اچھی روحانی عادات پیدا کرنے کے بےشمار فوائد
۱ جب آپ نے شروع میں سچائی سیکھی تو آپ نے یقیناً بائبل پڑھائی، مسیحی اجلاسوں پر حاضری، منادی اور دُعا جیسی روحانی عادات کو پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کی ہوگی۔ آپ کی ان کوششوں پر یہوواہ کی برکت کے نتیجے میں آپ نے روحانی طور پر ترقی کی۔ اب شاید آپ کو بپتسمہ لئے ہوئے کچھ سال ہو چکے ہیں۔ کیا آپ اب بھی پہلے کی طرح اچھی روحانی عادات کے مالک ہیں؟
۲ اپنی مصروفیات کا جائزہ لیں: کیا آپ ہر روز خدا کے کلام کا کچھ حصے پڑھتے ہیں؟ ایسا کرنے سے ہمیں بےشمار فوائد حاصل ہوتے ہیں! (یشو ۱:۸؛ زبور ۱:۲، ۳) پُرانے زمانے میں ہر اسرائیلی بادشاہ کو شریعت کی ایک ذاتی کاپی کو ”اپنی ساری عمر“ پڑھنا ہوتا تھا۔ اس کے کیا فوائد تھے؟ یوں بادشاہ ایک فروتن دل حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ یہوواہ کا خوف ماننے سے اُس کے حکموں کی خلافورزی کرنے سے بچ جاتا تھا۔ (است ۱۷:۱۸-۲۰) اسی طرح، آجکل بھی ہر روز بائبل کی پڑھائی کرنا ہمیں اِس شریر اور بدکار دُنیا کے درمیان بےعیب اور بےالزام رہنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے علاوہ، بائبل پڑھائی ہمیں منادی کے کام کے لئے بھی پوری طرح تیار رہنے میں مدد دیتی ہے۔—فل ۲:۱۵؛ ۲-تیم ۳:۱۷۔
۳ یسوع اپنے دستور کے موافق عبادتخانہ میں جایا کرتا تھا جہاں صحائف پر باتچیت کی جاتی تھی۔ (لو ۴:۱۶) بےشک، اس چیز نے یسوع کو آنے والی آزمائشوں کی برداشت کرنے کے قابل بنایا تھا۔ ہم بھی مسیحی اجلاسوں سے ملنے والی ہدایت سے قوت اور ”تسلی“ پا سکتے ہیں۔ (روم ۱:۱۲) بہنبھائیوں کی رفاقت اِن آخری دنوں میں درپیش مشکلات کو برداشت کرنے میں ہماری مدد کرتی ہے۔ (عبر ۱۰:۲۴، ۲۵) کیا آپ اب بھی تمام اجلاسوں پر حاضر ہوتے ہیں؟
۴ خدا کا الہامی کلام ہمیں بتاتا ہے کہ رسول ہر روز ”ہیکل میں اور گھروں میں“ خوشخبری سناتے تھے۔ (اعما ۵:۴۲) ہم شاید ہر روز تو منادی میں نہ جاتے ہوں لیکن کیا ہم ہفتے میں کمازکم ایک دن منادی میں جانے کی عادت بنا سکتے ہیں؟ یوں ہم یقیناً خدا کے کلام کو مہارت سے استعمال کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔ اس کے علاوہ، دوسروں کو بائبل سچائی سکھانے سے ہمیں حوصلہافزا تجربات بھی حاصل ہوں گے۔
۵ دانیایل نبی نے اپنی تمام زندگی ’ہمیشہ خدا کی عبادت‘ کرنے سے بےشمار برکات حاصل کیں۔ اس میں ہر روز معمول کے مطابق یہوواہ سے دُعا کرنا بھی شامل تھا۔ (دان ۶:۱۰، ۱۶، ۲۰) اِسی طرح، جب ہم باقاعدگی سے یہوواہ سے دلی دُعا کرتے ہیں تو وہ ہمیں اپنی پاک رُوح کی برکت بخشتا ہے۔ (لو ۱۱:۹-۱۳) اس کے علاوہ، یہوواہ خود بھی ہمارے نزدیک آ جاتا اور ہمیں اپنی قربت میں آنے کا شرف بخشتا ہے۔ (زبور ۲۵:۱۴؛ یعقو ۴:۸) کیا ہی شاندار برکت! پس دُعا ہے کہ ہم اچھی روحانی عادات پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کریں اور یہوواہ کی بےشمار برکات سے فائدہ اُٹھائیں۔
[مطالعے کے سوالات]
۱. اپنی روحانی عادات کا جائزہ لیتے رہنا کیوں فائدہمند ہے؟
۲. ہم ہر روز بائبل پڑھنے سے کیسے فائدہ اُٹھاتے ہیں؟
۳. اجلاسوں پر باقاعدہ حاضر ہونے سے ہمیں کونسی برکات ملتی ہیں؟
۴. ہفتے میں کمازکم ایک دن منادی کرنا ہمارے لئے کیوں فائدہمند ہے؟
۵. یہوواہ سے باقاعدہ دُعا کرنا کیوں ضروری ہے؟