گورننگ باڈی کی طرف سے ایک خط
عزیز بہنو اور بھائیو!
پولس رسول نے اپنے مسیحی بہنبھائیوں کے لئے قدردانی اور محبت کا اظہار کرنے کا موقع ہاتھ سے نکلنے نہ دیا۔ مثال کے طور پر اُس نے روم کے مسیحیوں کو لکھا: ”مَیں تُم سب کے بارے میں یسوؔع مسیح کے وسیلہ سے اپنے خدا کا شکر کرتا ہوں کہ تمہارے ایمان کا تمام دُنیا میں شہرہ ہو رہا ہے۔“ (روم ۱:۸) جیہاں، یہ مسیحی اپنے مضبوط ایمان اور منادی کے کام میں اپنے جوش کے لئے تمام رومی سلطنت میں مشہور تھے۔ (۱-تھس ۱:۸) اِس وجہ سے پولس رسول اپنے بہنبھائیوں کو بہت عزیز رکھتا تھا۔
پولس رسول کی طرح ہم بھی آپ کو یاد کرتے ہوئے یہوواہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ آپ سب ہمیں بہت ہی عزیز ہیں۔ آپ اِس بات کا بھی یقین رکھ سکتے ہیں کہ یہوواہ خدا بھی آپ سے گہری محبت رکھتا ہے۔ آپ میں سے بعض کو سخت مخالفت کا سامنا ہے۔ لیکن اس کے باوجود آپ منادی کے کام میں بڑھچڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ آپ کی دلیری کو دیکھ کر یہوواہ خدا کا دل بِلاشُبہ شاد ہوتا ہوگا!—امثا ۲۷:۱۱۔
پچھلے چند سالوں کے دوران دُنیا کے بہت سے ممالک میں یہوواہ کے گواہ اذیت کا سامنا کرنے کے باوجود اپنے ایمان پر قائم رہے ہیں اور اُن کے کام میں بڑی ترقی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ اُنہوں نے مذہبی آزادی کے سلسلے میں بہت سے مقدمے جیتے ہیں۔ یہ سب کچھ اِس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارا خداوند یسوع مسیح ”فتح کرتا ہوا نکلا تاکہ اَور بھی فتح کرے۔“ (مکا ۶:۲) اس کے علاوہ اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ ایسا کوئی ہتھیار جو مسیح کے پیروکاروں کے خلاف بنایا جائے کام نہ آئے گا۔—یسع ۵۴:۱۷۔
پولس رسول نے شہر فلپی کے مسیحیوں کے نام لکھا: ”مَیں جب کبھی تمہیں یاد کرتا ہوں تو اپنے خدا کا شکر بجا لاتا ہوں۔ . . . اس لئے کہ تُم اوّل روز سے لے کر آج تک خوشخبری کے پھیلانے میں شریک رہے ہو۔“ (فل ۱:۳-۵) گورننگ باڈی کے اراکین کے طور پر ہم بھی آپ کی محنت کی قدر کرتے ہیں۔ سن ۲۰۰۷ کے خدمتی سال کے دوران ۶۶،۹۱،۷۹۰ پبلشروں نے دُنیا کے ۲۳۶ ممالک میں کُل ۱،۴۳،۱۷،۶۱،۵۵۴ گھنٹے خوشخبری پھیلانے میں صرف کئے۔ آپ کی اِس محنت کے عمدہ نتیجے نکلے ہیں۔ ہماری مجموعی کوششوں کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بدل گئی ہیں اور اب وہ یہوواہ خدا کی عبادت کر رہے ہیں۔ واقعی اِس سے یہوواہ خدا کے نام کی بڑائی ہو رہی ہے!
