خدا کے رحم کیلئے شکرگزاری
۱ پولس رسول مسیحی بننے سے پہلے، مسیحیت کے فروغ کا سخت مخالف تھا۔ تاہم، لاعلمی میں ایسا کرنے کی وجہ سے اس پر رحم دکھایا گیا۔ یہوواہ نے پولس کو منادی کرنے کی تفویض دینے سے غیرمستحق فضل ظاہر کِیا۔ پولس نے اس تفویض کو عزیز رکھا۔ (اعما ۲۶:۹-۱۸؛ ۱-تیم ۱:۱۲-۱۴) یہوواہ کے رحم کیلئے شکرگزاری نے پولس کو اپنی خدمتگزاری کو پورا کرنے میں خودایثار بننے کی تحریک دی۔—۲-کر ۱۲:۱۵۔
۲ خدا کے رحم کے اظہار میں، ہمیں بھی خدمت سونپی گئی ہے۔ (۲-کر ۴:۱) ہم پولس کی مانند، دوسروں کی روحانی طور پر ترقی کرنے کیلئے جانفشانی کیساتھ مدد کرنے سے خدائی رحم کیلئے قدردانی ظاہر کر سکتے ہیں۔ بائبل مطالعے کرانا اسکا ایک طریقہ ہے۔
۳ بائبل مطالعے شروع کرانا: بائبل مطالعے شروع کرانے کا ایک طریقہ میگزین روٹ قائم کرنا ہے۔ جب ہم باقاعدگی کیساتھ اپنے میگزین روٹ پر لوگوں سے ملتے ہیں تو ہم ان کے اندیشوں سے بخوبی واقف ہو جاتے ہیں۔ انجامکار، کسی رسالے کا ایک مضمون تقاضا بروشر سے بائبل مطالعہ متعارف کرانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ بعدازاں، صاحبخانہ کے پاس رسالے چھوڑتے وقت تقاضا بروشر سے باتچیت جاری رکھنا ممکن ہو سکتا ہے۔
۴ دُعائیہ کوشش کی ضرورت: دُعا کے ساتھ مستعد کوشش ہماری منادی کی کارگزاری کو فروغ دیگی۔ ایک پائنیر بہن جسکے پاس ایک بائبل مطالعہ تھا اس نے یہوواہ سے زیادہ مطالعوں کی درخواست کی۔ اس نے اپنی دُعاؤں کی مطابقت میں کام بھی کِیا۔ اس نے اپنی خدمتگزاری کا جائزہ لیا اور نوٹ کِیا کہ وہ واپسی ملاقاتیں کرتے وقت بائبل مطالعے پیش نہیں کر رہی تھی۔ اس نے ایسا کرنا شروع کِیا تو اسے جلد ہی دو اَور مطالعے حاصل ہو گئے۔
۵ ہم کتنے متشرف ہیں کہ ہمیں ”خدا کے فضل کی خوشخبری“ کا پرچار کرنے کا موقع دیا گیا ہے! (اعما ۲۰:۲۴) دُعا ہے کہ خدا کے رحم کیلئے شکرگزاری ہمیں یہوواہ کے فضل سے فائدہ اُٹھانے میں مستعدی کیساتھ دوسروں کی مدد کرنے کی تحریک دے۔