یہوواہ کے انصاف کی نقل کریں
۱ ’یہوواہ انصاف کو پسند کرتا ہے۔‘ (زبور ۳۷:۲۸) پس اُس نے ناراست دُنیا کے تباہ ہونے کا حکم صادر کرنے کے باوجود پہلے اسکی بابت آگاہ کرنے کا بندوبست کِیا ہے۔ (مرقس ۱۳:۱۰) اس سے لوگوں کو توبہ کرنے اور اپنی جان بچانے کا موقع مل جاتا ہے۔ (۲-پطرس ۳:۹) کیا ہم یہوواہ کے انصاف کی نقل کرنے کی کوشش کرتے ہیں؟ کیا انسانوں کی تکالیف اور مشکلات ہمیں اُن تک بادشاہتی اُمید پہنچانے کی تحریک دیتی ہیں؟ (امثال ۳:۲۷) انصاف سے محبت ہمیں منادی میں سرگرم شرکت کرنے پر مجبور کر دیگی۔
۲ بغیر طرفداری کے منادی کریں: کسی طرح کی طرفداری کے بغیر خدا کے مقصد کی بابت بتانے سے، ہم ”انصاف“ کو عمل میں لاتے ہیں۔ (میکاہ ۶:۸) ہمیں دوسروں کی ظاہری وضعقطع کی بِنا پر اُنکی بابت کوئی رائے قائم کرنے کی اپنی ناکامل رغبت کی مزاحمت کرنی چاہئے۔ (یعقوب ۲:۱-۴، ۹) یہوواہ ”چاہتا ہے کہ سب آدمی نجات پائیں اور سچائی کی پہچان تک پہنچیں۔“ (۱-تیمتھیس ۲:۴) خدا کا سچا کلام لوگوں کی زندگیوں میں غیرمعمولی تبدیلیاں لا سکتا ہے۔ (عبرانیوں ۴:۱۲) اس حقیقت کو سمجھنا ہمیں ایسے لوگوں تک بھی اعتماد کیساتھ رسائی کرنے کی تحریک دے سکتا ہے جنہوں نے ماضی میں سننے سے انکار کر دیا تھا۔
۳ ایک سٹور میں کام کرنے والی بہن اپنے ایک باقاعدہ گاہک کی جسمانی وضعقطع سے قدرے خوفزدہ تھی۔ تاہم، ایک مناسب موقع پر اُس نے اُس شخص کو خدا کے فردوس کے وعدے کی بابت گواہی دینے کی کوشش کی۔ اُس نے فوراً جواب دیا کہ وہ قصےکہانیوں پر یقین نہیں کرتا اور یہ کہ وہ ایک ہپی اور منشیات کا عادی شخص ہے۔ تاہم اُس نے ہمت نہ ہاری۔ ایک دن اُس نے بہن سے پوچھا کہ اُسکے لمبے بالوں کی بابت اُسکا کیا خیال ہے، پس اُس نے بڑی ہوشیاری سے بیان کِیا کہ بائبل اس سلسلے میں کیا کہتی ہے۔ (۱-کرنتھیوں ۱۱:۱۴) دوسرے دن اُسے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ اُسکے بال کٹے ہوئے تھے اور اُس نے داڑھی وغیرہ بھی منڈوائی ہوئی تھی! اُس نے بائبل مطالعہ کرنے کی خواہش کا اظہار کِیا لہٰذا ایک بھائی نے اُسکے ساتھ مطالعہ شروع کر دیا اور یوں ترقی کرتے کرتے وہ مخصوصیت اور بپتسمہ تک پہنچ گیا۔ اس شخص کی مانند، آجکل یہوواہ کی خدمت کرنے والے بہت سے لوگ اُن اشخاص کے بڑے شکرگزار ہیں جو بغیر طرفداری کے اُن تک بادشاہتی پیغام پہنچانے کیلئے مسلسل کوشش کرتے رہے ہیں۔
۴ جلد ہی یہوواہ زمین پر سے ناراستی کو ختم کر دیگا۔ (۲-پطرس ۳:۱۰، ۱۳) جو تھوڑا وقت باقی رہ گیا ہے، ہمیں یہوواہ کے انصاف کی نقل کرتے ہوئے سب لوگوں کو شیطان کی ناراست دُنیا کی تباہی سے بچنے کا موقع فراہم کرنا چاہئے۔—۱-یوحنا ۲:۱۷۔