پولس رسول کو اپنے مسیحی بہنبھائیوں سے ہمدردی تھی۔ اُس نے تھسلنیکیوں کے نام اپنے خط میں لکھا: ”ہم [تمہارے] . . . اُمید کے صبر کو بِلاناغہ یاد کرتے ہیں جو ہمارے خداوند یسوؔع مسیح کی بابت ہے۔“ (۱-تھس ۱:۲، ۳) زندگی میں ہم سب کو بہت سی مشکلات سے نپٹنا پڑتا ہے۔ یہ بہت ہی اہم ہے کہ ہم اِن مشکلات کو صبر سے برداشت کریں۔ حال ہی میں آپ کونسی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں؟ کیا آپ اس لئے مایوس ہیں کیونکہ آپ بیماری کی وجہ سے یہوواہ خدا کی خدمت میں اتنا نہیں کر پاتے جتنا کہ آپ پہلے کِیا کرتے تھے؟ کیا موت نے آپ کے عزیز شوہر یا آپ کی پیاری بیوی کو آپ سے چھین لیا ہے؟ (امثا ۳۰:۱۵، ۱۶) کیا آپ خداوند ہی میں شادی کرنے کی مشورت پر عمل کرتے ہوئے ایک ایسے جیونساتھی کی تلاش میں ابھی تک ناکام رہے ہیں جو یہوواہ خدا سے محبت رکھتا ہے؟ (۱-کر ۷:۳۹) کیا آپ مالی مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے اپنے بچوں کی پرورش کر رہے ہیں؟ آپ کی صورتحال چاہے کچھ بھی ہو، آپ یقین کر سکتے ہیں کہ یہوواہ خدا ’آپ کے کام اور اس محبت کو نہیں بھولے گا جو آپ نے اُس کے نام کے واسطے ظاہر کی۔‘ عزیز بہنو اور بھائیو، ”نیک کام کرنے میں ہمت نہ ہاریں۔“—عبر ۶:۱۰؛ گل ۶:۹۔
مشکلات کو صبر سے برداشت کرنے میں کونسی بات ہماری مدد کر سکتی ہے؟ تھسلنیکے کے مسیحیوں کی طرح ہم بھی ’اُس اُمید سے جو ہمارے خداوند یسوع مسیح کی بابت ہے‘ صبر پیدا کر سکتے ہیں۔ پولس رسول نے ”نجات کی اُمید“ کو ایک ایسے خود یا ہیلمٹ سے تشبیہ دی جو ہمارے ذہن کو شک اور افسردگی سے محفوظ رکھتا ہے۔—۱-تھس ۵:۸۔
اِس بات کو بھی یاد رکھیں کہ آپ مشکلات کا سامنا کرنے سے شیطان کو جھوٹا ثابت کرتے ہیں۔ شیطان نے دعویٰ کِیا ہے کہ یہوواہ خدا کے خادم اپنے ہی مطلب کے لئے خدا کی خدمت کرتے ہیں۔ اُس کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ جب اُنہیں آزمائشوں کا سامنا ہوتا ہے یا اُن کی توقعات کے مطابق اِس بُری دُنیا کا خاتمہ جلد نہیں آتا تو وہ خدا کی خدمت کرنا چھوڑ دیں گے۔ آپ کو شیطان کے اِن دعوؤں کو جھوٹا ثابت کرنے کا شرف حاصل ہے۔ ایسا کرنے سے آپ کائنات کے حاکمِاعلیٰ یہوواہ خدا کی حمایت کرتے ہیں۔ اور یہ نہ بھولیں کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ہم نئی دُنیا کے زیادہ قریب ہو جاتے ہیں۔
جس طرح پولس رسول نے اپنے بہنبھائیوں کو اُن کے ایمان، صبر اور جوش کے لئے داد دی اسی طرح ہم بھی آپ کو داد دینا چاہتے ہیں۔ یقین رکھیں کہ آپ سب ہمیں بہت ہی عزیز ہیں۔ آئندہ بھی جوشوخروش سے اپنی خدمت کو جاری رکھیں۔
دُعا ہے کہ اِس سال بھی یہوواہ خدا ہم سب کو اپنی برکتوں سے نوازے۔
آپ کے بھائی،
یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی