باعث ہے!‏ سچائی جاننے سے ہم بڑے شہر بابل کے جھوٹے عقیدوں اور رسم‌ورواج کی زنجیروں کو توڑ کر آزاد ہو گئے ہیں۔ سچائی پر عمل کرنے سے ہم نے لوگوں کے ساتھ محبت، مہربانی اور رحم سے پیش آنا سیکھ لیا ہے۔ چونکہ ہم بائبل کی سچائی کے مطابق چلتے ہیں اِس لئے ہم یہوواہ خدا کی نظروں میں پاک ٹھہرائے گئے ہیں اور ہم ہمیشہ کی زندگی کی اُمید رکھ سکتے ہیں۔‏

ہم یہوواہ خدا کے نہایت شکرگزار ہیں جو اپنی پاک روح کے ذریعے ہماری راہنمائی کرتا ہے اور ہمیں قوت بخشتا ہے۔ یقیناً آپ نے ڈسٹرکٹ کنونشن سے فائدہ حاصل کِیا ہوگا جس کا عنوان ”‏خدا کی روح سے ہدایت پائیں“‏ تھا۔ اِس کنونشن پر ہم نے دیکھا کہ خدا اپنی پاک روح کے ذریعے ہماری مدد کیسے کرتا ہے۔ دُنیا کے حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں اس لئے یہ بہت اہم ہے کہ ہم خدا کی پاک روح کی ہدایت پر عمل کریں۔‏

ائیر بُک اور رسالوں میں ہم ایسے بھائیوں کے تجربے پڑھتے ہیں جنہوں نے مخالفین کے ہاتھوں بڑی اذیت سہی۔ یقیناً اِن کے بارے میں پڑھ کر آپ کا دل بھی متاثر ہوا ہو گا۔ حیرانگی کی بات ہے کہ جب اِن بہن‌بھائیوں پر اذیت کا سیلاب ٹوٹ پڑا تو اِن میں سے بہتیرے بپتسمہ‌یافتہ نہیں تھے یا پھر اُنہیں بپتسمہ لئے کم ہی عرصہ گزرا تھا۔ جب ہم اِن بہن‌بھائیوں کی وفاداری اور ثابت‌قدمی کے بارے میں پڑھتے ہیں تو ہمارے دل میں اُن کے لئے محبت اُبھرتی ہے۔ اِس کے علاوہ اُن کی بہترین مثال سے ہمارے دل میں ہر حال میں خدا کی بادشاہت کے وفادار رہنے کا عزم مضبوط ہو جاتا ہے۔—‏۱-‏تھس ۱:‏۶-‏۸‏۔‏

عزیز بہنو اور بھائیو، ہم جانتے ہیں کہ آپ مالی مسائل اور دوسرے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں اور ایسی صورت میں اپنے گھر میں محبت اور امن کو فروغ دینا آسان نہیں ہوتا۔ آپ میں چند ایسے بہن‌بھائی ہیں جن کے لئے بِلاناغہ منادی کے کام میں حصہ لینا اور اجلاسوں پر حاضر ہونا بہت مشکل ثابت ہو رہا ہے۔ اِس وجہ سے ہم نے بڑی سوچ‌بچار اور دُعا کرنے کے بعد اجلاسوں کے پروگرام میں کچھ تبدیلیاں لانے کا فیصلہ کِیا ہے۔ یہ نیا پروگرام یکم جنوری ۲۰۰۹ سے شروع ہوگا۔ ہمیں یقین کہ اِن تبدیلیوں کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے آپ ذاتی طور پر اور اپنے خاندان کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کرنے کے لئے زیادہ وقت نکالیں گے۔‏

ہم یہ دیکھ کر بہت خوش ہوئے ہیں کہ حال ہی میں منعقد ہونے والی اسمبلیوں اور کنونشنوں پر اتنے لوگوں نے بپتسمہ لیا۔ اِن میں بہتیرے نوجوان بھی شامل تھے۔ یہ اُن والدین کی محنت کا پھل ہے جنہوں نے اپنے بچوں کو سچائی کی راہ میں تربیت دی ہے اور اُن کی حوصلہ‌افزائی کی ہے کہ وہ اپنی زندگی یہوواہ خدا کے لئے وقف کر دیں۔ آجکل نوجوانوں کو سکول میں بہت سی آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جب وہ اِس کے باوجود بپتسمہ لینے کی شرائط پر پورا اُترتے ہیں تو یہ اِس بات کا ثبوت ہے کہ اُن کے والدین نے اُن کی تربیت بائبل کے اصولوں کے مطابق کی ہے۔ ہم اِن والدین کو داد دینا چاہتے ہیں۔—‏زبور ۱۲۸:‏۱-‏۶‏۔‏

ہم یہ دیکھ کر بہت خوش ہیں کہ بائبل کا مطالعہ کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ اِس کام میں ہمارے مشنری بہن‌بھائی اور خاص پائنیر پیش‌پیش رہے ہیں۔ دُنیابھر میں تمام بہن‌بھائی بڑے جوش سے خلوص‌دل لوگوں کو یہ دعوت دے رہے ہیں کہ ’‏آئیں اور آبِ‌حیات مُفت لیں۔‘‏ (‏مکا ۲۲:‏۱۷‏)‏ گورننگ باڈی کے اراکین اُن کی اِس محنت کی بڑی قدر کرتے ہیں۔ ہم اُن ۲،۸۹،۶۷۸ نئے بہن‌بھائیوں کو دل سے خوش‌آمدید کہتے ہیں جنہوں نے پچھلے سال بپتسمہ لیا تھا۔‏

ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ یوحنا رسول نے کہا تھا:‏ ”‏دُنیا اور اُس کی خواہش دونوں مٹتی جاتی ہیں لیکن جو خدا کی مرضی پر چلتا ہے وہ ابد تک قائم رہے گا۔“‏ (‏۱-‏یوح ۲:‏۱۷‏)‏ جی‌ہاں، وہ وقت بہت ہی قریب ہے جب اِس دُنیا کو مٹا دیا جائے گا۔ اِس لئے یہ بہت اہم ہے کہ ہم خدا کی مرضی کرنے کو اپنی زندگی میں پہلا درجہ دیں اور ’‏جاگتے رہیں۔‘‏ (‏متی ۲۴:‏۴۲‏)‏ ایسا کرنے سے ہم ہمیشہ فائدے میں رہیں گے اور یہوواہ کی شفقت کا سایہ ہم پر رہے گا۔—‏یسع ۶۳:‏۷‏۔‏

یقین کریں کہ آپ ہماری دُعاؤں میں ہیں اور ہم آپ سے دلی محبت رکھتے ہیں۔ دُعا ہے کہ یہوواہ خدا آپ کو ہمیشہ اپنی برکتوں سے نوازتا رہے۔‏

آپ کے بھائی،‏

یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں